ڈچ ملٹری پولیس نے ہوائی اڈے سے مسلح شخص کو گرفتار کر لیا
12 اپریل 2020ہالینڈ کی ملٹری پولیس نے ہفتے کے شام دو افراد کو گرفتار کر لیا۔ ان میں سے ایک شخص اسلحے سے لیس تھا۔ انہیں ایمسٹرڈم کے شِیپول ایئر پورٹ کے ٹرین اسٹیشن سے گرفتار کیا گیا، جو ہالینڈ کا مرکزی ہوائی اڈہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق ان مسلح افراد کے بارے میں اطلاع ایک مسافر نے دی تھی۔ مسافر نے ملکی ایمرجنسی سروسز کو رات پونے دس بجے کے قریب فون کر کے بتایا کہ اس نے ٹرین میں دو مسافروں کو بندوقیں لوڈ کرتے ہوئے دیکھا تھا۔
اطلاع ملنے کے بعد ڈچ ملٹری پولیس کے خصوصی دستوں کو ایئر پورٹ کے ٹرین اسٹیشن کی جانب روانہ کر دیا گیا۔
ڈچ ملٹری پولیس 'ماریشوسے‘ کے ترجمان نے بتایا کہ اسٹیشن پر ٹرین رکی تو ملٹری پولیس کے اہلکار پہلے سے وہاں موجود تھے۔ اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ٹرین میں داخل ہو کر ایک مسلح شخص اور اس کے ہم سفر کو دبوچ لیا۔
ملٹری پولیس کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا، ''ایک شخص سے ہتھیار برآمد ہوئے۔ مسلح شخص اور اس کے ساتھی کو حراست میں لے کر مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔‘‘
ڈچ سکیورٹی حکام نے مزید تفصیلات جاری نہیں کیں۔
ش ح / م م (کیٹ مارٹیر)