'وکی پیڈیا سواستھا‘ذہنی صحت سے متعلق آگاہی مہم
7 جولائی 2020’وکی پیڈیا‘ مختلف نوعیت کے مسائل پر لکھنے اور پڑھنے والوں کے لیے معلومات کا مقبول ترین ذریعہ ہے۔ اس رضاکارانہ پلیٹ فارم پر زندگی کے ہر موضوع کی طرح ذہنی صحت کے مسائل سے متعلق موضوعات بھی جامع انداز میں پیش کیے جاتے ہیں۔ رواں برس جون کے وسط کے بعد سے وکی پیڈیا پر خودکشی کے بارے میں مضامین پڑھنے والوں کی تعداد میں اچانک اضافے کو دیکھتے ہوئے ماہرین کے ایک گروپ اور وکی پیڈیا کمیونٹی نے ذہنی صحت سے متعلق آگاہی مہم کے بھارت کی مقامی زبانوں میں ذہنی صحت اور ڈپریشن کے متعلق مضامین کے معیار کو بہتر سے بہتر بنانے کی ذمہ داری سنبھالی ہے۔
کووڈ انیس کے اس دور میں ذہنی صحت کے مسائل بڑھ رہے ہیں اور ڈپریشن سے دوچار بیشتر افراد کے لیے معلومات کا ذریعہ بن گیا ہے اور خاص طور پر کسی سیلیبرٹی کی خودکشی کے بعد خودکشی کے طریقے تلاش کرنے والوں کے لیے معلومات حاصل کرنے کا راستہ۔
برطانوی میڈیکل جرنل کے ایک حالیہ جائزے میں خودکشی کی میڈیا رپورٹنگ اور اس سبب ہونے والی خودکشیوں کے درمیان انتہائی پریشان کن تعلق سامنے آیا ہے۔ یہ نتیجہ اخذ کیا گیا ہے کہ کسی معروف شخصیت یا سیلیبرٹی کی خودکشی کی خبروں کے بعد کے ایک سے دو مہینوں میں خودکشی کرنے والوں کی تعداد میں آٹھ سے لے کر 18 فیصد اضافہ ہوتا ہے۔ خودکشی کے طریقوں کے بارے میں معلومات اور اُسی طریقے سے خودکشی کے خطرات میں 18 تا 44 فیصد اضافے کے درمیان ربط بھی پایا گیا۔ 14 جون 2020 کو بھارتی اداکار سُشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد بھارت میں وکی پیڈیا پر خودکشی کے متعلق مضامین پڑھنے والوں کی تعداد 200 فیصدبڑھ گئی اور سُشانت سنگھ کی موت کے بعد تین نوجوان پرستاروں نے بظاہر اُسی انداز میں خودکشی بھی کی۔
ذہنی صحت کے اہم موضوعات کے بارے میں بیشتر معلومات جیسا کہ اسباب، علامات، علاج اور مدد وغیرہ انگریزی زبان میں ہے اور مغربی ممالک میں کی جانے والی تحقیق پر مبنی ہے۔ اسی لیے زیادہ تر مضامین اور بلاگز میں بھارتی عوام کی مناسبت سے سماجی عناصر اور ثقافتی پہلو نظر انداز رہ جاتے ہیں۔ خاص طور پر جب ہم بڑے شہروں سے دور جائیں تو وہاں ذہنی صحت کے مسائل کے بارے میں بنیادی فہم کی اب بھی کمی ہے۔ اسی لیے خودکشی کا سوچنے والوں کی مدد کرنے یا پھر ذہنی صحت پر بات چیت کے لیے بھارت کو ایک فعال ایجنڈے کی ضرورت ہے۔
وکی پیڈیا سواستھا وسیع تر وکی پراجیکٹ میڈیسن کے تحت ایک منصوبہ ہے جو وکی پیڈیا کے پلیٹ فارم سے مقامی زبانوں میں صحت کے متعلق اہم ترین معلومات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ دنیا بھر کے ڈاکٹروں اور رضاکارانہ ماہرین کی مدد سے وکی پراجیکٹ میڈیسن نے مختلف زبانوں میں 35 ہزار سے زیادہ طبی مضامین تیار کیے ہیں جنہیں 150 سے زائد ایڈیٹرز کی نگرانی حاصل ہے۔
’وکی پیڈیا سواستھا‘ کے ڈائریکٹر ابھیشیک سوریاونشی کے مطابق گوگل 'کے پی ایم جی‘ کے حالیہ سروے سے پتہ چلا ہے کہ 10 میں سے نو افراد اپنی مقامی زبان میں فراہم کردہ معلومات پر اعتبار کرتے ہیں۔ خودکشی کے بارے میں حالیہ میڈیا رپورٹس نے ذہنی صحت کے چیلنجز پر مباحثوں کو فروغ دیا ہے جبکہ خودکشی کے طریقوں پر مضامین کی آن لائن ٹریفک کئی گنا بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ بھارت کی مقامی زبانوں میں قابلِ اعتبار معلومات تک جامع رسائی سے لوگ خودکشی جیسے انتہائی قدم کے بجائے اپنی ذہنی حالت اور چیلنجز کو بہتر سمجھنے اور صلاح لینے کو ترجیح دیں گے۔
پراجیکٹ سواستھا کا مقصد تمام بھارتیوں کو صحت سے متعلق اہم معلومات تک آسان رسائی اُن کی مقامی زبان میں فراہم کرنا ہے۔ سواستھا سنسکرت زبان کا لفظ ہے، جس کے معنی صحت ہیں۔ ذہنی صحت سے متعلق آگاہی مہم کا مقصد اِس موضوع سے منسلک بدنامی کا مقابلہ کرنے کے لیے قابلِ اعتبار اور مستند ومعتبر معلومات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ذہنی صحت کے بارے میں علم کے فروغ کی ایک کوشش ہے۔ اس مہم کے مضمون نگاروں کی ٹیم سرگرم انداز میں مضامین پر کام کر رہی ہے۔
سواستھا مخفف ہے 'اسپیشل وکی پیڈیا اویئرنس اسکیم فار دی مینٹل ہیلتھ کیئر ایفی لیئٹس‘ کا۔ اس کی فعال کوششوں سے کورونا کی وبا کے دوران گزشتہ چند مہینوں میں اُن بھارتیوں کو صحت کے متعلق معلومات حاصل کرنے میں مدد ملی ہے جو انگریزی زبان نہیں جانتے۔ یہ معلومات اُنہیں بھارت میں بولی جانے والی 10 مختلف زبانوں میں فراہم کی گئی ہے۔ اس طرح لوگ بھارت میں کورونا وبا کے بارے میں وکی پیڈیاکا مضمون اپنی مادری زبان میں پڑھ سکتے ہیں۔ اس صفحے کو روزانہ اوسطً دو لاکھ مرتبہ وزٹ کیا جا رہا ہے۔
وکی پیڈیا کے سواستھا پیج پر ذہنی صحت اور ڈپریشن کے بارے میں ہندی، کنڑ، تامل، اردو اور دیگر بھارتی زبانوں میں مضامین موجود ہیں۔