چیمپئنز لیگ، شالکے اور ڈورٹمنڈ کے میچ برابر ہو گئے
4 اکتوبر 2012پرتگال سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نے گزشتہ روز انتہائی عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے پہلے ہاف میں یکے بعد دیگرے دو گول کر دیے، جس کے بعد آیاکس کی ٹیم کھیل پر کنٹرول حاصل نہ کر سکی۔ اسی دوران رونالڈ کے تیسرے گول نے ثابت کر دیا کہ وہ اس وقت اپنی بہترین فارم میں ہیں۔ رونالڈ کی یہ دوسری مسلسل ہیٹ ٹرک ہے، انہوں نے اتوار کو Deportivo Coruna کے خلاف کھیلے گئے میچ میں بھی تین گول کیے تھے۔
ہسپانوی کلب اب گروپ ڈی میں چھ پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر آ گیا ہے۔ اس گروپ میں شامل جرمن کلب ڈورٹمنڈ گزشتہ روز مانچسٹر سٹی کے خلاف اپنا میچ برابر کر بیٹھا اور یوں قیمتی پوائنٹس سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ اب وہ اس گروپ میں دوسرے نمبر پر ہے۔
اس میچ میں اگرچہ مانچسٹر سٹی کے کھلاڑیوں نے پہلے ہاف کے دوران فٹ بال پر اپنا کنٹرول برقرار رکھا لیکن ڈورٹمنڈ کے کھلاڑیوں کو گول کرنے کے کئی اہم مواقع میسر آئے لیکن وہ ان سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔
اس میچ کا پہلا گول 61 ویں منٹ میں جرمن قومی فٹ بال ٹیم کی نمائندگی کرنے والے مارکو روئیس نے کیا۔ اگرچہ آخری وقت تک ڈورٹمنڈ کی یہ برتری قائم رہی لیکن 90 ویں منٹ پر مانچسٹر سٹی کو ایک پینلٹی مل گئی، جس پر اٹلی کے ماریو بالوٹیلی نے گول کر کے میچ برابر کر دیا۔
اسی طرح جرمن کلب شالکے بھی بدقسمت رہا اور آخری لمحات میں میچ برابر کروا بیٹھا۔ اس میچ میں Montpellier کی ٹیم نے پہلا گول تیرہویں منٹ میں کیا ، جس کے بعد 26 ویں منٹ میں شالکے کی طرف سے Julian Draxler نے گول کر کے میچ برابر کر دیا۔ Klaas-Jan Huntelaar نے 53 ویں منٹ میں پینٹلی پر گول کر کے شالکے کو برتری دلوا دی تاہم اس میچ میں بھی کھیل کے آخری منٹ میں Souleymane Camara نے گول کر کے جرمن کلب کو حیرانی میں ڈال دیا۔ شالکے کی ٹیم گروپ بی میں اب دوسرے نمبر پر آ گئی ہے۔
چیمپئنز لیگ کے گروپ ایف میں شامل جرمن کلب میونخ منگل کو بیلاروس کے BATE سے ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست کے بعد اب تیسرے نمبر پر چلا گیا ہے۔
بدھ کو کھیلے گئے دیگر میچوں میں گروپ سی میں شامل اے سی میلان اور مالاگا نے اپنے اپنے میچوں میں کامیابی حاصل کی جبکہ گروپ اے میں پورٹو اور کیف کے کلبوں کو کامیابی نصیب ہوئی۔
( ab / ia (Reuters