چيمپئنز ليگ: اے سی میلان ميسی کے سامنے بے بس
13 مارچ 2013منگل کی شب بارسلونا ميں کھيلے گئے دوسرے ليگ ميں ميزبان ٹيم نے مہمان ٹيم کو چار کے مقابلے ميں صفر گول سے شکست دی۔ يوں بارسلونا نے دو ميچوں کے بعد مجموعی طور پر چار کے مقابلے ميں دو گول کی برتری حاصل کرتے ہوئے کوارٹر فائنل مرحلے کے ليے بآسانی کواليفائی کر ليا ہے۔
اس ميچ پر عالمی شہرت يافتہ کھلاڑی ليونل ميسی چھائے رہے۔ انہوں نے ميچ کے پانچويں ہی منٹ ميں گول کر ڈالا۔ بعد ازاں ميسی نے اپنا دوسرا گول ميچ کے چاليسويں منٹ ميں کيا، جو اس سيزن کا ان کا 53 واں گول تھا۔ ڈيوڈ ولا نے 55 ويں منٹ ميں تيسرا اور پھر جوڈی ايلبا نے ميچ کے اختتامی لمحات ميں چوتھا گول کرتے ہوئے ميزبان تماشائيوں کے درميان مسرتيں بکھير ديں۔
دونوں ٹيموں کے درميان پہلی لیگ کا ميچ تين ہفتے قبل اطالوی ٹيم اے سی میلان کی ميزبانی ميں سين سيرو ميں کھيلا گيا تھا، جس ميں ميزبان ٹيم نے بارسلونا کو صفر کے مقابلے ميں دو گول سے ہراتے ہوئے کافی دباؤ کا شکار بنا ديا تھا۔ تاہم گزشتہ روز ہسپانوی ٹيم نے حساب برابر کر ديا اور اسی اثناء ميں لگاتار چھٹی مرتبہ يورپی فٹبال چيمپئن شپ کے ناک آؤٹ مرحلے کے ليے کواليفائی کر ليا۔
دريں اثناء جرمنی ميں گيلسن کرشن کے مقام پر کھيلے گئے ايک اور ميچ ميں ميزبان ٹيم شالکے کو شکست کا منہ ديکھنا پڑا۔ ترکی کی ٹيم گلاٹاسارے نے شالکے کو يہ ميچ دو کے مقابلے ميں تین گول سے ہرايا۔ ترک ٹيم کو دو ميچوں کے بعد مجموعی طور پر چار کے مقابلے ميں تين گولز سے برتری حاصل ہوئی اور يوں کوارٹر فائنل راؤنڈ ميں اس کی جگہ بھی حتمی ہو گئی۔
اس سے قبل ايک اور جرمن ٹيم بوروسيا ڈورٹمنڈ يوکرائن کی ٹيم شاختار ڈونیسک کو ہرا کر اس ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل کے ليے کواليفائی کر چکی ہے۔ ڈورٹمنڈ نے اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھيلے جانے والے دوسرے ميچ ميں شاختار ڈونیسک کو باآسانی تين صفر سے شکست دے دی تھی جبکہ پہلے مقابلے ميں دونوں ٹيموں نے دو دو گول اسکور کيے تھے۔ ڈورٹمنڈ نے پانچ دو کی مجموعی برتری کے ساتھ چیمپئنز لیگ کے کوارٹر فائنل کے ليے کواليفائی کيا۔
چيمپئنز ليگ ميں بدھ کی شب ايک اور جرمن کلب بائرن ميونخ ايکشن ميں نظر آئے گا۔ کوارٹر فائنل مرحلے ميں اپنی جگہ بنانے کے ليے ميونخ کی ٹيم يہ ميچ انگلش کلب آرسنل کے خلاف کھيلے گی۔ پہلے ليگ ميں بائرن ميونخ نے آرسنل کو تين کے مقابلے ميں ايک گول سے ہرايا تھا اور اسی ليے اس بات کے امکانات کافی روشن ہيں کہ آج رات جرمن کلب ہی اگلے مرحلے کے ليے کواليفائی کرے۔
(as/at (AP, Reuters