’ڈافٹ پنک‘ اور ’لورڈے‘ نے گریمی ایوارڈز کا میلہ لُوٹ لیا
27 جنوری 201456 ویں گریمی ایوارڈز کی تقریب اتوار کی شب امریکی شہر لاس اینجلس میں منعقد ہوئی۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اس موقع پر نئے فنکاروں اور روبوٹس کو سراہا گیا جبکہ شادی کے تناظر میں برابری کے حق کو تسلیم کیا گیا۔
ڈافٹ پنک کو دوہری جیت نصیب ہوئی ہے۔ انہیں ’رینڈم ایکسس میموریز‘ کے لیے البم آف دی ایئر کے اعزاز کے ساتھ ساتھ ’گیٹ لکی‘ کے لیے ریکارڈ آف دی ایئر کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔ ڈافٹ پنک 1990ء کی دہائی کے اوائل میں فرانسیسی ڈی جے جوڑے تھوما بونگیلٹر اور گائی مانوئل ڈی ہومیم کرسٹو نے قائم کیا تھا۔ انہیں الیکٹرانک ڈانس میوزک کے رجحان کے بانی قرار دیا جاتا ہے جو اب امریکی پاپ انڈسٹری پر بھی چھایا ہوا ہے۔
نیوزی لینڈ کی سترہ سالہ گلوکارہ لورڈے اپنے گانے ’رائلز‘ کے لیے سونگ آف دی ایئر کا گریمی ایوارڈ جیت گئی ہیں۔ انہوں نے سونگ رائٹرز کے لیے یہ ایوارڈ جوئل لٹل کے ساتھ مل کر حاصل کیا۔ شاعری کے لیے انہیں کیٹی پیری کے گانے ’رور‘، برونو مارس کے گانے ’لاکڈ آؤٹ آف ہیون‘ اور دیگر پر سبقت حاصل رہی۔
بہترین نئے فنکار کا ایوارڈ ریپر پروڈیوسر میکلمور اینڈ رائن لیویس کو دیا گیا۔ انہوں نے ریپ ایوارڈز بھی سمیٹے ہیں۔ میکلمور نے ایوارڈ وصول کرتے ہوئے کہا: ’’اس سے پہلے کہ ذرائع ابلاغ ہماری طرف توجہ دیتے، اس سے پہلے کہ ہمیں اہمیت دی جاتی، سب سے پہلے ہمارے مداح تھے جنہوں نے ہمیں سراہا۔‘‘
میکلمور اینڈ رائس لیویس کی مانند ہی نئی فنکارہ کیسی مسگریوز کو بھی کیریئر کی ابتدا میں ہی گریمی کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ انہیں ’سیم ٹریلر ڈِفرینٹ پارک‘ کے لیے بہترین کنٹری البم کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
گریمی ایوارڈز یا کسی بھی امریکی ایوارڈ شو کی تقریب کے لیے یہ پہلا موقع تھا کہ اس کے اسٹیج پر 33 جوڑوں کی شادی ہوئی۔ ان میں ہم جنس پرست جوڑے بھی شامل تھے۔ میڈونا کے اپنے گانے ’اوپن یور ہارٹ‘ کے ساتھ تقریب کا اختتام کیا۔ وہ سفید لباس پہنے جلوہ گر ہوئیں۔ اس تقریب میں بیٹلز کے دو حیات ستاروں، پال میکارٹنی اور رِنگو اسٹار نے بھی پرفارم کیا۔
گریمی ایوارڈز کو موسیقی کی صنعت کا سب سے بڑا اعزاز قرار دیا جاتا ہے۔ ریکارڈنگ اکیڈمی موسیقی کی 82 کیٹیگریز کے لیے ایوارڈز کا اعلان کرتی ہے۔ روئٹرز کے مطابق ایوارڈز سے زیادہ اس کی تقریب دلچسپ ہوتی ہے، جس میں کیے جانے والے فن کے مظاہرے شائقین میں بے حد مقبول ہوتے ہیں۔