چيمپيئنز ليگ سيمی فائنل، چيلسی بمقابلہ بارسلونا
18 اپریل 2012تين سال قبل 2009ء ميں اسی ميدان پر بارسلونا نے ريفری کے متعدد متنازعہ فيصلوں کے بعد چيلسی کا چيمپيئنز ليگ کے فائنل تک پہنچنے کا خواب چکنا چور کر ديا تھا۔ يہی وجہ ہے کہ آج کا ميچ اپنے آغاز سے پہلے ہی دلچسپ قرار ديا جا رہا ہے کيونکہ تجزيہ کاروں کا ماننا ہے کہ چيلسی کی ٹيم آج اسٹيمفورڈ برج ميں اس شکست کا بدلہ لينے کی بھر پور کوشش کرے گی۔
چيلسی کے کوچ Roberto Di Matteo کا کہنا ہے کہ يورپی چيمپيئن بارسلونا کو ہرانے کے ليے چيلسی کو ’بہترين‘ کھيل پيش کرنا ہو گا۔ اکتيس سالہ سابق کھلاڑی رابرٹو ڈی ميٹيو کا کہنا ہے کہ فٹبال کی تاريخ ميں بہترين ٹيموں ميں شمار کی جانے والی بارسلونا کی ٹيم کو شکست سے دوچار کرنے کے ليے چيلسی کو اپنے کھيل کا معيار معمول سے بلند کرنا پڑے گا۔ کوچ نے مزيد کہا، ’يہ حقيقت کہ ہم گزشتہ چھ ہفتوں سے بہت اعلٰی فٹبال کھيلتے آئے ہيں، ہميں يہ اميد ديتی ہے کہ ہم بارسلونا کے خلاف دو ميچوں ميں بہترين کھيل پيش کر سکيں گے‘۔
ادھر چيلسی کے گول کيپر پيٹر چيک نے بھی کہا ہے کہ فٹبال کی تاريخ ميں سب سے زبردست کھلاڑيوں کی فہرست ميں شامل کيے جانے والے بارسلونا کے ليونل ميسی محض ايک انسان ہی ہيں اور وہ غلطی کر سکتے ہيں۔ چيک نے کہا ہے: ’ميسی آخر ايک انسان ہی ہے اور اگر ہم اپنے ايک سو فيصد کھيل کا مظاہرہ کريں تو ميسی کے خلاف دفاع کر سکيں گے‘۔
ادھر گزشتہ روز جرمنی کے فٹ بال کلب بائرن ميونخ نے ہسپانوی کلب ریئل میڈرڈ کو اپنے ہوم گراؤنڈ میں حیران کن شکست سے دوچار کيا۔ بائرن اور ریئل میڈرڈ کے درمیان یہ میچ جرمن شہر میونخ کے وسیع فٹ بال ایرینا میں کھیلا گیا۔ میچ کے آخری منٹوں میں جرمن قومی فٹ بال ٹیم کے فارورڈ کھلاڑی ماریو گومیز نے گول کر کے اپنی ٹيم کو ايک گول کی برتری دلوا دی اور يہ ميچ بائرن ميونخ نے دو کے مقابلے ميں ايک گول جيت ليا۔
چیمپئنز لیگ کے سیمی فائنل میچوں کا دوسرا مرحلہ چوبیس اور پچیس تاریخ کو مکمل ہو گا۔ چيلسی اور بارسلونا کے درميان سيمی فائنل کا دوسرا ليگ کيمپ نو ميں رواں ماہ کی چوبيس تاريخ کو کھيلا جائے گا جبکہ بائرن ميونخ اور ريئل ميڈرڈ کی ٹيميں مد مقابل ہوں گی پچيس تاريخ کو ميڈرڈ ميں۔ چیمپئنز لیگ کا فائنل میچ انیس مئی کو جرمن شہر میونخ میں کھيلا جائے گا۔
as/al/AFP