ٹینس: ومبلڈن گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ آج سے شروع
24 جون 2013آسٹریلین اوپن اور فرنچ اوپن کے بعد مقبول کھیل ٹینس کے تیسرے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کا آغاز چوبیس جون سے ہو گا اور اس ٹورنامنٹ کے مختلف ڈسپلنز کے فائنل میچز چھ اور سات جولائی کو کھیلے جائیں گے۔ لیڈیز چیمپیئن شپ کا فائنل میچ چھ جولائی اور جینٹلمین چیمپیئن شپ سات جولائی کو کھیلی جائے گی۔
گزشتہ دنوں اس کے ڈراز کا اعلان کیا گیا تھا۔ اگر کوئی اپ سیٹ نہیں ہوتا تو کوارٹر فائنل مرحلے میں دفاعی چیمپیئن راجر فیڈرر اور رافائل ندال کا آمنا سامنا ہو گا۔ اسی طرح کئی اہم اور ٹاپ ویمن کھلاڑیوں کے میچز سیمی فائنل مرحلے سے پہلے متوقع ہیں۔ روایتی اعتبار سے اس کا پہلا میچ مردوں کے دفاعی چیمپیئن راجر فیڈرر کے پہلے راؤنڈ کے میچ سے ہو گا۔ راجر فیڈرر کا میچ ومبلڈن ٹینس کمپلیکس کے مرکزی کورٹ پر شیڈول کیا گیا ہے۔
ومبلڈن کے پہلے دن تقریباً سبھی ٹاپ سیڈ خواتین اور مرد کھلاڑیوں کے میچ شیڈیول ہیں۔ کوئی اپ سیٹ نہیں ہوتا تو ٹینس کے ماہرین کا خیال ہے کہ خواتین کی سنگلز چیمپیئن شپ جیتنے کے لیے امریکی کھلاڑی سیرینا ولیمز موجودہ فام کے ساتھ بقیہ کھلاڑیوں پر ایج رکھتی ہیں۔ اسی طرح رافائل ندال کے لیے بھی ماہرین نے ایسے ہی خیالات کا اظہار کیا ہے۔ رافائل ندال نے ابھی حال ہی میں فرنچ اوپن جیتا ہے۔
خواتین میں ماریا شاراپووا اور وکٹوریا آذارینکا کی پرفارمنس بھی بہت بہتر محسوس کی جا رہی ہے۔ روس کی ماریا کیریلینکو اور چیک جمہوریہ کی پیٹرا کویٹووا کو بھی اہم خیال کیا جاتا ہے۔ دو سال قبل پیٹر کوٹیووا نے ومبلڈن جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ مردوں میں اینڈی مرے، نوواک جوکووچ اور دفاعی چیمپئن راجر فیڈرر بھی اہم خیال کیے جا رہے ہیں۔
موجودہ دفاعی چیمپیئن راجر فیڈرر اب تک سات مرتبہ ومبلڈن جیتنے کا اعزاز رکھتے ہیں۔ گزشتہ برس فیڈرر نے برطانوی اینڈی مرے کو فائنل میچ میں شکست دی تھی۔ ہسپانوی کھلاڑی رافائل ندال دو مرتبہ ومبلڈن جیت چکے ہیں۔ ومبلڈن اپ سیٹ کا بھی ٹورنامنٹ تصور کیا جاتا ہے۔
خواتین کی موجودہ عالمی نمبر ایک سیرینا ولیمز ہیں جبکہ عالمی نمبر دو بیلا روس کی وکٹوریا آذارینکا ہیں۔ سن 2004 میں ومبلڈن جیتنے والی روسی ماریا شاراپووا عالمی نمبر تین ہیں۔ مردوں میں عالمی نمبر ایک سربیا کے نوواک جوکووچ ہیں جبکہ عالمی نمبر دو برطانیہ کے اینڈی مرے ہیں۔ عالمی نمبر تین اس وقت دفاعی چیمپیئن راجر فیڈرر ہیں۔ اسپین کے ندال پانچویں پوزیشن پر ہیں۔
ترتیب کے اعتبار سے آج سے شروع ہونی والی ومبلڈن چیمپیئن شپ 127 ویں ہے۔ سنگلز چیمپیئن شپ جیتنے والی خاتون اور مرد کھلاڑی کو سولہ سولہ لاکھ پاؤنڈ کی انعامی رقم دی جائے گی۔ سنگلز مقابلوں کے فائنل میچ میں شکست کھانے والے کھلاڑی آٹھ آٹھ لاکھ پاؤنڈ کے حقدار ٹھہریں گے۔ سیمی فائنل ہارنے والوں کو چار چار لاکھ پاؤنڈ ملیں گے۔ پہلے راؤنڈ میں شرکت کرنے اور ہارنے پر تین ہزار پاؤنڈ دیے جائیں گے۔ دوسرے مرحلے کے بعد جیتنے والوں کے لیے انعامی رقم میں اضافہ ہوتا چلا جاتا ہے۔
(ah/ng(AP