چيمپيئنز ليگ: چيلسی بمقابلہ بارسلونا، 2009ء کی تلخ ياديں پھر تازہ
5 اپریل 2012گزشتہ روز کھيلے جانے والے کواٹر فائنل مقابلوں کے دوسرے ليگ ميں چيلسی نے بينفيکا کو دو کے مقابلے ميں ايک گول سے شکست دے دی۔ چيلسی کی جانب سے ميچ کا پہلا گول فرينک ليمپارڈ نے ايک پينيلٹی کے ذريعے ميچ کے اکيسويں منٹ ميں کيا جبکہ دوسرا گول Raul Meireles نے ميچ کے اختتامی لمحوں ميں کيا۔ پرتگال کے کلب بينفيکا کی جانب سے ٹيم کا واحد گول Javi Garcia نے ميچ کے 85ويں منٹ ميں کيا۔ گزشتہ ہفتے کھيلے جانے والے کوارٹر فائنل کے پہلے ليگ ميں بھی چيلسی نے ايک، صفر سے فتح حاصل کی تھی۔ چيلسی نے اب سيمی فائنل کے ليے کوليفائی کر ليا ہے۔
دوسری جانب ہسپانوی کلب ريئل ميڈرڈ نے بھی APOEL Nicosia کے خلاف پانچ کے مقابلے ميں دو گول سے فتح حاصل کرتے ہوئے سيمی فائنل کے ليے کواليفائی کر ليا ہے۔ ريئل ميڈرڈ نے پہلے ليگ ميں بھی کاميابی حاصل کی تھی۔
اس سے قبل منگل کو چیمپئنز لیگ میں دو کوارٹر فائنلز کھیلے گئے تھے۔ ہسپانوی کلب ایف سی بارسلونا اور اطالوی کلب اے سی میلان کے درمیان کوارٹر فائنل کی دوسری لیگ کیمپ نو بارسلونا میں کھیلی گئی جس میں دفاعی چیمپئن بارسلونا نے میلان کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی۔ گزشتہ ہفتے میلان میں کھیلی گئی پہلی لیگ کا نتیجہ صفر صفر سے برابر رہا تھا۔ دوسرے کوارٹر فائنل میں جرمن کلب بائرن میونخ نے فرانسیسی کلب مارسے کو دو صفر سے شکست دی۔ پہلی لیگ میں بھی میونخ نے مارسے کو دو صفر سے ہرایا تھا لہٰذا یہ کوارٹر فائنل بائرن میونخ کی ٹیم نے مجموعی طور پر چار صفر سے جیتا۔
ٹورنامنٹ کے سيمی فائنل مقابلوں ميں اب برطانوی کلب چيلسی کا سامنا ہسپانوی کلب بارسلونا سے ہوگا۔ اس سلسلے ميں پہلا ميچ رواں ماہ کی اٹھارہ تاريخ کو لندن اور دوسرا ميچ چوبيس تاريخ کو کیمپ نو بارسلونا ميں کھيلا جائے گا۔ واضح رہے کہ تين سال کے بعد ايک مرتبہ پھر سيمی فائنل مقابلوں کے ليے کواليفائی کرنے والا چيلسی فٹبال کلب آج بھی اپنے پہلے چيمپيئنز ليگ ٹائٹل کے تعاقب ميں ہے۔ ليکن رواں ماہ کو جب چيلسی کی ٹيم دفاعی چيمپيئن بارسلونا کے مدمقابل ہوگی تو دونوں ٹيموں کے مابين کھيلے جانے والے سن 2009 کے متنازعہ سيمی فائنل کی ياديں پھر تازہ ہو جائيں گی جس ميں بارسلونا کی ٹيم ريفری کے متعدد متنازعہ فيصلوں کے بعد فاتح رہی تھی۔
ٹورنامنٹ کا دوسرا سيمی فائنل جرمن کلب بائرن ميونخ اور ہسپانوی کلب ريئل ميڈرڈ کے مابين کھيلا جائے گا۔ ريئل ميڈرڈ کے کوچ Jose Mourinho نے اس ميچ کے ليے جرمن ٹيم کو ’خطرناک حريف‘ قرار ديا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ يہ ميچ کواٹر فائنل کے مقابلے ميں کہيں زيادہ مشکل ثابت ہوگا۔ دونوں ٹيموں کے مابين پہلا ميچ سترہ اپريل کو جرمن شہر ميونخ ميں کھيلا جائے گا جبکہ دوسرا ميچ ہسپانوی شہر ميڈرڈ ميں ہوگا۔
رواں سال چيمپيئنز ليگ کا فائنل ميچ جرمنی کے شہر ميونخ ميں انيس مئی کو کھيلا جائے گا۔
aa/aba/AP