روس اور چین کے تعلقات بے مثال ہیں، ولادیمیر پوٹن
2 ستمبر 2025روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے منگل کے روز اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ کو بتایا کہ دونوں ممالک کے تعلقات ’’بے مثال سطح‘‘ پر ہیں۔ پوٹن، جنہوں نے شی کو اپنا ’’عزیز دوست‘‘ بھی کہا، یہ بات بیجنگ میں اعلیٰ سطحی مذاکرات کے دوران کہی۔ ایک دن قبل ہی دونوں رہنما تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس میں شریک ہوئے تھے۔
مغرب کی جانب سے یوکرین جنگ پر بڑے پیمانے پر بائیکاٹ کے باوجود پوٹن کو اس ہفتے چین میں خوش آمدید کہا گیا ہے، جہاں وہ بدھ کو ملک کی تاریخ کی سب سے بڑی فوجی پریڈ میں بھی شریک ہوں گے۔
انہوں نے شی سے ملاقات کے دوران کہا،’’عزیز دوست، میں اور مکمل روسی وفد اپنے چینی دوستوں اور ساتھیوں سے دوبارہ ملاقات کر کے خوش ہیں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’ہمارا قریبی رابطہ روس-چین تعلقات کی اسٹریٹیجک نوعیت کو ظاہر کرتا ہے، جو بے مثال طور پر بلند سطح پر ہیں۔‘‘
امریکی دباؤ کے درمیان روس-چین تعلقات میں گہرائی
زیادہ تر مغربی حکومتوں نے یوکرین جنگ کی وجہ سے روس سے تعلقات توڑ لیے ہیں، تاہم فروری 2022 میں روس کے مکمل حملے کے بعد ماسکو کے بیجنگ کے ساتھ تعلقات مزید گہرے ہوئے ہیں۔
پوٹن کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب امریکہ کی خارجہ پالیسی اور عالمی تجارت میں واشنگٹن کی اپروچ بدل رہی ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیرفس پالیسی اور ملکوں پر پابندی لگانے کی ان کی بڑھتی ہوئی کوششوں نے عالمی نظام کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
دوسری طرف چین نے خود کو روس اور ایشیا کے کئی دیگر ممالک، بشمول بھارت، کے لیے ایک مستحکم اور قابل اعتماد شراکت دار کے طور پر پیش کیا ہے۔
ملاقات کے دوران شی نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات نے’’بین الاقوامی تبدیلیوں کا چیلنج برداشت کیا ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ان کی حکومت پوٹن کے ساتھ مل کر ’’ایک زیادہ منصفانہ اور معقول عالمی حکومتی نظام کی تعمیر‘‘ کے لیے کام کرنے کو تیار ہے۔
فوجی پریڈ میں کون کون شریک ہو گا؟
اس ہفتے شی 24 سے زائد ان ممالک کے رہنماؤں کا خیرمقدم کر رہے ہیں، جن کے مغرب سے تعلقات کشیدہ ہیں۔ یہ پریڈ دوسری عالمی جنگ کے خاتمے اور جاپان کی شکست کے 80 سال مکمل ہونے کی یاد میں منعقد کی جا رہی ہے۔
پوٹن کے علاوہ ایران کے صدر مسعود پزشکیان اور شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن بھی وکٹری ڈے پریڈ میں نمایاں رہنماؤں کی حیثیت سے شریک ہوں گے۔
یہ پہلا موقع ہو گا جب کم، شی اور پوٹن ایک ہی مقام پر موجود ہوں گے۔ یہ تینوں رہنما، امریکہ کے مخالف سمجھے جاتے ہیں۔
کریملن کے مشیر یوری اوشاکوف نے روسی خبر رساں ایجنسی تاس کو بتایا کہ پوٹن اور کم کے درمیان ملاقات ’’زیر غور‘‘ ہے۔
شی، پوٹن اور کم بیجنگ میں ممکنہ طور پر سہ فریقی اجلاس بھی کریں گے، جس میں یہ اپنے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر بات کریں گے۔
واحد مغربی رہنما جنہیں مدعو کیا گیا ہے وہ سلوواکیہ اور سربیا کے ہیں۔ یہ دونوں ایسے ممالک ہیں، جو یوکرین جنگ کے باوجود روس کے ساتھ تعلقات قائم رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
کم جونگ اُن کا غیرمعمولی غیر ملکی دورہ
شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا کے مطابق کم جونگ اُن منگل کے روز ٹرین کے ذریعے چین پہنچے۔ ان کے ہمراہ کئی اعلیٰ حکام بھی تھے، جن میں وزیر خارجہ چوے سون ہوئی شامل ہیں۔
کم کا یہ 2019 کے بعد چین کا پہلا اور 2011 کے بعد سے مجموعی طور پر پانچواں دورہ ہے، جب انہوں نے اپنے والد کی وفات کے بعد اقتدار سنبھالا تھا۔
یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب صدر ٹرمپ اور جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ نے شمالی کوریا کے ساتھ دوبارہ مذاکرات کی امید ظاہر کی ہے۔ تاہم پیونگ یانگ نے اب تک مذاکرات سے انکار کیا ہے اور اپنے جوہری ہتھیاروں کے ذخیرے میں اضافے پر کام جاری رکھا ہے۔
شمالی کوریا کے روس اور چین کے ساتھ تعلقات کیسے ہیں؟
شمالی کوریا نے اپنے فوجی اور گولہ بارود فراہم کر کے، یوکرین جنگ میں روس کی بھرپور مدد کی ہے۔ اس کے بدلے میں ماسکو سے اسے معاشی اور فوجی امداد مل رہی ہے۔
بیجنگ دہائیوں سے پیونگ یانگ کا بنیادی اتحادی رہا ہے۔ اگرچہ کووڈ 19 وبا کے دوران تعلقات کشیدہ ہو گئے تھے، لیکن 2021 میں شی اور کم نے اپنے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا عزم ظاہر کیا۔
ادارت: کشور مصطفیٰ