امریکہ اطاعت اور ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ کر رہا ہے، خامنہ ای
25 اگست 2025ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے اتوار کو ریاستی ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے ایک خطاب میں کہا کہ مسائل ناقابل حل ہیں اور اب یہ محض ایران کے خلاف الزامات جیسے کہ دہشت گردی کی حمایت یا انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق نہیں ہیں بلکہ امریکہ اب اطاعت اور ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ کر رہا ہے۔
خامنہ ای کا کہنا تھا، ''ایرانی عوام اس گھناؤنے مطالبے کی پوری عزم کے ساتھ مخالفت کریں گے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ٹرمپ نے اسرائیل کو ایران پر حملہ کرنے اور سیاسی تبدیلی لانے کے لیے ''اکسایا‘‘ اور اس کی حمایت کی لیکن دونوں کو یہ دیکھ کر حیرت ہوئی کہ ایران نے وقار کے ساتھ اپنا دفاع کیا۔
ایرانی سپریم لیڈر کی روپوشی
ایران کے سپریم لیڈر، جن کا تمام اسٹریٹجک معاملات میں آخری فیصلہ ہوتا ہے، جون میں اسرائیل کے ملک بھر میں جوہری تنصیبات پر حملوں کے بعد سے عوامی سطح پر کم ہی نظر آئے ہیں۔
مبصرین کا خیال ہے کہ وہ کسی ممکنہ اسرائیلی حملے سے بچنے کے لیے ایک بنکر میں روپوش ہیں۔ خامنہ ای کا اصرار ہے کہ ایران نے مختصر جنگ میں کامیابی حاصل کی۔
امریکہ کے ساتھ ایران کے جوہری پروگرام پر مذاکرات کی حیثیت غیر واضح ہے۔ دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور ان کی حکومت سمیت اصلاح پسندوں نے مذاکرات کی بحالی کو مسترد نہیں کیا لیکن پارلیمنٹ میں سخت گیر گروہ 12 روزہ جنگ کے دوران امریکہ کی طرف سے اہم ایرانی جوہری تنصیبات پر نام نہاد بنکر بسٹر بموں کے استعمال کے بعد سے مذاکرات جاری رکھنے کی شدید مخالفت کر رہے ہیں۔
سیاسی مبصرین کا خیال ہے کہ خامنہ ای بنیادی طور پر مذاکرات کے خلاف نہیں ہیں لیکن وہ ٹرمپ کی شرائط کو مسترد کرتے ہیں۔
اگر مذاکرات دوبارہ شروع نہ ہوئے تو ایران کو مزید پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جو اس کی پہلے سے تباہ حال معیشت کو مزید متاثر کر سکتی ہیں۔
مبصرین کا خیال ہے کہ ایک نئے اسرائیلی حملے کا بھی امکان موجود ہے۔ دریں اثنا ملک کو توانائی اور پانی کی قلت کا سامنا ہے۔ یہ بحران بھی بے چینی کا باعث بن سکتا ہے۔
ایران اور یورپی طاقتوں کے مابین مذاکرات
دریں اثنا ایرانی سرکاری میڈیا نے بتایا ہے کہ ایران کے برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے درمیان منگل کے روز ہونے والے جوہری مذاکرات جنیوا میں منعقد ہوں گے۔
ریاستی ٹیلی ویژن نے پیر کو بتایا کہ منگل کو ایران اور 2015ء کے جوہری معاہدے کے تین یورپی فریقین، یورپی یونین کے ساتھ مل کر جنیوا میں نائب وزرائے خارجہ کی سطح پر مذاکرات کا ایک نیا دور منعقد کریں گے۔
ادارت: عاطف توقیر