پاکستانيوں کے ليے اٹلی ميں ملازمت کے ويزے
16 اکتوبر 2020يورپی ملک اٹلی نے ملازمت کے ليے عارضی مدت کے ويزوں کے اجراء کا پروگرام دوبارہ شروع کر ديا ہے۔ Decreto Flussi نامی اس پروگرام ميں سن 2020 اور سن 2021 کے ليے پاکستانی شہريوں کو بھی شامل کيا گيا ہے۔
اس پروگرام کے تحت يورپی يونين سے باہر کے ملکوں کے 30,850 افراد کو ملازمت کے ليے ويزے ديے جا سکتے ہيں۔ پاکستان ميں رزاعت، سياحت، فريٹ فارورڈنگ اور تعميراتی کاموں سے وابستہ افراد اس موقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہيں۔
يہ امر اہم ہے کہ پاکستان کو دو سال کے وقفے کے بعد اس پروگرام ميں شامل کيا گيا ہے۔ مقامی ذرائع ابلاغ پر روم ميں تعينات پاکستانی سفير جوہر سليم کے حوالے سے لکھا ہے کہ يورپی يونين ميں برطانيہ کے بعد پاکستانيوں کی سب سے بڑی برادری اٹلی ميں آباد ہے، جنہوں نے پچھلے سال ايک سو بياليس ملين ڈالر کے برابر رقوم وطن واپس بھيجيں۔ انہوں نے کہا کہ اٹلی ميں پاکستانی کميونٹی روم حکومت سے يہ مطالبہ کرتی آئی ہے کہ پاکستانيوں کو 'سيزنل اور نان سيزنل‘ ملازمين کے ليے ويزوں کے پروگرام ميں شامل کيا جائے۔ جوہر سليم کے مطابق پاکستان ميں بالخصوص زراعت سے وابستہ افراد کی اٹلی ميں مانگ بڑھی ہے۔
اٹلی کے قصبے میں پاکستانیوں کا مہمان خانہ
اٹلی: پاکستانیوں اور غیر ملکیوں کی مشکلات بڑھتی ہوئیں
يہ امر اہم ہے کہ اٹلی ميں پاکستانی سفارت خانے نے بغير دستاويزات والے ملازمين کو قانونی حيثيت دلوانے کے ليے بھی کافی کام کيا۔ اطالوی حکومت کے جون ميں سامنے آنے والے ايک پروگرام کے تحت اٹھارہ ہزار پاکستانی ملازمين کو قانونی حيثيت ملی۔
Decreto Flussi نامی پروگرام ميں دلچسپی رکھنے والے پاکستانی بائيس اکتوبر سے درخواستيں جمع کرا سکتے ہيں۔
ع س / ع ا (مقامی ميڈيا و اطالوی ميڈيا)