ون ڈے سیریز بھی جنوبی افریقہ کے نام
25 مارچ 2013پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے سلسلے میں اتوار کوکھیلے گئے آخری ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں پاکستانی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا اور 49.1 اوورز میں 205 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔ جنوبی افریقہ نے چوالیس اوورز میں چار کھلاڑیوں کے نقصان پر 208 رنز بنا کر نہ صرف یہ میچ اپنے نام کیا بلکہ سیریز بھی جیت لی۔
ناقدین کے بقول اس میچ میں جنوبی افریقہ نے کوئی عمدہ کارکردگی نہیں دکھائی بلکہ پاکستانی بلے بازوں کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے اس میچ میں میزبان ٹیم کو کامیابی ملی ہے۔
سیریز میں کامیابی کے بعد جنوبی افریقہ کے کپتان اے بی ڈویلئرز نے کہا، ’’ یہ پوری ٹیم کی طرف سے ایک بڑی کوشش تھی۔ ہمارے بلے بازوں اور بولرز نے ہم آہنگی دکھائی اور ایک ربط میں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
میچ کے بعد پاکستانی کپتان مصباح الحق نے کہا، ’’اس وکٹ پر 250 رنز بنانے چاہیے تھے۔ ایک مرتبہ پھر ہم بلے بازی کے شعبے میں ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کر سکے۔‘‘ مصباح نے اعتراف کیا کہ اس میچ میں جنوبی افریقہ نے اچھی کارکردگی دکھائی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر پاکستان یہ سیریز جیت جاتا تو وہ بہت خوش ہوتے لیکن پھر بھی یہ سیریز اچھی رہی۔
اے بی ڈویلئرز نے اس میچ میں بھی عمدہ کھیل پیش کیا اور 95 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ جنوبی افریقی ٹیم کے کپتان نے کہا، ’’ اس وقت میں اچھی فارم میں ہوں لیکن شاید میں ویسی کارکردگی نہیں دکھا پا رہا جیسا کہ میں چاہتا ہوں۔
پاکستانی بلے بازی پھر ناکام
جنوبی افریقہ کے شہر بینونی میں کھیلے گئے سیریز کے اس آخری میچ میں ڈویلئرز کے ساتھ فرحان بہاردین نے بھی عمدہ بلے بازی کی۔ انہوں نے 35 رنز بنائے اور ڈویلئرز کے ساتھ ان کی شراکت داری کی بدولت جنوبی افریقہ نے یہ میچ آسانی سے جیتا۔ اس سے قبل پاکستانی بولر محمد عرفان نے ’اِن فارم‘ بلے باز ہاشم املہ کو بائیس کے انفرادی اسکور پر جلد ہی آؤٹ کر دیا تھا۔ دوسری طرف سے جنید خان نے کوئنٹن ڈی کوک اور محمد حفیظ نے کولن اِنگرم کو پویلین کی راہ دکھائی۔
جنوبی افریقہ کے تین کھلاڑی جب 83 رنز پر آؤٹ ہوگئے تو پاکستانی ٹیم کے حوصلے بلند ہو گئے لیکن ڈویلئرز اور بہاردین نے چوتھی وکٹ کی شراکت داری میں 87 رنز بنا کر پاکستانی ٹیم کی کامیابی کے تمام راستے بند کر دیے۔
قبل ازیں پاکستان کی طرف سے اوپنرز عمران فرحت اور محمد حفیظ کے جلد آؤٹ ہو جانے کے بعد کامران اکمل، یونس خان، مصباح الحق اور شعیب ملک نے اپنی اپنی اننگز کا آغاز پر اعتماد انداز میں کیا لیکن ان میں سے کوئی بھی بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب نہ ہو سکا۔ کامران اکمل 48 رنز بنا کر پاکستان کی طرف سے ٹاپ اسکورر رہے۔یونس خان، مصباح الحق اور شعیب اختر نے بالترتیب انتیس، چوبیس اور اٹھائیس رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ کے دورے کے دوران پاکستان ٹیسٹ سیریز بھی ہار گیا تھا لیکن ٹوئنٹی ٹوئنٹی سیریز میں محمد حفیظ کی قیادت میں پاکستان نے جیت حاصل کی تھی۔
(ab/ah(Reuters