يوکرائن کا بحران: اہم مذاکرات آئندہ ہفتے
9 اپریل 2014اِس اجلاس ميں يورپی يونين کے خارجہ امور کی سربراہ کيتھرين ايشٹن سميت امريکی وزير خارجہ جان کيری، اُن کے روسی ہم منصب سيرگئی لاوروف اور يوکرائن کے وزير خارجہ اينڈری ڈيشسٹيا شرکت کريں گے۔ يورپی يونين کے ذرائع کے مطابق يہ ملاقات يورپ ميں کسی مقام پر ہوگی اور اِس حوالے سے مزيد تفصيلات ابھی طے کی جا رہی ہيں۔ امريکی وزير خارجہ کيری نے رواں ہفتے کے آغاز پر پير کے روز اپنے روسی ہم منصب لاوروف کے ساتھ ٹيلی فون پر رابطہ کيا تھا اور اِسی گفتگو ميں فريقين کے درميان اِس براہ راست ملاقات کا معاملہ زير غور آيا تھا۔
يورپی يونين، يوکرائن، روس اور امريکا کے درميان آئندہ ہفتے ہونے والی اِس ملاقات کا اعلان ايک ايسے وقت کيا گيا، جب اِس سے کچھ ہی دير قبل جان کيری نے روس پر الزام عائد کيا کہ اُس کے ’ايجنٹس اور خصوصی دستے‘ مشرقی يوکرائن ميں عليحدگی پسندی اور بد امنی کو ہوا دے رہے ہيں۔ کيری کے بقول يہ ممکن ہے کہ ماسکو عسکری کارروائی کی تيارياں کر رہا ہو، عين اُسی طرح جس طرح اُس نے کريميا ميں کيا تھا۔
دريں اثناء يورپی يونين کے ايک سفارت کار نے بتايا ہے کہ بلاک کی جانب سے يوکرائن کے ليے اقتصادی اور سياسی سطح پر مدد فراہم کرنے کے ليے ايک سپورٹ گروپ کے قيام کا ارادہ ظاہر کيا گيا ہے۔ نيوز ايجنسی روئٹرز کے مطابق اِس سپورٹ گروپ کا اعلان بدھ نو اپريل کے روز کيا جانا ہے۔
يورپی سفارت کار نے اپنی شناخت مخفی رکھنے کی شرط پر بتايا کہ يہ گروپ يوکرائن ميں متعلقہ حکام کی شناخت کر کے اُن کے ساتھ مشاورت کے ذريعے کييف حکومت کو درکار سياسی و اقتصادی مدد اور اصلاحات کا جائزہ لے گا۔ يورپی يونين اِس گروپ کے قيام کے ليے بلاک کی رکن رياستوں اور مالياتی اداروں سے تعلق رکھنے والے ماہرين کی مدد حاصل کرے گا۔
اِسی دوران منگل آٹھ اپريل کو يوکرائنی حکام نے ملک کے مشرقی حصے ميں تين مختلف شہروں ميں روس نواز مظاہرين کے زير قبضہ سرکاری عمارات کا کنٹرول واپس حاصل کرنے کی کوششيں جاری رکھيں۔ بتایا گیا ہے کہ ملک کے دوسرے سب سے بڑے شہر خارکيف ميں حکومتی دستوں نے ايک سرکاری دفتر کی عمارت سے روس نواز مظاہرين کو نکالتے ہوئے اُس کا کنٹرول واپس حاصل کر ليا۔
دوسری جانب خارکيف سے ڈھائی سو کلوميٹر جنوب ميں واقع شہر ڈونيٹسک ميں علاقائی انتظاميہ کی ايک عمارت پر قابض افراد نے اپنی گرفت مضبوط تر کرتے ہوئے اپنی ايک متوازی حکومت بنانا شروع کر دی ہے۔ يوکرائن کی سکيورٹی سروس کے مطابق لوہانسک نامی ايک تيسرے شہر ميں مسلح عليحدگی پسندوں نے ايجنسی کے علاقائی ہيڈ کوارٹر پر قبضہ کرتے ہوئے وہاں ساٹھ افراد کو مغوی بنا رکھا ہے۔