پولینڈ میں ریٹائرمنٹ کی عمر 67 برس کرنے کا بل منظور
14 مئی 2012پولِستانی پارلیمان میں یہ بل 268 ووٹوں سے منظور کیا گیا تھا جبکہ اس کی مخالفت میں 185 ووٹ پڑے۔ اب اس بل کو پارلیمان کے ایوانِ بالا یعنی سینیٹ سے بھی منظوری حاصل کرنا پڑے گی جہاں پہلے ہی حکومت کو اکثریت حاصل ہے۔
نئے قانون کی منظوری سے قبل پولینڈ میں خواتین کی ریٹائرمنٹ کی عمر ساٹھ برس اور مردوں کی پینسٹھ برس تھی۔ تاہم اب سن 2020 تک مردوں کی ریٹائرمنٹ کی عمر میں آہستہ آہستہ دو سال کا اضافہ کر کے اُسے 67 سال کر دیا جائے گا۔ خواتین کے معاملے میں سن 2040 تک ریٹائرمنٹ کی عمر سات سال کے اضافے کے ساتھ 67 برس کر دی جائے گی۔
پولینڈ نے یہ قدم اُن بہت سے یورپی ملکوں کی تقلید میں اٹھایا ہے جو آبادی کے تناسب میں ہونے والی تبدیلیوں اور اپنی معیشتوں کو مقابلے کی دوڑ میں رکھنے کی جدوجہد میں مصروف ہیں۔
وارسا حکومت کا کہنا ہے کہ یورپی یونین میں عمر رسیدہ افراد کی بڑھتی ہوئی تعداد کے تناظر میں نظام کو مستحکم رکھنے کے لیے یہ قدم ناگزیر تھا۔
پولینڈ کے وزیر اعظم ڈونلڈ ٹسک کی اعتدال پسند جماعت سول پلیٹ فارم پارٹی کے ایک تحقیقی مطالعے کے مطابق ڈنمارک، جرمنی، اسپین اور ہالینڈ میں اس وقت ریٹائرمنٹ کی سرکاری عمر بڑھا کر سڑسٹھ سال کر دی گئی ہے۔
اس دستاویز کی رُو سے اٹلی بھی آئندہ چند سالوں میں مردوں کی ریٹائرمنٹ کی عمر بڑھا کر ستر سال کرنے اور خواتین کی چھیاسٹھ سال کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
پولش وزیر اعظم ٹسک کے مطابق یہ قدم اس لیے بھی ضروری تھا کہ پولینڈ میں ’سن 2040 تک افرادی قوت کی تعداد میں نمایاں کمی ہونے کا خطرہ ہے‘۔
حالیہ تحقیق سے ظاہر ہوتا ہے کہ سن 2042 تک پولینڈ کی نصف سے زائد آبادی پچاس سال سے زائد عمر کی ہو جائے گی اور پولِش باشندوں کی صرف ایک تہائی تعداد روزگار کی منڈی میں فعال ہو گی۔
اِس سابق کمیونسٹ ملک نے سن 2004 میں یورپی یونین اور نیٹو میں شمولیت اختیار کی تھی۔ پولینڈ کی اس وقت آبادی 38.2 ملین نفوس پر مشتمل ہے۔
حزب اختلاف کی سیاسی جماعتوں اور یونینوں نے اس بل پر سخت تنقید کی ہے۔ پولینڈ کی سالیڈیریٹی ٹریڈ یونین نے اس بل کی منظوری کے بعد پارلیمان کے سامنے مظاہرہ کیا اور مطالبہ کیا کہ اِسے ترک کر دیا جائے۔ اس قانون کا اطلاق پولیس اور فوج کے اہلکاروں پر بھی ہو گا جنہیں اب ریٹائرمنٹ سے قبل پندرہ سال کی بجائے پچیس سال کا عرصہ پورا کرنا پڑے گا۔
پولینڈ میں حالیہ کچھ سالوں سے متوقع عمر میں اضافہ ہو چکا ہے۔ پولینڈ کے مرکزی شماریاتی بیورو کے مطابق مردوں کی متوقع عمر بڑھ کر 72 سال اور خواتین کی 80.6 سال ہو چکی ہے۔
(hk/aa (AP