’پاکستان سپر لیگ‘، متعدد غیر ملکی کھلاڑی شرکت پر آمادہ
1 فروری 2013'پاکستان سپر لیگ' (پی ایس ایل) کے ڈائریکٹر سلمان سرور بٹ نے جمعہ کے دن بتایا ہے کہ انہوں نے اس پاکستانی ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ میلے کی رنگا رنگی کو بڑھانے کے لیے کم ازکم پچاس غیر ملکی کھلاڑیوں کی شرکت کو یقینی بنا لیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے پی نے سلمان سرور بٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ ان پچاس سے زائد غیر ملکی کھلاڑیوں نے اپنے اپنے کنٹریکٹس پر دستخط بھی کر دیے ہیں جبکہ کچھ مزید بھی جلد ایسے ہی معاہدوں کو حتمی شکل دے دیں گے۔ تاہم بٹ نے ان کھلاڑیوں کی قومیتوں کے بارے میں تفصیلات نہیں بتائی ہیں۔
بٹ نے مزید کہا کہ یہ ایک واضح اشارہ ہے کہ پی ایس ایل ٹورنامنٹ کرکٹ اور مالیاتی دونوں حوالوں سے دلکش ہے، چاہے وہ دنیا کے کسی بھی ملک میں منعقد کیا جا رہا ہو۔''
یہ امر اہم ہے کہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے کرکٹ بورڈز نے مبینہ طور پر اپنے اپنے کھلاڑیوں کو سکیورٹی وجوہات کی بنا پر پاکستان جا کر کھیلنے کی اجازت نہیں دی ہے۔ اس پر تبصرہ کرتے ہوئے بٹ کا کہنا تھا کہ وہ جانتے ہیں کہ اس سوچ کو تبدیل کرنا کوئی آسان کام نہیں ہو گا۔ بٹ کے بقول پاکستان سپر لیگ ٹورنامنٹ کے انعقاد کے دوران یہ کوشش کی جائے گی کہ ایسی سوچ کو تبدیل کیا جا سکے۔
مارچ 2009ء میں پاکستانی شہر لاہور میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پر حملے کے بعد سے کسی بھی ٹیسٹ ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا ہے۔ پاکستانی کرکٹ بورڈ کی کوشش ہے کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کا آغاز ہو سکے۔ اس ٹورنامنٹ کو اس حوالے سے بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ پاکستان سپر لیگ میں شرکت کے لیے کتنے معروف کھلاڑی اپنے اپنے ممالک سے اجازت حاصل کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں۔ بٹ نے بتایا ہے کہ اس ٹورنامنٹ کے منتظمین متعلقہ ممالک کے کرکٹ بورڈز سے رابطے میں ہیں اور جب ان کھلاڑیوں کو پاکستان جانے کی اجازت مل جائے گی تو ان کی شناخت عام کر دی جائے گی۔ یہ ٹورنامنٹ چھبیس مارچ تا چھ اپریل کے دوران منعقد کیا جائے گا۔
(ab / zb (AFP