پاکستانی طالبان کی شام میں جنگجو بھیجنے کی تردید
16 جولائی 2013طالبان ذرائع کے مطابق چند عسکریت پسند، جن میں زیادہ تر عرب اور وسطی ایشیائی شامل ہیں، شامی صدر بشار الاسد کے خلاف لڑنے گئے ہیں اور یہ ان لوگوں کا ذاتی فیصلہ ہے اور تحریک طالبان کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ تحریک طالبان پاکستان کے اعلیٰ عہدیدار کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ان کے شام میں ان کا کسی بھی قسم کا کوئی کیمپ موجود نہیں ہے۔
اس سے پہلے میڈیا میں یہ اطلاعات آئی تھیں کہ پاکستانی طالبان نے شام میں جاری لڑائی پر نظر رکھنے کے لیے وہاں اپنا کیمپ قائم کرلیا ہے اور انہوں نے یہ کیمپ افغانستان میں لڑائی میں حصہ لینے والے ان عرب نژاد جنگجوؤں کی مدد سے قائم کیا ہے جو حال ہی میں شام میں جاری لڑائی میں حصہ لینے کے لیے وہاں گئے ہیں۔
اس سے پہلے طالبان رہنماؤں کے یہ بیانات بھی سامنے آئے جن میں کہا گیا تھا،’’پاکستان سے درجنوں افراد شام میں حکومتی فوج کے خلاف جنگ میں حصہ لینے کے منتظر ہیں لیکن فی الحال وہاں سے ہمیں بتایا جا رہا ہے کہ انہیں افرادی قوت کی ضرورت نہیں‘‘۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق طالبان ذرائع کا کہنا ہے کہ اس تحریک کی سرگرمیوں کا مرکز ہنوز پاکستان ہی ہے۔ طالبان نے میڈیا کی ان خبروں کی تردید کی ہے جس سے پتہ چلا تھا کہ اس تحریک نے شام میں اپنے کیمپس قائم کر رکھے ہیں۔ نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بیان دیتے ہوئے تحریک طالبان پاکستان کے ایک سینیئر کمانڈر نے کہا، ’’ہمارے پاس خطے ہی میں کہیں زیادہ اہم اہداف موجود ہیں۔ افغانستان میں امریکی قیادت میں تعینات نیٹو فورسز موجود ہیں۔ ہماری پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔‘‘
طالبان کے اس سینیئر کمانڈر کا مزید کہنا تھا کہ تحریک طالبان پاکستان پہلے ہی سے پاکستانی فوجی دستوں کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے۔ مزید یہ کہ وہ شامی مجاہدین کی جدو جہد کی حمایت کرتے ہیں تاہم اُن کے پاس پاکستان اور افغانستان میں کرنے کے لیے ابھی بہت کچھ ہے۔