چنئی، پاکستان نے بھارت کو ہرا دیا
30 دسمبر 2012ناصر جمشید اور یونس خان کی عمدہ پارٹنر شپ کی بدولت پاکستان نے 228 رنز کا ہدف 48.1 اوور میں ہی عبور کر لیا۔ ناصر جمشید نے 101رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ یونس خان اٹھاون رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ دونوں نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 112رنز بنائے۔ ناصر جمشید نے 132 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ایک چھکے اور پانچ چوکوں کی مدد سے سنچری اسکور کی۔
پاکستانی کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر بھارتی کپتان مہیندر سنگھ دھونی کو بلے بازی کی دعوت دی۔ مصباح کا یہ فیصلہ اس وقت ہی بہتر ثابت ہو گیا، جب پاکستانی فاسٹ بولروں نے بھارت کے پہلے پانچ کھلاڑیوں کو صرف انتیس کے مجموعی اسکور پر آؤٹ کر دیا۔
بعد ازاں بھارتی کپتان دھونی نے سریش رائنا کے ساتھ مل کر ٹیم کو کچھ سہارا دیا لیکن رائنا بھی 43 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اس وقت بھارت کا مجموعی اسکور صرف 102 تھا اور تینتس اوور ہو چکے تھے۔ لیکن دھونی ڈٹے رہے اور انہوں نے اپنے دھواں دھار انداز میں بلے بازی جاری رکھی۔
دھونی نے ایشوِن کے ساتھ مل کر ساتویں وکٹ کی شراکت میں 125 رنز بنائے۔ دھونی کی عمدہ سنچری کی بدولت بھارت اپنا مجموعی اسکور 227 تک پہنچانے میں کامیاب ہو گیا۔ دھونی نے تین چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے 113 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ انہیں اس اننگز پر میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔
پاکستان کی طرف سے کامیاب ترین بولر جنید خان رہے، جنہوں نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد حفیظ اور محمد عرفان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان نے جب بظاہر ایک آسان ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اوپنر محمد حفیط اننگز کی پہلی گیند پر ہی بھونیشور کمار کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ بعد ازاں اظہر علی بھی جلد ہی آؤٹ ہو گئے لیکن یونس خان اور ناصر جمشید نے بھارتی بولروں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔
تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ تین جنوری کو کولکتہ میں کھیلا جائے گا۔ اس سے قبل پاکستان اور بھارت کے مابین کھیلی گئی دو ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر ہو گئی تھی۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: عاطف توقیر