ٹوئٹر کے سابق ایگزیکٹیوز نے ایلون مسک پر مقدمہ کر دیا
5 مارچ 2024سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر، جس کا نام اب ایکس ہو گیا ہے، کے چار سابق اعلی ایگزیکٹیوز بشمول سی ای او پراگ اگروال نے ایلون مسک پر 128ملین ڈالر سے زائد واجب الادا رقم وصول کرنے کے لیے مقدمہ دائر کیا ہے۔
سان فرانسسکو کی وفاقی عدالت میں پیر کو دائر کیے گئے ایک مقدمے میں، انہوں نے الزام لگایا کہ مسک نے ایک سال سے بھی زیادہ عرصہ قبل سوشل میڈیا کمپنی ٹوئٹر، جسے اب ایکس کہا جاتا ہے، کو خریدنے کے بعد کمپنی سے انہیں الگ کردینے پر واجب الادا رقم اب تک ادا نہیں کی ہے۔
ایلون مسلک ایکس صارفین پر ماہانہ فیس عائد کر سکتے ہیں
انہوں نے مقدمے میں کہا کہ "مسک اپنے بلوں کی ادائیگی نہیں کرتے، وہ سمجھتے ہیں کہ قواعد و ضوابط ان پر نافذ نہیں ہوتے اور اپنی دولت اور طاقت کا استعمال کرتے ہوئے ہر اس شخص کے خلاف کارروائی کرتے ہیں جو ان سے متفق نہیں ہیں۔"
ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھالنے کے چند گھنٹے کے اندر برطرفی
مقدمہ دائر کرنے والوں میں اگروال کے علاوہ دیگر ایگزیکٹیوز میں سابق چیف لیگل افسر وجے گاڈے، ٹوئٹر کے سابق چیف فنانشل افسر نیڈ سیگل اور سابق جنرل کونسلر شان ایجیٹ شامل ہیں۔
مسک کی طرف سے اکتوبر 2022 میں 44 ارب ڈالر کے متنازعہ معاہدے میں ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھالنے کے چند گھنٹے بعد ہی ان چاروں عہدیداروں کو برطرف کردیا گیا تھا۔
مقدمہ دائر کرنے والوں نے ایلون مسک کی ایک حالیہ مصدقہ سوانح حیات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسک نے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے حدود سے تجاوز کیا کہ ایگزیکٹیوز برطرف کیے جانے سے قبل استعفیٰ دینے کے قابل نہ ہوں۔
ایلون مسک کا ایکس (ٹوئٹر) غلط معلومات کا سب سے بڑا ذریعہ، یورپی یونین
مقدمے میں کہا گیا ہے کہ ایگزیکٹیوز نے "مسک کی طرف سے معاہدے سے دست برداری کی غلط کوشش کے دوران ٹوئٹر کے عوامی شیئر ہولڈرز کے مفادات کی مناسب اور بھرپور طریقے سے نمائندگی کی۔" اس میں مزید کہا گیا ہے، "مسک نے اس کا بدلہ لینے کی قسم کھائی تھی۔"
ایکس کو پہلے ہی دو دیگر مقدمات کا سامنا ہے۔ جن میں مسک کے کنٹرول سنبھالنے کے بعد مختلف عہدوں پر کام کرنے والے کارکنوں نے کم از کم پانچ سو ملین ڈالر کی واجب الادا رقم کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک تیسرا مقدمہ چھ سابق سینیئر مینیجروں نے دائر کر رکھا ہے اور ان کا بھی اسی طرح کا مطالبہ ہے۔
ایکس نے کسی بھی طرح کے غلط طریقے اپنانے سے انکار کیا ہے۔
ج ا/ ص ز (اے ایف پی، روئٹرز، ڈی پی اے)