پاک، چین دوستی کو مزید مضبوط بنایا جائے گا، شہباز شریف
2 ستمبر 2025چین کے سرکاری خبر رساں ادارے سنہوا کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف نے یہ وعدہ منگل کو اس وقت کیا جب چینی صدر شی جن پنگ نے اس امید کا اظہار کیا کہ اسلام آباد پاکستان میں موجود چینی اہلکاروں، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے موثر اقدامات کرے گا۔
وزیر اعظم شہباز شریف تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے بعد آج بیجنگ پہنچے تھے۔ بیجنگ میں قیام کے دوران شہباز شریف عالمی جنگ کی 80 ویں سالگرہ کی تقریب 'وکٹری ڈے پریڈ‘ میں شرکت کریں گے۔
پاکستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے مطابق میٹنگ کے دوران دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ان کے ممالک کے درمیان تعلقات منفرد اور بے مثال ہیں، جن کا اظہار دو طرفہ تعاون میں مزید بہتری کے ذریعے ہونا چاہیے۔
دونوں رہنماؤں نے اہم علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا اور اس سلسلے میں پاکستان اور چین کے درمیان قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم پاکستان نے چین کے ساتھ قریبی اشتراک کار جاری رکھنے کی خواہش دہراتے ہوئے کہا کہ پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے اپ گریڈ شدہ منصوبے کے اگلے مرحلے کی کامیاب تکمیل کے لیے کام جاری رکھا جائے گا، جس میں پانچ نئے راہداری منصوبے شامل ہیں۔
شی جن پنگ نے کیا کہا؟
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے صدر شی جن پنگ کے تجویز کردہ گلوبل گورننس انیشی ایٹیو کو عالمی امن، ترقی اور استحکام کے لیے بہت اہم قرار دیا اور اس کے لیے مکمل حمایت کا اظہار کیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان ''ون چائنا‘‘ کے اصول پر مضبوطی سے قائم ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی کو مزید مضبوط بنانے اور تمام شعبوں میں تعاون کو آگے بڑھانے کا منتظر ہے۔ سنہوا کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ نے کہا کہ چین اور پاکستان کے مضبوط تعلقات علاقائی امن اور ترقی کے تحفظ کے لیے سازگار ہیں۔ دونوں فریقوں کو نئے دور میں مشترکہ مستقبل کے ساتھ مزید قریبی چین پاکستان کمیونٹی کی تعمیر کو تیز کرنا چاہیے، تاکہ دونوں لوگوں کو مزید فوائد حاصل ہوں اور وسیع تر ہمسائیگی کے لیے ایک ماڈل قائم کیا جا سکے۔
چینی صدر نے مزید کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ پاک چین اقتصادی راہداری اور چین پاکستان آزاد تجارتی معاہدے کے اپ گریڈ ورژن کی تعمیر کے لیے کام کرنے کے لیے تیار ہے۔
شہباز شریف نے صدر شی کو آئندہ سال پاکستان کے سرکاری دورے کی دوبارہ دعوت دی۔ 2026 میں پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ ہے۔
شہباز شریف کی دیگر رہنماؤں سے باہمی ملاقات
ریڈیو پاکستان کی ایک رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور آذربائیجان کے صدر الہام علییف نے باہمی ملاقات کے دوران پاکستان اور آذربائیجان کےدوطرفہ تعلقات میں بڑھتی ہوئی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ شہباز شریف نے صدر علیوف کو جلد دورہ پاکستان کی دعوت دی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر مسعود پیزشکیان سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے پڑوسی ملک کے ساتھ اپنے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کے لیے پاکستان کی گہری وابستگی کا اعادہ کیا اور اس کی مضبوط بنیادوں، ثقافتی عقیدے اور مشترکہ تاریخ میں جڑے تعلقات کو اجاگر کیا۔
ایرانی صدر نے پاکستان کی مسلسل حمایت کو سراہا اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے ایران کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف روس کے صدر ولادیمیر پوٹن سمیت دیگر عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے۔
ادارت: کشور مصطفیٰ