ومبلڈن: سیرینا ولیمز چیمپئن
8 جولائی 2012لندن شہر میں کھیلے جانے والے رواں برس کے ومبلڈن ٹورنامنٹ میں امریکی ٹینس کھلاڑی سیرینا ولیمز کو پولینڈ کی اگنیئشکا راڈوانسکا (Agnieszka Radwanska) کا سامنا تھا۔ سیرینا ولیمز ٹورنامنٹ کے دوران زوردار سروس کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے تھیں اور انہوں نے فائنل میچ کا پہلا سیٹ بھی آسانی سے جیت لیا۔ پہلے سیٹ میں پولینڈ کی کھلاڑی صرف ایک گیم جیت سکیں اور سیرینا ولیمز اپنے پاور پلے کے ساتھ پہلا سیٹ جیتنے میں کامیاب رہیں۔ پہلے سیٹ کا اسکور 6-1 رہا۔ ومبلڈن کی ویمن چیمپئن شپ جیتنے تک سیرینا ولیمز نے 102 مرتبہ پہلی سروس پر پوائنٹس حاصل کیے۔ اسے ٹینس کی اصطلاح میں ایس (Ace) کہا جاتا ہے۔ فائنل میں میں بھی سرینا نے سترہ ایسز پھینکے جبکہ اس کے مقابلے میں پولش کھلاڑی دو مرتبہ ایسز پھینک سکی تھیں۔
دوسرے سیٹ کے دوران کھیل کو بارش نے بھی متاثر کیا۔ اس سیٹ میں امریکی کھلاڑی کو حریف اگنیئشکا راڈوانسکا کی جانب سے سخت مزاحمت کا سامنا رہا اور زوردار مقابلے کے بعد سیرینا ولیمز دوسرا سیٹ ہار گئیں۔ راڈوانسکا نے یہ سیٹ 7-5 سے جیتا۔ ایسے امکانات ظاہر ہوئے کہ تیسرا سیٹ بھی زوردار ہو گا لیکن راڈوانسکا اپنے دوسرے سیٹ جیسی مزاحمت کا مظاہرہ نہ کر سکیں۔ فائنل سیٹ کو امریکی کھلاڑی نے 6-2 سے جیت کر ومبلڈن ٹرافی کو بھی جیت لیا۔
موجودہ ٹینس کھیل کی تاریخ میں سیرینا ولیمز نے تیس برس کی عمر میں پہلی مرتبہ ومبلڈن کا ٹائٹل جیتا ہے۔ ان سے قبل سن 1990 میں ایک اور امریکی ٹینس اسٹار مارٹینا نیوراٹیلووا (Martina Navratilova) نے تیس برس سے زائد عمر میں ومبلڈن چیمپئن شپ جیتی تھی۔ سیرینا ولیمز اس سے قبل چار مرتبہ ومبلڈن چیمپئن شپ جیت چکی ہیں۔ انہوں نے سن 2010 میں آخری مرتبہ ومبلڈن میں کامیابی حاصل کی تھی۔ یہ ان کی چودھویں گرینڈسلیم چیمپئن شپ ہے۔ ان کی بہن وینس ولیمز اسی ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ میں باہر ہو گئی تھیں۔
ومبلڈن ٹینس چیمپئن شپ میں خواتین کا فائنل مکمل ہونے پر عالمی درجہ بندی میں بھی تبدیلیاں رونما ہو گئی ہیں۔ رواں برس کے اوائل میں ڈنمارک کی کیرولین ووزنیاکی کو عالمی نمبر ایک کے مقام سے نیچے کرنے کے بعد بیلا روس کی وکٹوریا آذارینکا گزشتہ ماہ کے دوران ختم ہونے والے فرنچ اوپن کے اختتام تک عالمی نمبر ایک تھیں۔ فرنچ اوپن جیت کر روسی ٹینس کھلاڑی ماریا شاراپووا عالمی درجہ بندی میں پہلے مقام پر فائز ہو گئی تھیں۔ اب وکٹوریا آذارینکا ایک مرتبہ پھر عالمی نمبر بن رہی ہیں۔
ٹینس میں اب تک سب سے زیادہ گرینڈسلیم ٹورنامنٹ جیتنے کا اعزاز آسٹریلیا کی مارگریٹ کورٹ کو حاصل ہے۔ انہوں نے اپنے کیریر میں کُل 24 گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیتے۔ دوسرے مقام پر جرمن کھلاڑی اسٹیفی گراف ہیں۔ وہ 22 مرتبہ ایسے ٹورنامنٹس کو جیتنے میں کامیاب رہیں۔ تیسری پوزیشن پر چیک جمہوریہ سے تعلق رکھنے والی امریکی کھلاڑی مارٹینا نیوراٹیلووا ہیں اور وہ 18 گرینڈ سلیم چیمپئن شپ جیتنے کا اعزاز رکھتی ہیں۔ اس فہرست میں سیرینا ولیمز کا چوتھا مقام ہے۔
ah/ng (Reuters, AP)