چیمپئنز لیگ: ہسپانوی کلبوں کو ناممکنات کا سامنا
29 اپریل 2013ہسپانوی فٹ بال لیگ میں بارسلونا اور ریال میڈرڈ ایک دوسرے کی سخت حریف خیال کی جاتی ہیں لیکن ان کو چیمپئنز لیگ کے سیمی فائنل میچوں میں ایک جیسی صورت حال کا سامنا ہے۔ دونوں کے لیے یورپی فٹ بال کلبوں کے اس اہم ترین ٹورنامنٹ کے فائنل تک رسائی اب انتہائی مشکل دکھائی دے رہا ہے۔ اب کوئی معجزہ ہی ان میں کسی ایک یا دونوں کلبوں کو فائنل کھیلنے کا موقع دے سکتا ہے۔ اس مشکل صورت حال کی وجہ ان کلبوں کا سیمی فائنل مرحلے کے پہلے راؤنڈ میں بھاری مارجن سے شکستیں ہیں۔
ہسپانوی کلبوں کو بڑے فرق سے جرمن کلبوں ڈورٹمنڈ اور بائرن میونخ نے ہرایا تھا۔ گزشتہ منگل کو جرمن قومی لیگ کی نئی چیمپئن ٹیم بائرن میونخ نے اپنے ہوم گراؤنڈ میں کھیلتے ہوئے بارسلونا کو صفر کے مقابلے میں چار گول سے ہرایا۔ میچ کے دوران عالمی شہرت کے فٹ بالر لیونل میسی ان فِٹ ہونے کی وجہ سے اپنی ٹیم کی بھرپور مدد کرنے سے قاصر رہے۔ میسی میدان میں ضرور اترے لیکن بائرن کی ٹیم نے اپنی حکمت عملی سے انہیں کسی بھی حیران کن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کا موقع نہیں دیا۔
پچھلی بدھ یعنی چوبیس اپریل کو ڈورٹمنڈ نے ریال میڈرڈ کو اپنے ہوم گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دی۔ ڈورٹمنڈ کے خلاف نامور ہسپانوی فٹ بال کلب ریال میڈرڈ کا واحد گول پرتگالی فارورڈ کرسٹیانو رونالڈو نے کیا تھا۔ ڈورٹمنڈ کے چاروں گول رابرٹ لیوانڈووسکی (Robert Lewandowski) نے کیے تھے۔ اس میچ میں بھی رونالڈو کو ڈورٹمنڈ کے دفاعی کھلاڑیوں نے پوری روک رکھا تھا۔
اتنے بڑے فرق سے شکست کھانے کے بعد اب تک کوئی بھی کلب اگلے مرحلے تک رسائی سے قاصر رہی ہے۔ اس طرح ایسا دکھائی دیتا وہے کہ رواں برس چیمپئنز لیگ کا فائنل میچ دونوں جرمن کلبوں کے درمیان یعنی ڈورٹمنڈ اور بائرن میونخ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ یہ فائنل میچ اگلے مہینے کی پچیس تاریخ کو برطانوی دارالحکومت کے فٹ بال مرکز ویمبلی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
سردست ایسا محسوس کیا جا رہا ہے کہ بارسلونا کے سپر اسٹار لیونل میسی اور ریال میڈرڈ کے نامور فارورڈ کرسٹییانو رونالڈو منگل اور بدھ کے روز کھیلے جانے والے میچوں کے لیے پوری طرح فٹ نہیں ہوں گے۔ میسی دو اپریل سے اپنے دائیں گھٹنے کے پچھلے پٹھوں میں کھچاؤ کا شکار ہیں۔ اس انجری سے بظاہر وہ نجات پا چکے ہیں لیکن ایک خوف کی کیفیت ان میں پائی جاتی ہے کہ تیز بھاگنے کے دوران وہ دوبارہ اس کھچاؤ کا شکار ہو سکتے ہیں۔ بارسلونا کے نائب کوچ Jordi Roura نے بھی کہا ہے کہ میسی پوری طرح فٹ نہیں ہیں اور سو فیصد ریکوری سست انداز میں حاصل کر رہے ہیں۔ مبصرین کے مطابق میسی اگر کوئی معجزانہ کھیل پیش کرنا چاہتے ہیں تو انہیں بدھ کے روز انجری کے خوف سے باہر نکلنا ہو گا۔ کرسٹیانو رونالڈو بھی کسی عضلاتی تکلیف میں مبتلا ہیں اور اس باعث وہ ہسپانوی لیگ میں ہفتے کے روز میچ میں شامل نہیں تھے۔
چیمپئنز لیگ کے فائنل تک رسائی کے لیے بدھ کے روز کھیلا جانے والا میچ بارسلونا کو صفر کے مقابلے میں پانچ گول سے میچ جیتنا ہو گا۔ اگر اس میچ میں بائرن میونخ کی جانب سے بارسلونا کے خلاف ایک گول بھی ہو جاتا ہے تو صورت حال اور پیچیدہ ہونے کے علاوہ معجزانہ جیت ناممکن ہو کر رہ جائے گی۔ بارسلونا کے مقابلے میں ریال میڈرڈ کو ڈورٹمنڈ کے خلاف میچ میں کامیابی کے حوالے سے امیدافزا احساس کا سامنا ہے۔ اگر ریال میڈرڈ جرمن کلب ڈورٹمنڈ کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے ہراتی ہے تو وہ گول اوسط برابر کرتے ہوئے فائنل میچ کے کوالیفائی کر جائے گی۔ گول اوسط برابر رہنے کی صورت میں وہ ٹیم میچ کی فاتح ہوتی ہے جس نے مخالف ٹیم کے ہوم گراؤنڈ میں گول کیا ہو۔ ریال میڈرڈ کے جرمن کھلاڑ ی سیمی خضیرہ کا کہنا ہے کہ اگر ڈورٹمنڈ ایک گول کر دیتی ہے تو میچ ان کے لیے بہت ہی مشکل ہو جائے گا۔
(ah/zb(AP