پاکستان کو شکست، سیریز جنوبی افریقہ کے نام
9 نومبر 2013ناقص فیلڈنگ اور غیر ذمہ دارانہ بیٹنگ پاکستان کو چوتھے ایک روزہ میچ میں بھی لے ڈوبی اور یوں پاکستان کو جنوبی افریقہ کے خلاف مسلسل سات ون ڈے سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان بدھ اور جمعے کو دو ٹی ٹوئنٹی میچز بھی کھیلے جائیں گے۔
ابو ظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے چوتھے ون ڈے میں پروٹیز کے کپتان ڈی ویلیئر نے پاکستان کا ’ٹریک ریکارڈ‘ دیکھتے ہوئے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ آٹھ نومبر کو کھيلے جانے والے اس میچ کے لیے جنوبی افریقہ کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی جبکہ پاکستان نے عمر امین اور وہاب ریاض کو ڈراپ کر کے جنید خان اور نئے کھلاڑی صہیب مقصود کو کھلایا۔
مقصود نے اپنے پہلے ہی میچ میں پچاس رنز اسکور کر کے اپنے انتخاب پر مہر تصدیق ثابت کر دی اور ساتھ ہی وہ اپنے پہلے ہی میچ میں پچاس رنز بنانے والے پاکستان کے ساتویں کھلاڑی بھی بن گئے۔
ہاشم آملہ اور ڈی کوک نے پروٹیز کی اننگز کا آغاز کیا۔ ڈی کوک نے اس میچ میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 112 رنز کی اننگز کھیلی۔ اپنے کھلاڑیوں کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت جنوبی افریقہ کی ٹیم نے پاکستان کوجیت کے لیے 267 رنز کا ہدف دیا۔
اتنا بڑا سکور بنانے میں پروٹیز کو پاکستانی فیلڈرز کی بھی معاونت حاصل رہی، جنہوں نے انتہائی ناقص فیلڈنگ کا مظاہرہ کیا اور کئی آسان کیچ اور رن آؤٹ کے مواقع گنوا دیے۔ پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ اورجنید خان نے دو دو، جبکہ دراز قد فاسٹ بالر محمد عرفان نے ایک وکٹ حاصل کی۔ شاہد آفریدی اور سعید اجمل میچ میں ہونے کے باوجود بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں شعبوں میں غیر حاضر نظر آئے۔
جواب میں پاکستانی بلے بازوں نے محتاط انداز میں بیٹنگ کا آغاز کیا۔ محمد حفیظ اور احمد شہزاد کی ابتدائی شراکت داری میں پاکستان 74 رنز بنانے میں کامیاب رہا۔ آج اپنا پہلا میچ کھیلنے والے نوجوان بلے باز صہیب مقصود نے انتہائی دباؤ میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 55 رنز بنائے اور کپتان مصباح الحق کے ساتھ مل کر پاکستان کے اسکور کو 174 رنز تک پہنچا دیا۔
ایک وقت پر پاکستان کی پوزیشن کافی مستحکم نظر آرہی تھی لیکن دوسرے بیٹنگ پاؤر پلے کے بعد جنوبی افریقہ کے تیز گیند باز ڈیل اسٹین نے پاکستان کی بیٹنگ لائن کو تاش کے پتوں کی طرح بکھیر دیا۔ انہوں نے اپنے ایک ہی اوور میں عمر اکمل، مصباح الحق اور سعید اجمل کو پویلین کی راہ دکھائی۔
پاکستان کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی جنید خان تھے۔ اس میچ میں اٹھائیس رنز کی شکست کے ساتھ ہی ون ڈے سیریز کی جیت کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہو سکا۔ اب پروٹیز کو اس سیریز میں 1-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہو گئی ہے۔ اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت ڈیل اسٹین کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔