پاکستان نے ایک روزہ سیریز جیت لی
3 جنوری 2013بھارتی شہر کولکتہ میں کھیلے جانے والے اس میچ میں بھارتی کپتان مہیندرا سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ تاہم ان کا یہ فیصلہ اس وقت غلط ثابت ہوا جب پاکستانی اوپنرز محمد حفیظ اور ناصر جمشید نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بغیر کسی نقصان کے 141 رنز بنالیے۔
ایڈن گارڈنز گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے اس میچ میں پاکستان کی پہلی وکٹ 141 رنز پر گری جب محمد حفیظ 76 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ناصر جمشید نے بھارت کے خلاف مسلسل دوسری سنچری بنائی۔ وہ 106 رنز بنا کر اسٹمپ آؤٹ ہوئے۔پاکستانی ٹیم نے 48.3 اوورز میں 250 رنز بنائے اور بھارت کو جیت کے لیے 251 رنز کا ہدف دیا۔
جواب میں بھارتی بیٹسمینوں نے بھی اچھے انداز سے اپنی اننگز کا آغاز کیا تاہم 10ویں اوور میں گوتم گھمبیر 11 رنز بنا کر جنید خان کی بال پر آؤٹ ہو گئے۔ اس وقت بھارت کا اسکور 42 رنز تھا۔ بھارت کی طرف سے سب سے زیادہ اسکور کپتان مہیندرا سنگھ دھونی نے بنائے اور وہ 54 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ تمام بھارتی ٹیم 48 اوورز میں 165 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی طرف سے جنید خان اور سعید اجمل نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ عمر گُل نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد حفیظ اور شعیب ملک کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
ناصر جمشید کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ سیریز کا تیسرا اور آخری ون ڈے اتوار چھ جنوری کو نئی دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
رپورٹ: افسر اعوان
ادارت: الطاف اللہ خان