پولینڈ میں اینٹی پائریسی معاہدے کے خلاف احتجاج
26 جنوری 2012پولینڈ کی حکومت نے فیصلہ کیا ہےکہ وہ جلد بین الاقوامی سطح پر موجود آئن لائن کاپی رائٹ معاہدے پر دستخط کرے گی۔ اس معاہدے کو ACTA کہا جاتا ہے۔ پولینڈ کے وزیراعظم ڈونلڈ ٹسک نے اس معاہدے کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ حقوق دانش کے حوالے سے ان کے ملک کو بھی بین الاقوامی معیارات کا خیال رکھنا چاہیے۔ وارسا حکومت آج اپنے فیصلے پرعملدرآمد کرتے ہوئے اس معاہدے پر دستخط کرنے کا منصوبہ بنائے ہوئے ہے۔
لیکن ٹسک کی یہ بات انٹرنیٹ گروپوں کو پسند نہ آئی اور انہوں نے اس حکومتی فیصلے کے خلاف مظاہرے شروع کر دیے ہیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ یہ انٹرنیٹ کی آزادی سلب کرنے کی کوشش ہے۔ نوجوانوں نے احتجاج کرنے کے لیے مشہور فیس بک اور سماجی رابطے کی دیگر ویب سائٹس کا سہارا لیا ہے۔
تاہم پولینڈ کے شہرKielce میں یہ مظاہرے اس وقت پر تشدد رنگ اختیار کر گئے جب مظاہر ین نے گاڑیوں کو نقصان پہنچانا شروع کیا اور وہاں موجود پولیس اہلکاروں پر حملے کیے۔ اس کے علاوہ بھی متعدد شہروں میں مظاہرین نے ریلیاں نکالیں اور ACTA کے خلاف نعرے بازی کی۔ صرف یہی نہیں نوجوان نسل کی جانب سے ورچوئیل مظاہروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ فیس بک اور سماجی رابطے کی دیگر ویب سائٹس پر خصوصی پیجز بنائے گئے ہیں۔ فیس بک پر بنائے گئے ایک ایسے ہی صفحے کو تین لاکھ سے زائد افراد کی حمایت حاصل ہو چکی ہے۔ ساتھ ہی ایک آئن لائن درخواست پر ایک لاکھ تیس ہزار سے زائد افراد دستخط کر چکے ہیں۔ مظاہرین اس بات پر بھی برہم ہیں کہ ٹسک حکومت نے اس سلسلے میں میوزک کمپنیوں اور کمرشل میڈیا سے تو صلاح و مشورے کیے لیکن آئن لائن حقوق کے لیے کام کرنے والی کسی بھی تنظیم سے رجوع نہیں کیا۔
گزشتہ ویک اینڈ پر پولینڈ سے تعلق رکھنے والے ہیکرز کے ایک گروپ نے صدر، وزیراعظم، پولش پارلیمان، وزارت خارجہ اور داخلہ کی ویب سائٹس ہیک کر لی تھیں۔ وزیراعظم کی ویب سائٹ تو بحال ہو گئی ہے۔ تاہم ڈونلڈ ٹسک کے دفتر نے یہ تسیلم کیا ہے کہ وزیراعظم کے فیس بک پیج سے ACTA معاہدے کی مخالفت میں لکھے جانے والے پیغامات کو ہٹا دیا گیا ہے اور کچھ صارفین کو بلاک بھی کر دیا گیا ہے۔ پولینڈ میں سماجی ویب سائٹس پر سرگرم افراد نے اعلان کیا ہے کہ آن لائن پائریسی کے بین الاقوامی معاہدے کےخلاف احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔ سابق کمیونسٹ ریاست پولینڈ 2004ء سے یورپی یونین کا حصہ ہے۔
رپورٹ: عدنان اسحاق
ادارت : ندیم گِل